شیوسینا یوبی ٹی لیڈر امباداس دانوے نے دعویٰ کیا کہ آننداچا شِدھا ، ماجھی سندر شالا ، ایک روپے میں فصل بیمہ ، صفائی مانیٹرنگ ، ایک ریاست ایک یونیفارم ، لاڈکا بھاؤ اپرنٹس شپ، یوجنادُوت اور وزیراعلیٰ تیرتھ درشن جیسی اسکیمیں بند کردی گئی ہیں
EPAPER
Updated: October 14, 2025, 8:14 AM IST | Mumbai
شیوسینا یوبی ٹی لیڈر امباداس دانوے نے دعویٰ کیا کہ آننداچا شِدھا ، ماجھی سندر شالا ، ایک روپے میں فصل بیمہ ، صفائی مانیٹرنگ ، ایک ریاست ایک یونیفارم ، لاڈکا بھاؤ اپرنٹس شپ، یوجنادُوت اور وزیراعلیٰ تیرتھ درشن جیسی اسکیمیں بند کردی گئی ہیں
شیوسینا شندے اور شیوسینا یوبی ٹی کے درمیان سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ شیوسینا (یوبی ٹی) نے شیوسینا شندے پر نیاحملہ کیا ہے۔ شیوسینا(یوبی ٹی ) کے لیڈر امباداس دانوے نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’ایکناتھ شندے کے دورِ حکومت میں شروع کی گئی آٹھ اسکیمیں فرنویس حکومت نے بند کر دی ہیں۔‘‘ خیا ل رہے کہ ’لاڈلی بہن‘ اسکیم کی وجہ سے ریاستی خزانے پر دباؤ بڑھ گیا ہے، اور کئی محکموں کا فنڈ خواتین و اطفال کی فلاح کے محکمے کو منتقل کیا گیا ہے۔ ایسا دعویٰ تو حکومت کے ہی کئی وزیروں نے بھی کیا ہے۔ سماجی انصاف کے وزیر سنجے شیرساٹ نے اس پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔اتنا ہی نہیں عام افراد اور کسانوں کیلئے مہایوتی حکومت نے جو اسکیمیں اسمبلی انتخابات سے قبل شروع کی تھیں، وہ بند کر دیے جانے کی شکایات لگاتار سننے کو مل رہی ہیں۔
اس وقت فنڈ کی کمی کی وجہ سے کئی اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں۔ نائب وزیراعلیٰ اور سابق وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی اہم اسکیم ’’آنند شِدھا‘‘ بند کیے جانے پر اپوزیشن، حکومت کو گھیررہی ہے۔ اس دوران، شیوسینا (یوبی ٹی) کے لیڈر امباداس دانوے نے ایسی آٹھ اسکیموں کی فہرست جاری کی ہے جو ایکناتھ شندے کے وزیراعلیٰ رہتے ہوئے شروع کی گئی تھیں، لیکن اب فرنویس حکومت نے انہیں بند کر دیا ہے۔ لوک ستہ کی رپورٹ کے مطابق امباداس دانوے نے یہ فہرست جاری کی ہے ، ان کا دعویٰ ہے کہ ان اسکیموں کو فرنویس حکومت نے بند کردیا ہے۔ جن میں (۱) آننداچا شِدھا یوجنا بند!۔(۲) ماجھی سندر شالا یوجنا بند!(۳) ایک روپے میں فصل بیمہ اسکیم بند!(۴) صفائی مانیٹرنگ اسکیم بند! (۵) ایک ریاست، ایک یونیفارم اسکیم بند!(۶) لاڈکا بھاؤ اپرنٹس شپ اسکیم بند!(۷) یوجنادُوت اسکیم بند!(۸) وزیراعلیٰ تیرتھ درشن اسکیم بند!۔ دانوے نے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا، ’’یہ اسکیمیں بند کرنے والی یہی موجودہ حکومت ہے۔ انتخابات کے موقع پر شروع کی گئی ان اسکیموں کا یہ فریب ہم عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔‘‘انہوں نے ایکس (ٹویٹر) پر پوسٹ میں لکھا،’’عام لوگوں کو معمولی فائدہ دینے والی اسکیمیں بند کر کے فرنویس حکومت نے اپنے ہی ساتھیوں کے فیصلوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ جو ’کٹ ماسٹر‘ ہم سے الگ ہوئے، وہ اس پر ایک لفظ نہیں بولیں گے....‘‘