Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوکل ٹرینوں میں نصب سگنل لوکیشن اناؤنسمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کی کوشش

Updated: May 11, 2026, 12:13 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اس کے ذریعے موٹر مین کو غلطی سے بچانے اور بحفاظت ٹرین چلانے میں مدد ملنے کا دعویٰ۔ چند دن قبل ہی سی ایس ایم ٹی میں دو ٹرینیں آمنے سامنے آگئی تھیں۔

The LILS system installed in a local train (in the circle), which is very important from a safety point of view. Photo: INN
لوکل ٹرین میں نصب ایل آئی ایل ایس سسٹم (دائرہ میں )جو حفاظتی نقظہ نظر سے کافی اہم ہے۔ تصویر: آئی این این

سینٹرل ریلوے نے ممبئی مضافاتی نیٹ ورک پر محفوظ ٹرین آپریشنز کو بڑھانے کے لئے لوکل ٹرینوں میں سگنل لوکیشن اناؤنسمنٹ سسٹم (ایس آئی ایل اے ایس) کو نصب کرتے ہوئے اسے اپ گریڈ کیا ہے۔ اسے تمام لوکل ٹرینوں کے ڈرائیونگ کیبن میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ موٹر مین کو غلطی سے بچاتے ہوئے ٹرین آپریشنز میں مدد مل سکے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ 
کیا ہے یہ سسٹم اور کیسے کام کرتا ہے؟
سینٹرل ممبئی کا مضافاتی ریل نیٹ ورک دنیا بھر میں مصروف ترین ریل نیٹ ورکس میں سے ایک شمار کیا جاتاہے جو خودکار سگنلنگ سسٹم کے ساتھ روزانہ۲۳۰۰؍ سے زیادہ لوکل سروسیز چلاتا ہے۔ اس نیٹ ورک میں زیادہ تر سگنلز صرف ۴۰۰؍ سے۵۰۰؍ میٹر کے فاصلے پر ہوتے ہیں۔ ان میں تقریباً ۴۰۰؍ سگنلز دائیں اور بائیں ہاتھ کی طرف ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ موٹر مین زبردست دباؤ میں کام کرتے ہیں جس سے غلطی کا احتمال رہتا ہے۔ اسی سبب جی پی ایس کے ساتھ اب ایس آئی ایل اے ایس کی بھی تنصیب کی جارہی ہے۔ اس کے ذریعے ٹرین کے لائیو مقام کی بنیاد پر آنے والے سگنل کے نمبر کے ساتھ یہ اس کی پوزیشن نمایاں کرتے ہوئے موٹر مین کی مدد کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت پورے ممبئی ڈویژن میں سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جنوبی ممبئی میں دوسرے دن بھی پانی سپلائی بند ہونے سے مکین بے حال

اس کا طریقہ کار ؟
اس کی مدد سے سگنل کے قریب پہنچنے سے قبل سگنل نمبر اور پوزیشن۳۵۰؍ میٹر اور۲۵۰؍ میٹر کے فاصلے سے سگنل الرٹس دیئے جاتے ہیں۔ اسی طرح آڈیو الرٹ ’پیلا‘ سگنل پاس کرنے پر دیا جاتا ہے، یہ بار بار اعلان کرتا ہے کہ ’’محتاط رہیں، اگلا سگنل سرخ ہے‘‘ جب تک کہ اگلے سبز، ڈبل پیلے سگنل نہ ہوں۔ آڈیو ریکارڈنگ، جی پی ایس کوآرڈنیٹس اور ہر روٹ کے لئے تمام سگنلز کے مقامات ایس آئی ایل اے ایس میں پہلے سے لوڈ ہوتے ہیں۔ ٹرین منیجر یعنی روٹ طے کرنے والا سفر شروع کرنے سے پہلے مناسب لائن کا انتخاب کرتا ہے جیسے ڈاؤن لوکل لائن (سلو لائن)، اپ لوکل لائن، ڈاؤن تھرو لائن (تیز لائن)، اپ تھرو لائن وغیرہ۔ 
 ٹرین منیجر کے ذریعے منتخب کردہ سفر کی بنیاد پر یہ آنے والے اسٹیشن کا اعلان اس کی آمد سے۵۰۰؍ میٹر اور۲۵۰؍ میٹر پہلے کرتا ہے، مثلاً’’اگلا ہالٹ تھانے‘‘ ہے، اسے بتاتا اور نمایاں کرتا ہے تاکہ موٹرمین الرٹ ہوجائے۔ 
ایس آئی ایل اے ایس کی دیگر اہم خصوصیات
موٹر مین کی مدد، سگنلز اور ہالٹ اسٹیشنوں کے لئے ریئل ٹائم آڈیو الرٹس فراہم کرتا ہے، محفوظ ٹرین آپریشن میں مدد کرتا ہے۔ پیلے سگنل، پلیٹ فارم انٹری، (پی ایس آر ایس ) اور اہم پوائنٹس پر فوری رفتار کی نگرانی کرتا ہے۔ اس ڈیٹا کا استعمال موٹر مین کی حفاظت اور ڈرائیونگ کی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ریئل ٹائم ٹرین ٹریکنگ کے ذریعے آپریشنل کنٹرول کے لئے لوکل ٹرینوں کی لائیو لوکیشن اور رفتار کی نگرانی کو یقینی بناتا ہے۔ اس طرح ممبئی کے مضافاتی موٹر مین انتہائی مشکل حالات میں ’سنگل مین جاب‘ انجام دیتے ہیں۔ ایسے میں ایس آئی ایل اے ایس کو الیکٹرانک شریک پائلٹ کے طور پر کام کرنے کے لئے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس کی مدد سے موٹرمین کے ذہنی دباؤ کو کم کرنے اور کسی بھی سگنل کی کمی کو یقینی بنا کر حفاظت کو بڑھایا جا رہا ہے۔ یہ حفاظتی نقطہ نظر سے ایک اہم قدم ہے۔ 
واضح ہوکہ ایک جانب اس طرح کے اقدامات اور سسٹم اپ گریڈ کرنے کے دعوے ہیں اور دوسری جانب ابھی چند دن قبل ہی سی ایس ایم ٹی میں دو لوکل ٹرینیں آمنے سامنے آگئی تھیں، محض۲۵۰؍ میٹر کا فیصلہ رہ گیا تھا اور بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK