Inquilab Logo Happiest Places to Work

اتراکھنڈ کے طوفان میں پھنسے ہوئے مہاراشٹر کے باشندوں کو واپس لانے کی تگ ودو

Updated: August 08, 2025, 1:13 PM IST | Sharjeel Qureshi/Mukhtar Adeel/Agency | Jalgaon/Malegaon

وزیر برائے راحت رسانی گریش مہاجن اتراکھنڈ روانہ، جلگائوں کے پالدھی سے تعلق رکھنے والے ۱۳؍ افراد سے رابطہ، مالیگائوں کے بھی ۷؍ افراد لاپتہ، تلاش جاری۔

13 people from Jalgaon who were contacted. Photo: INN
: جلگائوں کے ۱۳؍ افراد جن سے رابطہ ہو گیا۔ تصویر: آئی این این

  جلگائوں ؍ مالیگائوں :( شرجیل قریشی؍ مختار عدیل ؍ ایجنسی)
 اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں آئی قدرتی آفت میں مہاراشٹر کے باشندے پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ وہاں  جلگائوں، پونے، شولا پور اور ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۶۰؍ افراد ہیں لیکن جمعرات کو معلوم ہوا کہ یہ تعداد بہت زیادہ ہے۔ وہاں اورنگ آباد، امبے گائوں اور مالیگائوں ( ناسک) کے بھی کچھ باشندے موجود ہیں جن میں سے کئی لوگوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے اب ان افراد کو وہاں سے لانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے سب سے قریبی سمجھے جانے والے وزیر برائے راحت رسانی گریش مہاجن کو اتر اکھنڈ روانہ کیا گیا ہے۔ 
  اتراکھنڈ کیلئے روانہ ہوتے ہوئے گریش مہاجن نے میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ مہاراشٹر کا ایک بھی باشندہ وہاں مصیبت میں نہ ہو اس کیلئے ہم نے مرکزی حکومت کے علاوہ اترا اکھنڈ حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ راحت کی تمام کارروائیاں پوری توجہ اور رفتار کے ساتھ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریسکیو آپریشن اپنے ہاتھ میں لیا ہے۔ ہر ممکن کوشش کریں گے کے مہاراشٹر کا ایک ایک باشندہ جو اترا اکھنڈ کی قدرتی آفت میں پھنسا ہوا ہو اسے واپس لایا جائے۔ 
 جلگائوں کے مزید ۱۳؍ افراد سے رابطہ 
  ایک روز خبر آئی تھی کہ جلگائوں ضلع کے ۱۹؍ افراد اتراکھنڈ میں پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے ۴؍ سے رابطہ کر لیا گیا تھا جبکہ دیگر ۱۵؍ کی کوئی خبر نہیں تھی۔ جمعرات کو معلوم ہوا کہ جلگائوں کے پالدھی قصبے سے تعلق رکھنے والے ۱۳؍ افراد سے بھی رابطہ ہو گیا ہے اور وہ سب صحیح سلامت ہیں۔ اطلاع ہے کہ باقی رہ گئے ۲؍ لوگوں سے بھی رابطہ ہو گیا ہے لیکن سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ پالدھی کے ۱۳؍ افراد کے نام روہن مالی، روہت مالی، منوج چودھری، دنیشور مالی، دیپک سونار، ساگر ناناورے، دیپک مالی، ویبھو گنگاونے، سندیپ مالی، وشال پاٹل، راکیش مالی، بھوشن مالی اور پون ہیں۔ یہ گروپ ایک نجی منی بس کے ذریعے ۲۷؍ جولائی کو اتراکھنڈ کیلئے روانہ ہوا تھا۔ ان سبھی کا اپنے اہل خانہ سے آخری رابطہ ۵؍ جولائی کی دوپہر کو ہوا تھا۔ اسکے بعد سے کوئی رابطہ نہیں  ہوا تھا جس کی وجہ سے رشتہ دار پریشان تھے۔ جلگاؤں ضلع کے نگراں وزیر گلاب راؤ پاٹل خود دہلی روانہ ہوئے۔ انہوں نے دہلی میں مہاراشٹر سدن کے افسران سے میٹنگ کی اور ان افراد کو واپس لانے کیلئے مرکزی حکومت کے قائم کردہ کنٹرول روم سے رابطہ کیا۔ بالآخر جمعرات کی صبح تمام نوجوانوں سے رابطہ ہوگیا۔ انہوں نے اترا کھنڈ سے فون پر اپنے اہل خانہ سے بات کی۔ فی الحال یہ لوگ اتراکھنڈ کے گنگوتری میں مقیم ہیں ۔ 
 مالیگائوں کے ۷؍ افراد ہنوز لاپتہ 
  اس دوران معلوم ہوا ہے کہ مالیگاؤں کے بھی ۷؍ افراد اتراکھنڈ میں ہیں جن سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔ لاپتہ افراد کے رشتے دار گورو ایولے نے کہا کہ ا ن ۷؍ افراد میں ان کے چچا اور دیگر افراد شامل ہیں جو مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے ایک نجی ٹراویلس کمپنی کی معرفت گئے تھے۔ وہ بدھ کے روز گنگوتری میں تھے۔ اس کے بعد سے ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ انہوں نے مالیگاؤں کے ایڈیشنل ایس پی سندُھو کو تفصیلات دی ہیں ۔ گورو کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کے افراد کی فہرست اتراکھنڈ بھیجی گئی۔ جیسے ہی کوئی اطلاع ملے گی آپ کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ انتظامیہ جلدا ز جلد اس تعلق سے اقدامات کرے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK