بیرون ملک ہندوستانی ڈیٹا کو کاپی یا ڈِکرپٹ کرنے پر پابندی۔ وزیر مملکت برائے مواصلات پیماسانی چندر شیکھر نے کہا کہ یہ منظوری کمپنی کے گھریلو قوانین اور سیکوریٹی حالات کی تعمیل پر دی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: August 24, 2025, 7:22 PM IST | New Delhi
بیرون ملک ہندوستانی ڈیٹا کو کاپی یا ڈِکرپٹ کرنے پر پابندی۔ وزیر مملکت برائے مواصلات پیماسانی چندر شیکھر نے کہا کہ یہ منظوری کمپنی کے گھریلو قوانین اور سیکوریٹی حالات کی تعمیل پر دی گئی ہے۔
حکومت نے سیٹیلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی اسٹار لنک کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ مواصلات کے ریاستی وزیر پیماسانی چندر شیکھرنے کہا کہ یہ منظوری کمپنی کے گھریلو قوانین اور سیکوریٹی حالات کی تعمیل پر دی گئی ہے۔ قوانین کے تحت اسٹارلنک ہندوستان سے باہر کسی بھی ڈیٹا کو کاپی یا ڈکرپٹ نہیں کر سکے گا۔ نیز، ہندوستانی صارفین کے انٹرنیٹ ٹریفک کو بیرون ملک کسی بھی سسٹم میں عکس بند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھئیے:۹۵؍ فیصد کمپنیوں کو اے آئی سے کوئی ٹھوس فائدہ نہیں ملا
اسٹار لنک کو یونیفائڈ لائسنس ملا
وزیر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سیکوریٹی سے متعلق حالات کے تحت سیٹیلائٹ کمیونیکیشن فراہم کرنے والوں کو ہندوستان میں ہی ارتھ اسٹیشن گیٹ ویز قائم کرنے ہوں گے، جس کے ذریعے سیٹیلائٹ سے صارفین تک مواصلات کی ترسیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن نے اسٹار لنک سیٹیلائٹ کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کو یونیفائڈ لائسنس (یو ایل) دیا ہے۔ یہ لائسنس اس وقت دیا گیا ہےجب امریکی کمپنی اس میں رکھی گئی تمام شرائط بالخصوص سیکوریٹی سے متعلق شرائط پر عمل کرنے پر راضی ہوئی۔ یہ شرائط تمام سیٹ کام کمپنیوں پر لاگو ہوتی ہیں۔
وزیرمملکت نے کہا کہ سیکوریٹی سے متعلق شرائط میں ہندوستان میں ارتھ اسٹیشن گیٹ وے کا قیام شامل ہے، تاکہ سیٹیلائٹ پر مبنی مواصلاتی خدمات فراہم کی جاسکیں۔ اس کے تحت ہندوستان آنے یا جانے والا کوئی بھی صارف ٹریفک بیرون ملک واقع کسی گیٹ وے سے نہیں جائے گا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ڈیٹا کی کاپی یا ڈکرپشن ملک سے باہر نہیں کی جائے گی اور ہندوستانی صارف کی ٹریفک بیرون ملک واقع کسی سسٹم یا سرور پر عکس بند نہیں ہوگی۔