اس کارکردگی پر پورے سینٹرل ریلوے ڈویژن میں ان کی ستائش اورپزیرائی کی جارہی ہے۔
EPAPER
Updated: March 16, 2026, 11:21 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اس کارکردگی پر پورے سینٹرل ریلوے ڈویژن میں ان کی ستائش اورپزیرائی کی جارہی ہے۔
سینٹرل ریلوے کے ٹکٹ چیکر محمد شمس چاند نے رواں مالی سال کے لئے ممبئی ڈویژن میں اپنی شاندار کامیابی درج کراتے ہوئے ایک کروڑ ۳۸؍ہزار ۵۰۵؍ روپے جرمانہ کے طور پروصول کیا ہے۔ انہوں نے جرمانہ کی یہ رقم ۱۱؍ ہزار ۴۸۳؍ کیسز کے عوض یکم اپریل ۲۰۲۵ء تا ۱۵؍مارچ ۲۰۲۶ء ۱۱؍ماہ ۱۵؍ دن کے درمیان حاصل کی ہے۔ اس شاندار کامیابی کے ذریعے وہ ممبئی ڈویژن کے پہلے ٹکٹ چیکر بن گئے ہیں ۔ سینٹرل ریلوے کے سینئرافسران کی جانب سے کام کے تئیں ان کی لگن اور شاندار کارکردگی پر ستائش کی جارہی ہے اور ان کی اس کامیابی کو ریلوے کو ہونے والے ریوینیو کے نقصان کو بچانے میں اہم کردار ادا کرنے والا عمل قرار دیا جارہا ہے۔
سینٹرل ریلوے کےچیف پی آر اوڈاکٹر سوپنل نیلا کے مطابق’’ محمد شمس چاند کی اس کی کامیابی نے ٹکٹ کی جانچ کرنے والی برادری کی ساکھ کو حقیقی معنوں میں مضبوط کیا ہے اور دوسروں کیلئے ایک متاثر کن معیار قائم کیا ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’ای‘ رِکشا اور ’ای‘ بائیک کیلئے پرمٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ
محمد شمس چاند کاتعلق یوپی کے ضلع گورکھپور سے ہے اور وہ ہاکی کے بہترین کھلاڑی ہیں ، اسی بنیاد پر ۲۰۰۰ءمیں انہیں اسپورٹس کوٹہ سے ریلوے میں منتخب کرتے ہوئے ٹکٹ چیکر بنایا گیا تھا۔
نمائندۂ انقلاب کےان کی اس کامیابی کے تعلق سے پوچھنے پرمحمد شمس چاندنے بتایا کہ ’’اس کامیابی کی تین وجوہات ہیں ۔ اوّل فرض شناسی، دوسرے محنت اور تیسرے صحیح انتخاب۔ صحیح انتخاب کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نےبتایا کہ سی ایس ایم ٹی سے اگت پوری تک ان کا حلقہ ہے، حالانکہ وہ کسی بھی گاڑی میں ٹکٹ چیک کرسکتے ہیں ۔ اس دوران جن گاڑیوں میں زیادہ بھیڑبھاڑ ہوتی ہےیا تہواروں کاسیزن ہوتا ہے، اس کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں، اس سےیہ کامیابی ممکن ہوئی ہے، اس سے قبل بھی وہ ریکارڈ بناچکے ہیں۔ ‘‘