مرکزی وزیر نے الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ کو ملک کی معیشت کا ایک اہم ستون بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن اور دور اندیشی کی تعریف کی۔
EPAPER
Updated: June 18, 2026, 5:03 PM IST | New Delhi
مرکزی وزیر نے الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ کو ملک کی معیشت کا ایک اہم ستون بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن اور دور اندیشی کی تعریف کی۔
مرکزی وزیر برائے الیکٹرونکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، اشوینی ویشنو نے کہا ہے کہ الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ اب ہندوستان سے برآمد ہونے والی اشیاء کی درجہ بندی میں تیسری سب سے بڑی کیٹیگری بن چکی ہے۔ مرکزی وزیر نے الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ کو ملک کی معیشت کا ایک اہم ستون بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن اور دور اندیشی کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھئے:خراب شروعات کے باوجود پُرتگال کا ورلڈ کپ ابھی ختم نہیں ہوا ہے: رونالڈو
ہندوستان کی الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ صنعت اب ۱۳؍ لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔ ابتدا میں اس شعبے کا ہدف برآمدات کی سرفہرست ۱۰؍ کیٹیگریز میں جگہ بنانا تھا، لیکن اس کے بعد یہ مسلسل نویں، ساتویں، پانچویں، چوتھی اور اب تیسری پوزیشن تک پہنچ گیا ہے۔ اشوینی ویشنو نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ساتھ پونے کے رنجن گاؤں میں جے بل (Jabil) کی جدید اور ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) عالمی ترقی کی ایک بڑی قوت بن چکی ہے اور اس کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کا ملک کے اندر تیار ہونا نہایت ضروری ہے۔ویشنو نے کہا کہ آج اے آئی ڈیٹا سینٹرز دنیا بھر میں ترقی کے ایک بڑے انجن کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ اس لیے وزیر اعظم کی ’’میک اِن انڈیا‘‘ اسکیم کے تحت یہ یقینی بنانا اہم ہے کہ ان ڈیٹا سینٹرز کو چلانے والے بنیادی الیکٹرونکس پرزہ جات کی تیاری ہندوستان میں ہی ہو۔
انہوں نے کہا کہ چند سال قبل تک ہندوستان سے الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ اور برآمدات کا تصور بھی مشکل سمجھا جاتا تھا، لیکن وزیر اعظم مودی کی واضح سوچ اور پالیسیوں نے ہندوستان کو ایک قابلِ اعتماد عالمی مینوفیکچرنگ شراکت دار بنا دیا ہے۔ جے بل اپنی جدید اور انتہائی ترقی یافتہ یونٹ کے ذریعے پونے میں ڈیٹا سینٹرز کے لیے ضروری اہم الیکٹرونک آلات تیار کرے گی۔سرکاری بیان کے مطابق، اس پلانٹ کی پیداواری صلاحیت بہت زیادہ ہے اور یہ ہندوستان کی اندرونی تکنیکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف ممالک کو برآمدات بھی کرے گا۔
الیکٹرونک پرزہ جات، تیار شدہ الیکٹرونک مصنوعات اور مقامی سپلائی چین کو آپس میں جوڑنے والا یہ نیا نظام ملک کو اہم سماجی اور اقتصادی فوائد فراہم کرے گا۔ یہ یونٹ ایک جدید ترین الیکٹرونکس مینوفیکچرنگ مرکز ہے، جو جدید تکنیکی انفراسٹرکچر کی تعمیر میں مہارت رکھتا ہے۔ اس پلانٹ میں اے آئی سسٹمز، اے آئی پر مبنی ڈیٹا سینٹر آلات، ۵؍جی ٹیکنالوجی، اعلیٰ معیار کے نیٹ ورکنگ آلات، صنعتی توانائی کے الیکٹرونک نظام اور صارفین کے لیے الیکٹرونک مصنوعات جیسے پیچیدہ آلات تیار کیے جائیں گے۔