Inquilab Logo

جلوس عید میلاد النبیؐ : شرکاء جلوس کے لئے ۱۰؍اہم ہدایات

Updated: September 27, 2023, 10:03 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Byculla

آل انڈیا خلافت کمیٹی نےمتنبہ کیا کہ ہدایات کی خلاف ورزی پرپولیس کارروائی کرسکتی ہے ۔ جلوس کی قیادت علامہ سید نیّر اشرف کچھوچھوی الجیلانی اورآر ایل ڈی کے سربراہ چودھری جینت سنگھ کریں گے۔

The elders of the city are seen in the meeting with the police regarding the procession in Khilafat House. Photo. INN
خلافت ہاؤس میں جلوس کے تعلق سے پولیس کے ہمراہ ہونے والی میٹنگ میں عمائدین شہر نظر آرہے ہیں۔ تصویر:آئی این این

جلوس عید میلادالنبیؐ کی تیاریاں زوروں پرہیں۔ علاقے کی سطح پر باہمی میٹنگوں کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ بہتر از بہتر طریقے سے انتظامات کئے جاسکیں۔ مرکزی جلوس عید میلاد النبیؐ کے تعلق سے انتظا مات کرنےوالی آل انڈیا خلافت کمیٹی کی جانب سے شرکاء جلوس کے لئے ۱۰؍ نکاتی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس میںجلوس میںکس طرح سےشامل ہونا ہے اور کس طرح نظم و ضبط کا خیال رکھتے ہوئے آگے بڑھناہے، پر خاص توجہ دلائی گئی ہے۔ 
جلو س کےقائدین اورمہمان خصوصی 
 آل انڈیاخلافت کمیٹی کی جانب سے نکالے جانے والے جلوس کو امسال ۱۰۴؍سا ل ہو رہے ہیں۔ اس جلوس کی ملک کی اہم شخصیات ،سیاسی لیڈران اور اکابر علماءاس جلو س کی قیادت کرچکے ہیں۔اس دفعہ جلوس کی قیادت علامہ سید نیّر اشرف کچھوچھوی الجیلانی کریںگے ،مہمان خصوصی آر ایل ڈی کے سربراہ چودھری جینت سنگھ ہوں گے۔ مہمانوں میںرکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل،سابق رکن پارلیمنٹ شاہد صدیقی اورمقامی اراکین اسمبلی وغیرہ شامل ہیں۔ 
تیاریاں آخری مرحلے میں
 آل انڈیا خلافت کمیٹی کے منتظمین کی جانب سے بتایا گیا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران اور مقامی پولیس اسٹیشنوں کے سینئرانسپکٹرز وغیرہ کے ہمراہ متعدد میٹنگیں کی جاچکی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بی ایم سی سے بھی ۸؍مطالبات کئےگئے تھے، اسے منظورکیا گیا ہے۔اس لحاظ سے جلوس کی تیاریاں جاری ہیں اورجو مطالبات کئےگئے تھے اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے۔ دیگر تنظیمیں بھی اپنے طور پرجلوس کے انتظامات میں مصروف ہیں۔
۱۰؍ہدایات کیا کیا ہیں؟
سرکار دوعالم ؐکی تشریف آوری کے اس مقد س اورمبارک دن کونہایت ہی پُرامن طریقے سے اورنظم وضبط کے ساتھ منائیں۔
ٹرک اور دیگر گاڑیاں ،جو جلوس میں شامل ہوں، ان کےمالک اور ڈرائیور اپنے نام اورپتے گاڑیوں کے نمبروں کا اندراج ضرور کرادیں۔یہ بھی اطمینان کرلیں کہ گاڑیوں کے کاغذات مکمل ہوں اورڈرائیور لائسنس یافتہ ہوں۔
شرکاء جلوس اپنے اقوال واطوار سے حضور اکرم ؐکی سیرت ِ مبارکہ اور حسنِ اخلاق کا اعلیٰ نمونہ پیش کریں تاکہ ناظرین پر نبی اکرم ؐ کی تعلیمات اور اسلام سے متعلق اچھے اثرات مرتب ہوں۔ 
جلوس کے دوران نعرے بلند کرتے وقت احتیاط برتیں کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو ،ملت ِاسلامیہ اوربرادران وطن کے درمیان اخوت اور محبت میں اضافہ ہو۔ نعرۂ رسالت اورقومی نعرۂ اتحاد کے علاوہ دیگر نعروں سے گریزکیا جائے۔
عجیب وغریب حلیہ اپنانا ،فینسی ڈریس ،ڈی جے ،آتش بازی ،یہ غیر اسلامی عمل ہے، اس سے گریز کریں۔
 جلوس کے ختم ہونے کے بعد واپس جاتے وقت گاڑیوں پرلگے مائیک بند کردیئے جائیں اور کسی قسم کی نعرے بازی نہ کی جائے تاکہ شرپسندوں کوشرارت کرنے کا موقع نہ ملے۔
حالات کے پیش نظرتلواریں، بھالے، لاٹھیاں یا اس طرح کی کوئی اور چیز کو جلوس میں اپنے ساتھ رکھنے کی سخت ممانعت ہے، اس کا خیال رکھیں۔
پولیس امن کمیٹیاں ہر علاقے میں جلوس میں شرکاء کے ساتھ تعاون کریں گی ،آپ ان سے مدد لے سکتے ہیں۔
جلوس میں شریک ہونے والی گاڑیوں کے ڈرائیور اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ کسی صورت لین کٹ نہ کریں، گاڑیاں ترتیب کے ساتھ قطار میں ہوں گی۔ یہ ہدایت ٹریفک کمشنرکی جانب سے دی گئی ہے ،اس کی پابندی لازمی ہوگی۔ خلاف ورزی پر کارروائی کی جاسکتی ہے۔ 
عصر اورمغرب کی نماز قائدین اورشرکاء وقت مقررہ پرادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK