Updated: November 02, 2026, 7:06 PM IST
| Dubai
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے سیاحت کو مزید فروغ دینے اور بار بار آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک نیا ٹورزم لائلٹی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ان سیاحوں کو خصوصی انعامات، رعایتیں اور مختلف سہولتیں فراہم کرنا ہے جو دبئی کی سیر کے لیے بار بار آتے ہیں۔
دُبئی شہر۔ تصویر:آئی این این
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے سیاحت کو مزید فروغ دینے اور بار بار آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک نیا ٹورزم لائلٹی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ان سیاحوں کو خصوصی انعامات، رعایتیں اور مختلف سہولتیں فراہم کرنا ہے جو دبئی کی سیر کے لیے بار بار آتے ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے دبئی کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے اور سیاحوں کے ساتھ طویل مدتی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس نئے پروگرام کا نام ’دبئی ایکسس کلب‘ (Dubai Access Club) رکھا گیا ہے۔ اسے دنیا کا پہلا ایسا سیاحتی رکنیت پروگرام قرار دیا جا رہا ہے جسے کسی شہر کی حکومت نے متعارف کرایا ہے اور جس میں شمولیت دعوت نامے کے ذریعے ہوگی۔ اس کے تحت منتخب اور مدعو کیے جانے والے سیاحوں کو خصوصی تجربات، خدمات اور مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کا بنیادی مقصد ایسے سیاحوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو دبئی کی سیر کے لیے بار بار آتے ہیں، تاکہ شہر کے ساتھ ان کا تعلق مزید مضبوط ہو اور وہ مستقبل میں بھی دبئی کو اپنی پسندیدہ منزل بنائیں۔
یہ بھی پڑھئے:آرسنل نے لیورپول کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی
حکام کے مطابق دبئی ایکسس کلب کے ذریعے سیاحوں کو ایسی خصوصی پیشکشیں اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی جو ان کے قیام اور سفر کے تجربے کو مزید بہتر بنائیں گی۔ تاہم فی الحال پروگرام میں شمولیت کے معیار، مراعات کی مکمل تفصیلات اور ان سے فائدہ اٹھانے کے طریقۂ کار کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام عام طور پر دستیاب پوائنٹس پر مبنی انعامی اسکیم کے بجائے دعوت نامے کے ذریعے منتخب سیاحوں کو رکنیت فراہم کرے گا۔
دبئی حکومت نے سیاحت کو آسان بنانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر کی سرکاری سیاحتی ویب سائٹ Visit Dubai کے ذریعے سیاحتی ویزا کی درخواست دینے کی سہولت بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نومبر ۲۰۲۶ء کے دوران شروع ہونے والی اس سہولت کے تحت مسافر ایک مرتبہ داخلے اور متعدد مرتبہ داخلے کے سیاحتی ویزوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ مستقبل میں ویزا کی مزید اقسام بھی اس پلیٹ فارم پر دستیاب کرانے کا منصوبہ ہے۔اس نظام کے ذریعے سیاحوں کو مختلف سرکاری ویب سائٹس اور درخواستوں کے درمیان بھٹکنے کی ضرورت کم ہوگی۔ وہ ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دبئی کے سیاحتی مقامات کی معلومات حاصل کرنے، تقریبات کا جائزہ لینے، ٹکٹوں کی بکنگ، سفر کی منصوبہ بندی اور ویزا درخواست جیسی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ تاہم ویزا درخواستوں کی جانچ اور منظوری کی ذمہ داری بدستور دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹی اینڈ فارنرز افیئرز کے پاس رہے گی۔
ان دونوں منصوبوں کو دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹی اینڈ فارنرز افیئرز، دبئی ڈپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورزم (DET) اور ڈجیٹل دبئی نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ یہ اقدامات ’شیئرڈ ڈجیٹل چینلز انیشی ایٹو‘ کے تحت نافذ کیے جائیں گے، جس کا مقصد سرکاری خدمات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک مربوط نظام میں فراہم کرنا ہے۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ان اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امارت کا مقصد دبئی کو دنیا کے تین سرکردہ سیاحتی مقامات میں شامل کرنا ہے۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی، اختراع، بہترین خدمات اور سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کے ذریعے سیاحوں کے سفر کو زیادہ آسان اور یادگار بنایا جائے گا۔ انہوں نے سیاحت کو دبئی کی معیشت کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کی ترقی سے سرمایہ کاری، کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان نے۶۱؍ویں سالگرہ پر منّت کی بالکونی سے مداحوں کو دیدار نہیں کرایا
دبئی کی معیشت میں سیاحت کا اہم کردار ہے اور حکومت اس شعبے کو مزید وسعت دینے کے لیے مسلسل نئے اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۲۵ء میں دبئی آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد ایک کروڑ ۹۵ ؍لاکھ ۹۰ ؍ہزار تک پہنچ گئی تھی، جبکہ ۲۰۲۶ء کے پہلے آٹھ ماہ میں تقریباً ۶۹؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار بین الاقوامی سیاحوں نے شہر کا دورہ کیا۔ نیا لائلٹی پروگرام اور ویزا درخواست کی ڈیجیٹل سہولت اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف نئے سیاحوں کو دبئی کی جانب راغب کرنے بلکہ پہلے سے آنے والے سیاحوں کو دوبارہ شہر کا دورہ کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دبئی حکومت کو امید ہے کہ بہتر سہولتیں، خصوصی مراعات اور آسان سفری طریقۂ کار شہر کی عالمی سیاحتی حیثیت کو مزید مضبوط کریں گے۔ سرکاری اعلان کے مطابق دونوں اقدامات نومبر ۲۰۲۶ء میں نافذ کیے جائیں گے، جبکہ دبئی ایکسس کلب کی رکنیت اور مراعات سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔