یہ اسٹیشن زمین سے ۷۴؍ میٹر بلند ہوگا، اس کی تعمیر ۲۰۲۹ء میں مکمل ہو جائے گی، یہ دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہو گا۔
EPAPER
Updated: June 11, 2025, 12:50 PM IST | Agency | Dubai
یہ اسٹیشن زمین سے ۷۴؍ میٹر بلند ہوگا، اس کی تعمیر ۲۰۲۹ء میں مکمل ہو جائے گی، یہ دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہو گا۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیشن زمین سے ۷۴؍میٹر بلند ہوگا اور اس کی تعمیر۲۰۲۹ء میں مکمل ہوگی۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ میٹرو اسٹیشن دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہوگا، جس کا آغاز دبئی میٹرو کی ۲۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر ستمبر۲۰۲۹ء میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بلیو لائن کا ٹریک ۱۳۰؍ کلومیٹر طویل ہوگا اور یہ دبئی کے ۹؍ اہم علاقوں کو جوڑے گا۔ حکام کے مطابق بلیو لائن پر ۱۴؍ اسٹیشن ہوں گے، جن میں سے ۵؍ زیر زمین تعمیر کئے جارہے ہیں۔
دبئی کی بلیو لائن کے اہم انٹرچینج اسٹیشن جداف، راشدیہ اور انٹرنیشنل سٹی ہوں گے جبکہ یہ دبئی کے علاقوں مردف، ورقا، انٹرنیشنل سٹی، سیلیکون اویسس، انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی، فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، اور راس الخور انڈسٹریل ایریا کو آپس میں منسلک کردے گی۔
یہ بھی پڑھئے:ایلون مسک وہائٹ ہاؤس منشیات لاتے تھے یا نہیں، معلوم نہیں : ٹرمپ
دبئی کریک کو عبور کرنے کے لئے بلیو لائن کا۱ء۳؍ کلومیٹر طویل پل (ٹریک ) بھی تعمیر کیا جائے گا، جو دبئی کریک کے اوپر بنایا جانے والا پہلا میٹرو ٹریک ہوگا۔
دبئی کے بلیو لائن میگا پروجیکٹ کی مجموعی لاگت ۵۶؍ ارب درہم یعنی ۴۳؍کھرب روپے سے زائد ہوگی۔ واضح رہے کہ دبئی میٹرو پہلے ہی ریڈ اور گرین لائن کے ذریعے لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ حکام نے عزم کیا ہے کہ بلیو لائن کے اسٹیشن مزید جدید ہوں گے۔ واضح رہے کہ یو اے ای کی بڑھتی آبادی اور یہاں بزنس کے متعدد نئے مراکز قائم ہونے کی وجہ سے میٹرو لائن کی توسیع کا مطالبہ اٹھ رہا تھا جسے یہاں کے حکام نے پورا کرتے ہوئے مزید ایک لائن جوڑدی ہے۔