حال ہی میں شندے گروپ میں شامل ہونے والے ایم ایل سی نے مراٹھی عوام کیلئے دونوں لیڈران سےمتحد ہونے کی اپیل کی۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 1:59 PM IST | Mumbai
حال ہی میں شندے گروپ میں شامل ہونے والے ایم ایل سی نے مراٹھی عوام کیلئے دونوں لیڈران سےمتحد ہونے کی اپیل کی۔
شیوسینا(ادھو) کے ایم ایل سی اور پرجاکتی شکتی تنظیم کے سربراہ بچو کڑو نے شیو سینا کے دونوں گروہوں کے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میںنئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے شیو سینا (ادھو) کے لیڈرسنجے راؤت پر بھی سخت تنقید کی اور کسانوں کے قرض معافی منصوبوں پر سوالات اٹھائے ۔
ممبئی میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بچو کڑو نے کہا کہ شیو سینا مراٹھی عوام کی شناخت اور فخر کی علامت ہے، اسلئے اندرونی اختلافات کو ختم کرکے ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے کو ایک ساتھ آ جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں نہ کوئی مستقل دوست ہوتا ہے اور نہ مستقل دشمن۔ دونوں قائدین کو ریاست میں اپنی طاقت مضبوط بنانے کیلئے متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیوی بھوانی سے دعا کریں گے کہ شیو سینا کے دونوں گروپ متحد ہو کر مراٹھی عوام کی حقیقی آواز بنیں۔ حال ہی میں مہایوتی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر بچو کڑو نے تنقید کی ہے اوربلامقابلہ تمام کسانوں کے قرض معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ رکن اسمبلی نے سوال اٹھایا کہ کیا ضلع کلکٹروں، اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمان اور زمین رکھنے والے مالدار تاجروں کو بھی قرض معافی دی جانی چاہئے؟ انہوں نے کہا کہ قرض معافی کیلئے واضح معیار طے کرنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دلت-مسلم انکاؤنٹر پر الگ رویہ کیوں؟: جیتن مانجھی
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی مناسب درجہ بندی کی جائے اور خوشحال زمینداروں، تاجروں، سرکاری افسران اور منتخب نمائندوں کو اس دائرے سے باہر رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جامع فہرست تیار کی جانی چاہئے تاکہ سرکاری فوائد حقیقی اور ضرورت مند کسانوں تک پہنچ سکیں۔ بچو کڑو نے سنجے راؤت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بار بار اور اشتعال انگیز بیانات نے شیوسینا(ادھو) کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سنجے راؤت کم بولتے اور زیادہ کام کرتے تو آج سیاسی صورتحال مختلف ہوتی۔ ان کے مطابق کارکردگی محض بیانات سے کہیں زیادہ اہم ہے اور عملی نتائج کو ترجیح دی جانی چاہئے۔مانسون میں تاخیر کے باعث کسانوں کو درپیش مشکلات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بچو کڑو نے کہا کہ سویابین سمیت کئی اہم فصلوں کی بوائی کا وقت تقریباً گزر چکا ہے، جس سے کسان شدید غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں کوئی بھی ہو، حکومت کی توجہ کا مرکز کسان ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس مسئلے کو ایوان میں اٹھایا ہے اور امید ظاہر کی کہ حکومت تاخیر سے ہونے والی بارشوں سے متاثر کسانوں کو فوری مدد فراہم کرے گی۔