Inquilab Logo

کپل شرما، ہماقریشی اور حنا خان کو بھی ای ڈی کا نوٹس۔ رنبیر کپور نے جواب دینے کیلئے وقت مانگا

Updated: October 06, 2023, 8:58 AM IST | Faizan Khan / Agency | Mumbai

سٹہ اورقماربازی کے مہا دیو ایپ کے ذریعہ کالا دھن کمانے کے ملزم سوربھ چندرا کی متحدہ عرب امارات میں شادی میں مبینہ طور پر شرکت کیلئے خطیر رقم لینے کے معاملے میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ (ای ڈی ) کے ذریعہ نوٹس دینے کے دوسرے روز اداکار رنبیر کپور نے مرکزی تفتیشی ایجنسی کے سمن کا جواب دینے کیلئے ۲؍ ہفتوں کی مہلت مانگی ہے۔

Ranbir Kapoor. Photo. INN
رنبیرکپور۔ تصویر:آئی این این

سٹہ اورقماربازی کے مہا دیو ایپ کے ذریعہ کالا دھن کمانے کے ملزم سوربھ چندرا کی متحدہ عرب امارات میں شادی میں مبینہ طور پر شرکت کیلئے خطیر رقم لینے کے معاملے میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘  (ای ڈی ) کے ذریعہ نوٹس دینے کے دوسرے روز اداکار رنبیر کپور نے مرکزی تفتیشی ایجنسی کے سمن کا جواب دینے کیلئے ۲؍ ہفتوں کی مہلت مانگی ہے۔ دریں اثناءجمعرات کو ای ڈی نے اسی معاملے میں کامیڈین کپل شرما ، اداکارہ ہما قریشی او حنا خان کو بھی سمن جاری کیا ہے اور مزید کئی بڑے اداکاروں اور مشہور شخصیات کو سمن جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ 
تفتیشی ایجنسی کے ایک افسر کے مطابق سٹہ اور قماربازی کے ایپ کی تشہیر سے پیسے کمانے کے معاملے میں بالی ووڈ کے ۱۴؍ سے ۱۵؍ بڑے اداکاروں کے تعلق سے جانچ کی جائے گی اور انہیں بھی سمن جاری کیا جاسکتا ہے۔
جمعرات کو ایسی خبریں بھی گشت کررہی تھیں کہ ای ڈی نے رنبیر کپور کو ملزم کی حیثیت سے نہیں طلب کیا ہے بلکہ  یہ سمجھنے کیلئے انہیں بلایا جارہا ہے کہ انہیں سٹہ اورجوئے کے ایپ کی تشہیر کیلئے جو رقم ملی ہے ،وہ اس کی آمدنی کے ذرائع کے تعلق سے کیا واقفیت رکھتے ہیں۔ اس دوران ای ڈی نے رنبیر کپور کے ذریعہ ۲؍ ہفتوں کی مہلت مانگنے اور پوچھ تاچھ کی نوعیت کے تعلق سے تادم تحریر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا تھا۔یاد رہے کہ مہادیو ایپ کے بانی سوربھ چندرا پر کالا دھن رکھنے کا الزام ہے جس کی تحقیقات ای ڈی کررہی ہے۔ تفتیشی ایجنسی سوربھ کی شادی کے اخراجات کے تعلق سے بھی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا شادی میں خرچ کی جانے والی رقم جرم کی کمائی کا حصہ تھی یا نہیں۔ سوربھ کے تعلق سے کہا جارہا ہے کہ اس نے اپنی شادی پر ۲۰۰؍ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں جس میں اس نے بالی ووڈ اور ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ متعدد افراد کو مدعو کیا تھا۔ ان مہمانوں کو تقریبات میں شرکت کیلئے نجی ہوائی جہازوں سے بھی لے جایا گیا اور شادی میں شرکت اور تقریبات میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے ان فنکاروں کو بڑی بڑی رقمیں بھی دی گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK