• Fri, 07 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایلون مسک کیلئے ایک ٹریلین ڈالر کا تنخواہی پیکیج منظور،پہلےکھرب پتی بننے کے قریب

Updated: November 07, 2025, 10:59 AM IST | California

ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کیلئے ایک تاریخی تنخواہی منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کی مالیت ممکنہ طور پر ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ منصوبہ کمپنی کی مستقبل کی ترقی، مصنوعی ذہانت، خودکار گاڑیوں اور روبوٹکس کے میدان میں پیش رفت سے مشروط ہے۔

Elon Musk. Photo: INN
ایلون مسک۔ تصویر: آئی این این

ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کیلئے ایک بھاری بھرکم تنخواہی پیکیج کی بھرپور حمایت کی ہے، جو ممکنہ طور پر ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ یہ تنخواہی پیکیج اس مقصد کیلئے تیار کیا گیا ہے کہ مسک برقی گاڑیوں کے اس ادارے کے ساتھ کام جاری رکھیں جو مصنوعی ذہانت(اے آئی) اور روبوٹکس کے میدان میں انقلابی ٹیکنالوجی پر کام کر رہا ہے۔ کمپنی کے ایک عہدیدار کے مطابق، جمعرات کو ہونے والے سالانہ اجلاس میں ۷۵؍ فیصد سے زیادہ شیئر ہولڈرز نے اس منصوبے کے حق میں ووٹ دیا۔ ۲۰۱۸ء میں منظور کئے گئے معاوضے کے منصوبے کی طرح، یہ نیا۱۲؍ درجوں پر مشتمل پیکیج بھی مسک کی تنخواہ کو ایک غیر معمولی ہدف سے جوڑتا ہے یعنی ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو۴ء۱؍ ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر۵ء۸؍ ٹریلین ڈالر تک لے جانا، اور ساتھ ہی کئی بڑے اہداف حاصل کرنا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اکتوبر میں مسجد اقصیٰ میں غیر قانونی اسرائیلیوں نے ۲۷؍ مرتبہ دراندازی کی: فلسطین

ان اہداف میں ۱۰؍لاکھ ہومینائیڈ روبوٹس فروخت کرنا اور۱۰؍ ملین پیڈ سبسکرپشنز حاصل کرنا شامل ہیں جو اس کے سیلف ڈرائیونگ سافٹ ویئر کیلئے ہوں گی۔ اس ہدف تک پہنچنے کیلئے، ٹیسلا کے اسٹاک کو موجودہ سطح سے۴۶۶؍ فیصد تک بڑھنا ہوگا — جو اسے نِوِڈیا (Nvidia) سے تقریباً ۷۰؍فیصد زیادہ قیمتی بنا دے گا، جو گزشتہ ہفتے ۵؍ ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی بن گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ڈبلیو ایچ او سمٹ میں ۴۰؍ ممالک سے ۴۰۰؍ نوجوان لیڈران کی شرکت، تنہائی کو ’صحت کا بڑا مسئلہ‘ قرار دیا

روبوٹ کاروں کا عروج
تاہم، ٹیسلا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ سال کے پہلے نصف میں کمپنی کی فروخت اور منافع میں کمی آئی ہے، اور امریکی حکومت کی الیکٹرک گاڑیوں کے خریداروں کیلئے مراعات بھی ختم ہو گئی ہیں۔ اس کے باوجود، ایلون مسک اور ٹیسلا کے اعلیٰ حکام پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی اب صرف برقی کاروں تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ مستقبل کو خودکار گاڑیوں، ’’روبوٹیکسیز‘‘ (Robotaxis) اور انسانی نما روبوٹس پر مرکوز کر رہی ہے۔ اگرچہ راستہ دشوار ہے، مگر اس ووٹ نے مسک کیلئے تاریخ کا پہلا ٹریلینیئر بننے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ ایلون مسک کی موجودہ دولت تقریباً۴۸۰؍ ارب ڈالر ہے جیسا کہ فوربز کی تازہ ترین ریئل ٹائم فہرست میں بتایا گیا ہے۔ وہ اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ ان کے بعد اوریکل کے سی ای او لیری ایلیسن ہیں جن کی دولت۳۵۰ء۷؍ارب ڈالر ہے، جبکہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ۲۴۵ء۸؍ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ یونیورسٹی آف پینسلوینیا سے گریجویشن اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ڈراپ آؤٹ ہونے کے بعد، مسک نے اپنی پہلی دولت اس وقت کمائی جب انہوں نے ۱۹۹۹ءمیں اپنی آن لائن پبلشنگ سافٹ ویئر کمپنی کو کمپیوٹر ساز کمپنی کمپیک (Compaq) کو ۳۰۰؍ملین ڈالر سے زائد میں فروخت کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK