عیدقرباں کے تعلق سے ٹرسٹیان کے ہمراہ پولیس کی میٹنگ۔ عیدالاضحی کی نمازاورقربانی کے تعلق سے پولیس نے معلومات حاصل کی
EPAPER
Updated: June 05, 2025, 8:07 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani
عیدقرباں کے تعلق سے ٹرسٹیان کے ہمراہ پولیس کی میٹنگ۔ عیدالاضحی کی نمازاورقربانی کے تعلق سے پولیس نے معلومات حاصل کی
یہاں پولیس اسٹیشن میں منعقدہ میٹنگ میں قربانی کا انتظام، نماز عیدالضحیٰ، بڑے جانوروں میں حصہ اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کے تعلق سے توجہ دلائی گئی۔ مالونی پولیس اوراے سی پی کے ہمراہ ٹرسٹیان مساجد اور اداروں کے ذمہ داران کی میٹنگبلائی گئی جس میں ٹرسٹیان کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ بقرعید میں فضلات پھینکنے کےلئے بی ایم سی کی جانب سے جگہ جگہ ڈبے رکھوائے جائیں تاکہ آلائش وغیرہ ادھر ادھر نہ پھینکی جائے اورگندگی کا احتمال نہ رہے۔
سینئر انسپکٹر نے عیدالاضحیٰ کی نماز کے اوقات، بڑے حصہ میں قربانی کرنےوالو ں کو گوشت لانے کے وقت رسید رکھنے اورصفائی پرتوجہ دلائی۔ اس کےساتھ ہی سینئرانسپکٹر نے جاننے کے باوجود یہ بھی پوچھا کہ مالونی میں کہیں بڑے جانور کی قربانی تو نہیں کی جاتی ہے، اس پر ان کوبتایاگیا کہ بڑے جانور کی قربانی صرف دیونار میں کی جاتی ہے اور گوشت وغیرہ ڈھک کراہتمام سے لایاجاتا ہے۔ جانور دیونار میں باندھے جاتے ہیں اور قربانی کے بعد گوشت تقسیم کیا جاتا ہے، یہ سب کچھ باضابطہ کیا جاتا ہے، بے ضابطہ نہیں۔ اس کے علاوہ انجمن جامع مسجد کے صدر اجمل خان نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ’’چونکہ قربانی کی کھالوں کی قیمت برائے نام ہے اس لئے جامع مسجدکے پاس کھالیں جمع نہ کی جائیں، ادارے اورمساجد کے ٹرسٹیان وغیرہ اپنے علاقے میں اپنے طور پراس کا نظم کریں یا جو بھی فیصلہ ہو، لیں کیونکہ گزشتہ سال مسئلہ پیدا ہوگیا تھا اور کھالیں پھینکوانی پڑی تھیں۔ امسال ایسی نوبت نہ آئے۔ پولیس کے ہمراہ میٹنگ میں عبدالکریم پٹیل، ارشد شاہ، نوشاد احمد، مولانا عبادت کریم، مولانا اسرائیل، مفتی عبدالقادر قاسمی، مولانا محمد رضوان قاسمی، مشتاق غوری، محمدبلال گرل والے، ریاض سید اور جمیل تعلقداوردیگرذمہ داران موجود تھے۔ اس دوران بالخصوص اس بات پرتوجہ دلائی گئی کہ قربانی کا فریضہ اہتمام سےانجام دیا جائے مگر کوئی ایسی حرکت نہ ہو جس سے کسی کوشکایت کا موقع ملے۔