• Fri, 07 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکتوبر میں مسجد اقصیٰ میں غیر قانونی اسرائیلیوں نے ۲۷؍ مرتبہ دراندازی کی: فلسطین

Updated: November 06, 2025, 10:06 PM IST | Gaza

فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر میں مسجد اقصیٰ میں غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں نے ۲۷؍ مرتبہ دراندازی کی،ان غیر قانونی یہودی آبادکاروں نے تلمودی رسومات ادا کیں اور رقص کیے، اور مسجد کے احاطے میں نباتاتی قربانیاں پیش کیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر میں مسجد اقصیٰ میں غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں نے ۲۷؍ مرتبہ دراندازی کی،ان غیر قانونی یہودی آبادکاروں نے تلمودی رسومات ادا کیں اور رقص کیے، ساتھ ہی مسجد کے احاطے میں نباتاتی قربانیاں پیش کیں۔فلسطینی وزارت اوقاف و امور مذہبیہ نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں بتایا کہ انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتامر بن گیور کے ساتھ کنیسٹ ( اسرائیلی پارلیمنٹ) کے متعدد اراکین نے بھی گزشتہ مہینے ایک یہودی تہوار کے موقع پر مسجد میں دراندازی کی۔ وزارت کے مطابق،۲۰۲۲ء میں اپنے عہدے پر فائز ہونے کے بعد سے، بن گیور نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں۱۳؍ بار زبردستی داخلہ کیا ہے، جس میں سے۱۰؍مرتبہ اکتوبر۲۰۲۳ء میں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: یورپی کمشنر سے غزہ کی تعمیر نو میں اسرائیل کے کردار پر سوال : اطالوی صحافی برطرف

واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا دنیا کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔ یہودی اس علاقے کو ہیکل ماؤنٹ کہتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ قدیم زمانے میں دو یہودی ہیکلوں کا مقام تھا۔اسرائیل نے۱۹۶۷ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران مشرقی یروشلم، جہاں مسجد اقصیٰ واقع ہے، پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس نے۱۹۸۰ء میں پورے شہر کو اپنے ساتھ ضم کر لیا،  تاہم اسرائیل کے اس اقدام کو بین الاقوامی برادری نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔وزارت نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ ویسٹ بینک کے شہر الخلیل میں واقع ابراہیمی مسجد میں گزشتہ مہینے۹۶؍ بار اذان سے روکا۔رپورٹ کے مطابق، ابراہیمی مسجد میں اسرائیلی جھنڈے لہرائے گئے، اسرائیلی فوج کی طرف سے اشتعال انگیز دورے کیے گئے، اس کے علاوہ مسجد کے اندر تورات کے اسٹینڈ، لکڑی کے کٹر، پلاسٹک کی کرسیاں، خیمے، لاؤڈ اسپیکر اور موسیقی کے آلات سمیت مذہبی سامان رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: یوٹیوب نے اسرائیلی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی ۷۰۰؍ویڈیوز حذف کر دیں

فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر۲۰۲۳ء کے بعد سے پورے مقبوضہ ویسٹ بینک میں اسرائیلی حملوں میں تیزی آئی ہے، جس میں۱۰۶۵؍ سے زیادہ فلسطینی شہید اور تقریباً۱۰؍ ہزار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔دریں اثناء گذشتہ سال جولائی میں ایک تاریخی رائے میں، بین الاقوامی عدالت انصاف نے فلسطینی علاقے پر اسرائیلی قبضے کو غیر قانونی قرار دیا اور ویسٹ بینک اور مشرقی یروشلم میں موجود تمام غیر قانونی یہودی بستیوں کو خالی کرانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK