محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل ڈائریکٹر بی کالیش نے الزام عائد کیا کہ ای ڈی کے افسران نے ریاستی محکمہ خزانہ کو گھپلے میں ملوث کرنے کی خاطر وزیروں کا نام لینے کیلئے اُن پر دباؤ بنانے کی کوشش کی تھی۔
EPAPER
Updated: July 24, 2024, 10:52 AM IST | Agency | Bangalore
محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل ڈائریکٹر بی کالیش نے الزام عائد کیا کہ ای ڈی کے افسران نے ریاستی محکمہ خزانہ کو گھپلے میں ملوث کرنے کی خاطر وزیروں کا نام لینے کیلئے اُن پر دباؤ بنانے کی کوشش کی تھی۔
کرناٹک کے ایک سینئر سرکاری افسر نے ای ڈی کے دو افسران کے خلاف معاملہ درج کرایا ہے۔ اس میں انہوں نے ای ڈی کے دونوں افسران پر وزیر اعلیٰ سدارامیا، ایک سابق ریاستی وزیر اور کچھ دوسرے لوگوں کو والمیکی کارپوریشن سے متعلق مبینہ گھوٹالے میں پھنسانے کیلئے انہیں مجبور کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خیال رہے کہ یہ معاملہ اس سال کے شروع میں سامنے آیا تھا۔ افسر کی اس شکایت کے بعد ایک بار پھر کانگریس اور ملک کی دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے مرکزی حکومت کو اپنے نشانے پر لیا ہے۔ اسی حوالے سے منگل کو وزیراعلیٰ سدا رمیا کی قیادت میں ریاستی وزراء اور دیگر لیڈروں نے اسمبلی کی عمارت کے باہر مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی مودی حکومت کی ایما پر مرکزی تفتیشی ایجنسیاں اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
بنگلور کے ولسن گارڈن پولیس اسٹیشن کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر قبائلی بہبود بورڈ کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور محکمہ سماجی بہبود کے موجودہ ایڈیشنل ڈائریکٹر بی کالیش کی شکایت پر مبنی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ای ڈی کے عہدیداروں نے انہیں گرفتار کرنے کی دھمکی دی اور سابق وزیر بی ناگیندر، سینئر سرکاری عہدیداروں اور ریاستی محکمہ خزانہ کو اس گھپلے میں ملوث کرنےکی خاطر جبری بیان دینے کیلئے انہیں ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا۔ ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ای ڈی نے کالیش کو مدد کی پیشکش کی تھی کہ وہ ان کے مطالبات مان لیں۔ ای ڈی افسران کے خلاف درج ایف آئی آر ہندوستانی ضابطہ انصاف کے مختلف دفعات کےتحت معاملے درج کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ محکمہ خزانہ کی ذمہ داری براہ راست وزیراعلیٰ کی ہے۔ اسی لئے یہ خیال کیا جارہا ہے کہ اس کے ذریعہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کو پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہرحال یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے منگل کو ای ڈی کی کارروائی کی کھل کر مخالفت کی اور کانگریس کے دیگر ممبران اسمبلی کے ساتھ مل کر ایک مظاہرہ بھی کیا۔ اس مظاہرے کے دوران وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کا نام لینے کیلئے بی کالیش پر دباؤ ڈالنے کی ای ڈی کی مبینہ کوششوں کی مذمت کی گئی۔