Inquilab Logo

شہر اور مضافات میں جلوس عید میلاد النبیؐ روایتی جوش و خروش کے ساتھ نکالا گیا

Updated: September 30, 2023, 10:08 AM IST | Saeed Ahmed Khan /Iqbal Ansari/ Khalid ansari/Ejaz Abdul Gani/ Sajid Shaikh | Mumbai

ممبئی میں مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی پورے جوش و خروش اور اہتمام کے ساتھ عید میلادالنبیؐ کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں شرکاء میںشربت ، مٹھائی اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔جلوس میں ملک کےامن و امان کی دعائیں بھی کی گئیں۔

Ghatkopar. Photo. INN
گھاٹ کوپر۔ تصویر:آئی این این

ممبئی میں مرکزی جلوس کے ساتھ ساتھ شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی پورے جوش و خروش اور اہتمام کے ساتھ عید میلادالنبیؐ   کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں شرکاء  میںشربت ، مٹھائی اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔جلوس میں ملک کےامن و امان کی دعائیں بھی کی گئیں۔
مالونی :مبارک تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی دارین کی فلاح ہے: قاری انعام ثقلینی 
  ملاڈ مالونی میں جلوس عید میلاالنبیؐ بعد نماز جمعہ  مالونی انجمن جامع مسجد سے  شروع ہوا اور شہید عبدالحمید روڈ سے گزر کر اویس قرنی قبرستان چارکوپ ناکے پر ختم  ہوا۔انجمن جامع مسجد کے امام قاری انعام ثقلینی نے کہا کہ آج کا د‌ن بہت مبارک ہے ۔ ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم آقائے کریم کی ولادت کا جشن منانے کےساتھ آپ کی مبارک تعلیمات پر عمل کریں، اسی میں دارین کی فلاح ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر اور مقامی رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ ہم عید میلاد کا جشن تو مناتے ہیں مگر اس کا اصل پیغام فراموش کردیتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ  لوگو، میں دو چیزیں تمہارے درمیان چھوڑے جارہا ہوں ان پر عمل کرو گے تو دنیا و آخرت میں کامیابی تمہارے قدم چومے گی، پہلی چیز قرآن پاک اور دوسری سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ رسول کریم سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا عملی ثبوت  دیں۔
گھاٹکوپر: جلوس میں کرکٹر اور سابق رکن پارلیمنٹ اظہر الدین کی شرکت
 گھاٹکوپر میں سینٹرل عید میلادالنبیؐ کمیٹی کے زیر اہتمام جلوس عید میلادالنبی سنی جامع مسجد  چراغ نگر گھاٹکوپر سے پارک سائٹ وکھرولی تک سابق ریاستی وزیر محمد عارف نسیم خان کی صدارت میں نکالا گیا ۔ اس جلوس کی مولانا سید امین القادری (مالیگاؤں) نے قیادت کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے کرکٹر اور سابق رکن پارلیمنٹ اظہر الدین اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔معروف عالم دین مولانا امین القادری نے کہا کہ پیغمبر اسلام دنیا کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ نے انسانیت کی فلاح وبہبود اور امن وآشتی کا درس دیا اور اونچ نیچ کی تفریق کا خاتمہ فرمایا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب آپ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہوں اور سچی غلامی کا ثبوت دیں، یہی آمد مصطفےٰ کے جشن کا حقیقی مقصد ہے۔
ممبرا میں جوش و خروش کے ساتھ جلوس نکالا گیا
 ممبرا میں مولانا معین الدین اشرف عرف معین میاں کی قیادت اور ممبرا جلوس عید میلادالنبی کمیٹی کے ہارون برادران کی صدارت میں جلوس ممبرا ( بامبے کالونی ) سے حضرت فخر الدین شاہ بابارحمت علیہ کی درگاہ پر خصوصی دعا کے ساتھ ختم ہوا۔جلو س میں درگاہ اجمیر شریف اور دیگر جھانکیاں بھی نظر آئیں اور متعدد مقامات پر شرکاء کا پھول برسا کر استقبال کیاگیا۔ 
کلیان میں تزک و احتشام کےساتھ جلوس نکالا گیا
 کلیان میں حسب سابق پھول منڈی سے فلک شگاف نعروں کے ساتھ جلوس محمدی ﷺ برآمد ہوا۔ رضا مسجد کے امام مولانا عبدالولی سبحانی نے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے دعاکی اور ان کی دعا کے بعد جلوس بیل بازارسے ولی پیر روڈ، مچھلی بازار ٬گھاس بازار،مولوی کمپاؤنڈ سے ہوتا ہوا کے  ڈی ایم سی گراونڈ پر ختم ہوا۔
بھیونڈی :۱۹؍ویں جلوس محمدی ؐ  میں ملک میں امن و شانتی کیلئے دعا کی گئی
  رضا اکیڈمی بھیونڈی اور جلوس عید میلادالنبی ٹرسٹ کے زیر اہتمام مرکزی مسجد کوٹرگیٹ تا ماموں بھانجہ گراؤنڈ  ۱۹؍ واںسالانہ جلوسِ محمدی ﷺ نکالا گیا۔  اس موقع پر میونسپل کمشنر اجے ویدیہ،مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ،کانگریس کے صدر عبدالرشید طاہر مومن،سماج وادی پارٹی کے سابق صدر ریاض اعظمی کے ساتھ شہر کے متعدد سیاسی،سماجی رہنما،علماء اور دیگر  موجود تھے۔ قائد جلوس مولانا توصیف رضا خان نے ملک میں امن و شانتی اور بھائی چارے کیلئے خصوصی دعاکی۔میرا روڈ میں دعوت اسلامی اور تنظیم بزم رضا کی جانب سے نیا نگر میں روایتی جلوس نکالا گیا۔ اس موقع پر ملی تنظیموں کی جانب سے متعدد سرگرمیاں بھی انجام دیں گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK