خام سورج مکھی کے تیل پربیسک کسٹم ڈیوٹی کو صفر کر دیا گیا جبکہ خام سویا بین آئل اور خام پام آئل پرصرف ۵؍ فیصد کر دیا گیا۔
EPAPER
Updated: September 25, 2026, 5:35 PM IST | Agency | New Delhi
خام سورج مکھی کے تیل پربیسک کسٹم ڈیوٹی کو صفر کر دیا گیا جبکہ خام سویا بین آئل اور خام پام آئل پرصرف ۵؍ فیصد کر دیا گیا۔
مرکزی حکومت نے گھریلو بازار میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر عام لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لئے اہم خوردنی تیلوں پر ’بیسک کسٹم ڈیوٹی ‘(بی سی ڈی) میں کمی کر دی ہے۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی مرکزی وزارت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ خام سورج مکھی کے تیل پربیسک کسٹم ڈیوٹی (بی سی ڈی) کو۱۰؍ فیصد سے کم کر کے صفر کر دیا گیا ہے۔ خام سویا بین آئل اور خام پام آئل پر بی سی ڈی کو ۱۰؍ فیصد سے کم کر کے ۵؍ فیصد کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے اسی تناسب سے متعلقہ ریفائنڈ خوردنی تیل پر بی سی ڈی کو بھی کم کیا ہے جس سے خام اور ریفائنڈ خوردنی تیل کے درمیان درآمدی ڈیوٹی کا فرق۲۵ء۱۹؍ فیصد رہ گیا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ کسٹم ڈیوٹی میں کمی بین الاقوامی خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں لاگت اور خوردہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کی گئی ہے۔ کسٹم ڈیوٹی درآمد شدہ خوردنی تیل کی لاگت کا ایک اہم جز ہے اور اس وجہ سے مقامی مارکیٹ کی قیمتوں پر اثر پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:۲۰۲۶ء میں ۷۶ء۱؍ لاکھ ملازمتوں میں کمی ہوئی ہے
وزارت کی پریس ریلیز میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ کسٹم ڈیوٹی میں اس کمی سے مقامی مارکیٹ میں صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو راحت فراہم کرنا ہے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور مہنگائی کے دباؤ کو کنٹرول کرنے میں بھی تعاون کرنا ہے۔حکومت نے کہا کہ خام اور ریفائنڈ خوردنی تیل کے درمیان کسٹم ڈیوٹی کے فرق کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ملکی ریفائننگ کی صلاحیت کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے اور ریفائنڈ خوردنی تیل کی ضرورت سے زیادہ درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ حکومت نے خوردنی تیل کی اسوسی ایشنز اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے لئے ایک گائیڈ لائن بھی جاری کی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ درآمدی ڈیوٹی میں کمی کے مکمل فوائد صارفین تک پہنچائے جائیں۔
صارفین کو فائدہ پہنچانے کی کوشش
صنعت کے اسٹیک ہولڈرز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈسٹری بیوٹر پرائس اور زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس کو لاگت میں کمی کے مطابق نظر ثانی کریں۔ خوردنی تیل کی یونینوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے ممبران کو مشورہ دیں کہ وہ قیمتوں میں متعلقہ کمی کو بلا تاخیر نافذ کریں۔