امریکی صدر نے اسٹیووٹکوف کے دورۂ روس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوتن سے ملاقات کا اچھا موقع ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: August 08, 2025, 12:08 PM IST | Agency | Washington
امریکی صدر نے اسٹیووٹکوف کے دورۂ روس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوتن سے ملاقات کا اچھا موقع ہے۔‘‘
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پوتن سے جلد ہی ملاقات کا ایک ’اچھا موقع ‘ ہے۔ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور روسی لیڈر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اچھی بات چیت تھی۔ امریکی صدر نے زور دے کر کہا کہ ہم نے روس کے حوالے سے اچھی پیش رفت کی ہے۔ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس بات کا اچھا امکان ہے کہ بہت ہی جلد ملاقات ہو گی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی دونوں صدور کے درمیان ممکنہ ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے اب بھی کافی کام باقی ہے۔روبیو نے فوکس نیوز کو بتایا’’آج کا دن اچھا تھا، لیکن ہمارے پاس بہت زیادہ کام بھی ہے۔ ابھی بھی بہت سی رکاوٹوں پر قابو پانا باقی ہے، اور ہمیں امید ہے کہ اگلے چند دنوں اور گھنٹوں، شاید ہفتوں میں ہم اسے کر پائیں گے۔‘‘
اس سے قبل بدھ کے روز ہی وہائٹ ہاؤس کے حوالے سے یہ خبریں آئی تھیں کہ صدر ٹرمپ روس کے صدر پوتن اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔وہائٹ ہاؤس کے بعض ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں جو خبریں سرخیوں میں ہیں اس کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اگلے ہفتے کے اوائل میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سے ذاتی طور پر ملاقات کر سکتے ہیں۔
اس طرح کی رپورٹس ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور روسی رہنما کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد سامنے آئیں جنہیں ٹرمپ نے ’انتہائی نتیجہ خیز‘ قرار دیا۔امریکی میڈيا ادارے نیویارک ٹائمز، سی این این، اے پی اور رائٹرز جیسی نیوز ایجنسیوں نے بدھ کی شام کو یہ خبریں شائع کی تھیں کہ ٹرمپ نے یورپی لیڈروں کو بتایا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے اوائل میں پوتن سے جلد ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔خبر رساں ایجنسیوں نے منصوبے سے واقف لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ صدر ٹرمپ پہلے روسی لیڈر کے ساتھ ملاقات کریں گے اور پھر بعد میں وہ پوتن اور زیلنسکی سے ایک ساتھ ملاقات کریں گے ۔ وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ روس نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی اور وہ صدر پوتن اور صدر زیلنسکی دونوں سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یہ وحشیانہ جنگ ختم ہو۔البتہ وہائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ممکنہ ملاقات کی تاریخ یا مقام کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔گزشتہ ہفتے ہی ٹرمپ نے یوکرین جنگ روکنے یا پھر امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے کے لیے روس کو دس سے بارہ دن کی مہلت مقرر کی تھی۔