Inquilab Logo

بی جے پی کے پروگرام میں بھگدڑ، معمر خاتون ہلاک

Updated: March 10, 2024, 12:09 PM IST | Ali Imran | Nagpur

ناگپور میں مزدور خواتین میں کچن کٹ تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ پروگرام میں حالات بے قابو ہوگئے، اپوزیشن برہم، معائوضے کا مطالبہ۔

When the situation got out of control, the BJP workers left the women to fend for themselves. Photo: INN
صورتحال بے قابو ہونے پر بی جے پی کارکنان خواتین کو ان کے حال پر چھوڑ کر چلے گئے۔ تصویر : آئی این این

سنیچر کو ناگپور میں منعقدہ بی جے پی کے ایک پروگرام میں اندوہ ناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک خاتون کی موت ہوگئی جبکہ ۴؍ لوگ زخمی ہیں۔ یہ چاروں بھی خواتین ہیں۔ اطلاع کے مطابق بی جے پی کی مقامی یونٹ کی جانب سے تعمیراتی کاموں کے مزدوروں میں ضروری اشیا کی کٹ تقسیم کیلئے یہ پروگرام رکھا گیا تھا جس میں بھگدڑ مچ گئی اور افراتفری پھیل گئی۔ 
اطلاع کے مطابق ناگپور بی جے پی نے شہر کے سریش بھٹ آڈیٹوریم میں ۸؍ تا ۱۱؍ مارچ ایک کیمپ لگا رکھا تھا جس میں تعمیراتی کام کرنے والے رجسٹرڈ مزدوروں کو کھانے پینے اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل کچن کٹ تقسیم کئے جا رہے تھے۔ حالانکہ جمعہ ہی کو حالات بے قابو تھے لیکن منتظمین نے اس سے کوئی سبق نہیں لیا اور سنیچر کو یہ حادثہ پیش آیا۔ جمعہ کی صبح ۵؍ بجے ہی سے ہزاروں خاتون مزدوروں نے کچن کٹ کی آس میں آ ڈیٹوریم کے باہر قطار لگا رکھی تھی۔ آڈیٹوریم کھلنے پر ساڑھے ۳؍ ہزار لوگوں کو اندر بلایا گیا اور قطار میں لگایا گیا لیکن کچھ دیر بعد اہلکاروں نے کہا سرور ڈائون ہے تھوڑا رکنا پڑے گا۔ ہال کے اندر پنکھے اور پانی کا انتظام نہیں تھا۔ ان خواتین کادم گھٹنےلگا تو وہ باہر نکلنے لگیں۔ جس ترتیب کے ساتھ مزدور خواتین کو اندر بلایا گیا تھا، باہر نکلتے وقت وہ ترتیب نہیں تھی۔ لہٰذا بدنظمی پیدا ہو گئی مگر کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ 
سنیچر کو دوبارہ صبح سویرے تقریباً ۱۲؍ ہزار خواتین آڈیٹوریم کے باہر جمع تھیں۔ ساڑھے ۱۰؍ بجے آڈیٹوریم کھلنے کے بعدکل والی صورتحال نہ ہو اس لئے خواتین نے دوڑ کر اندر قطار میں کھڑے ہونے کی کوشش کی۔ اس میں حالات بے قابو ہو گئے اور بھگدڑ سی مچ گئی۔ اس دوران منوبائی تلسی رام راجپوت (۶۵) نامی خاتون گر پڑیں، اور بے ہوش ہو گئیں۔ انہیں اٹھا کر اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیدیا۔ ان کے علاوہ ۴؍ خواتین زخمی ہیں جبکہ ۸؍ تا ۱۰؍ خواتین کو چوٹیں آئی ہیں۔ 
 منتظمین رفو چکر 
اطلاع کے مطابق اس حادثے کے بعد منتظمین اور بی جے پی کارکنان وہاں سے چلتے بنے۔ زخمیوں کی مدد کیلئے وہاں پولیس اہلکاروں کے علاوہ اور کوئی نہیں تھا۔ حتیٰ کہ میونسپل کارپوریشن کے افسران بھی وہاں سے رفو چکر ہو گئے۔ اس صورتحال کو دیکھ کر خواتین برہم ہو گئیں اور انہوں نے منتظمین کے خلاف نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ کسی طرح پولیس نے انہیں سمجھا بجھا کر خاموش کیا۔ 
اپوزیشن برہم، خواتین کیلئے معائوضے کا مطالبہ
یاد رہے کہ بی جے پی کے مقامی صدر جتیندر عرف بنٹی کوکڑے نے اس پروگرام کا انعقاد یوم خواتین کی مناسبت(۸؍ مارچ) سے کیا تھاجس کا افتتاح نا ئب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کیا تھا۔ حادثے کے بعد اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا ’’ ان خواتین کی موت کا ذمہ دار کون ہے؟‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک نہیں ۲؍ خواتین کی موت ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی اس حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مہلوکین کو ۲۵؍ لاکھ اور زخمیوں کو ۱۰؍ لاکھ کا معائوضہ دے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK