وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے جمعرات کو واشم و اطراف کا دورہ کیا، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے اکولہ میں کسانوں سے ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 5:04 PM IST | Agency/Ali Imran | Washim
وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے جمعرات کو واشم و اطراف کا دورہ کیا، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے اکولہ میں کسانوں سے ملاقات کی۔
ریاست میں خشک سالی کے مسئلے پر برسراقتدار اور اپوزیشن لیڈروںکے درمیان لفظی جھڑپیں جاری ہیں۔ ایک جانب حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ اس معاملے میں کسانوں کی مدد کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے وہیں اپوزیشن کاالزام ہے کہ یہ سارے دعوے کھوکھلے ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ فرنویس اور نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے ریاست کے الگ الگ علاقوں میں دورے کررہے ہیں۔ ریاست میں بارش کی کمی سے خریف سیزن کی فصلیں خطرے میں ہیں اور سویا بین کی فصل مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اس سنگین صورتحال کا جائزہ لینے جمعرات کو ضلع واشم پہنچے۔ اس وقت کسانوں نے وزیر اعلیٰ کے قافلے کو روکا اور مکمل خشک سالی کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کو خاطر خواہ مدد فراہم کی جائے گی اور سب کا قرض معاف کیا جائے گا۔ حکومت اس بحران میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ریاست ایل نینو کی زد میں ہے اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بارش کی کمی کی وجہ سے آبپاشی پراجیکٹس میں پانی کے ذخائر کم ہوچکے ہیں۔ اس بحران سے ودربھ کا علاقہ بہت زیادہ متاثر ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے جمعرات کو وزیر اعلیٰ نے ودربھ کے واشم ضلع کا دورہ کیا اور تحصیل کارنجہ کے مھسالہ گاؤں پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے سوکھی ہوئی فصلوں کا معائنہ کیا اور متاثرہ کسانوں سے بات چیت کی۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اطلاع کے مطابق وزیر اعلی دیویندر فرنویس کے دورہ کی اطلاع ملتے ہی کسانوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی تھی۔ کسانوں نے وزیر اعلیٰ کے قافلے کو روکا اور نعرے لگائے۔ کسانوں کو دیکھ کر وزیر اعلیٰ فرنویس خود اپنی گاڑی سے نکلے اور کسانوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کسانوں کا حوصلہ بڑھایا اور اس برے وقت میں اُن کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہےاور جلد ہی قحط کا اعلان کریں گے اور جی آر جاری ہوگا۔نیز جو کسان قرض معافی سے محروم رہ گئے ہیں انکا بھی قرض معاف کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئےنوئیڈا کی ڈی ایم کا معاملہ: آکرتی چودھری کی حراست کو رد کرنے کےفیصلے پر روک نہیں
’’بی جے پی ایم ایل اے کی کسانوںسے دھکامکی‘‘
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر ہیں۔ عثمان آباد(دھاراشیو) میں وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران بی جے پی کے رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل پر کسانوں کے ساتھ دھکم پیل کرنے کا سنگین الزام شیوسینا (یوبی ٹی ) کے رکنِ اسمبلی امباداس دانوے نے لگایا ہے۔ دانوے نے اس ضمن میں سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئر کیا اور مہایوتی حکومت کو ’کاجو بادام چھاپ سرکار‘ کہہ کر طنز بھی کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل اور ٹھاکرے گروپ کے رکنِ اسمبلی امباداس دانَوے کے درمیان سیاسی الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔ امباداس دانَوے نے ایک اور ویڈیو پوسٹ کرکے دھاراشیو کے رکن پارلیمنٹ اوم راجے نمبالکر کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ دانَوے نے پوسٹ میں طنزاً لکھا کہ”دو چار ٹرانسفارمرز کے بدلے۳؍ لاکھ۲۹؍ ہزار ووٹوں کی برتری کے ساتھ اقتدار والوں کے دامن سے بندھ جائیں تو ایسا ہی تکبر نصیب میں آتا ہے۔‘‘ انہوں نے نمبالکر پر مزید نشانہ سادھتے ہوئے کہا، **”(ادھو)ٹھاکرے نے آپ سے جو بے پناہ محبت کی، وہ آپ سے ہضم نہیں ہوئی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:الیکشن کمیشن میں اختلافات کے سبب نئے ووٹروں کا اندراج بھی تعطل کا شکار
میز پر سوکھی فصلوں کی نمائش اور میٹل ڈیٹیکٹر کی موجودگی کسانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسی ہے:وجئے وڈیٹیوار
ریاست میں بارش کی کمی سے قحط کی صورتحال اور وزیر اعلیٰ کی کسانوں سے ملاقات اور فصل کے معائنہ نے ریاست میں سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے۔ اس پس منظر میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی وجے وڈیٹیوار نے وزیر اعلیٰ کے اس دورے کو محض ’ایونٹ بازی‘ قرار دیتے ہوئے مہایوتی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ وڈیٹیوار نے کسانوں سے ملاقات کے دوران سیکوریٹی کے نام پر لگائے گئے میٹل ڈیٹیکٹرز اور سوکھی ہوئی فصلوں کو میز پر رکھ کر کیے گئے فوٹو سیشن پر وزیر اعلیٰ کو کٹہرے میں کھڑا کیا اور اسے کسانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے والی حرکت قرار دیا۔ وجے وڈیٹیوار نے سوشل میڈیا پوسٹس پر طنز کرتے ہوئے حکومت کے تئیں اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ’قحط سالی کے نام پر حکمراں طبقہ کی صرف اور صرف ’ایونٹ بازی‘ جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ خشک سالی دیکھنے گئے یا کسانوں کی حالت زار کی نمائش دکھانے؟ سوکھی ہوئی فصلوں کو میز پر رکھ کر فوٹو سیشن کرواتے ہوئے حکمران جماعت کو ذرا بھی شرم نہیں آئی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ خشک سالی کی آڑ میں کسانوں کے دکھ کی نمائش کرنا مہاراشٹر کی اور کسانوں کی براہ راست توہین ہے۔ ودیٹیوار نے کسانوں سے ملاقات کے دوران سیکورٹی کے تحت لگائے گئے میٹل ڈیٹیکٹرز کے انتظامات پر وزیر اعلیٰ کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ آپ جس کسان کے پسینے اور ووٹ کے بل پر اقتدار کے مزے لے رہے ہیں، اسی کسان سے ملتے وقت میٹل ڈیٹیکٹر کے گھیرے لگائے جاتے ہیں۔ مہاراشٹر نے پہلے کبھی ایسا وزیر اعلیٰ نہیں دیکھا تھا جو مصیبت میں گھرے کسان کے ساتھ مجرم جیسا سلوک کرتا ہو اور اپنے ہی لوگوں سے ڈرتا ہو۔ وڈیٹیوار نے حکومت سے فوری ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مہاراشٹر کے کسان اب کیمروں کے سامنے نوٹنکی اور آپ کے خالی اعلانات نہیں چاہئے۔ حکومت کو چاہئے کہ ریاست میں بغیر کسی تاخیر کے خشک سالی کا اعلان کرے اور کسانوں کے کھاتوں میں مالی امداد فراہم کرے۔