• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکشے کمار ایکشن اور کامیڈی ہی نہیں رومانس بھی کرتے ہیں

Updated: September 09, 2026, 1:10 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندی فلم انڈسٹری میں چند اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنی مسلسل محنت، غیر معمولی جسمانی صلاحیت، وقت کی پابندی اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کے ذریعے ایک طویل عرصے تک اپنی شناخت برقرار رکھی۔

Khiladi Kumar Akshay Kumar. Photo: INN.
کھلاڑی کمار اکشے کمار۔ تصویر: آئی این این

ہندی فلم انڈسٹری میں چند اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنی مسلسل محنت، غیر معمولی جسمانی صلاحیت، وقت کی پابندی اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کے ذریعے ایک طویل عرصے تک اپنی شناخت برقرار رکھی۔ اکشے کمار کا شمار انہی فنکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ نہ صرف بالی ووڈ کے کامیاب اداکار ہیں بلکہ ان کی زندگی ایک ایسے نوجوان کی جدوجہد کی کہانی بھی ہےجس نے عام حالات سے نکل کر اپنی محنت اور عزم کے سہارے فلمی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔اکشے کمار کا اصل نام راجیوہری اوم بھاٹیہ ہے۔ ان کی پیدائش ۹؍ ستمبر ۱۹۶۷ءکوہوئی۔ان کے بچپن اور نوجوانی کے زمانے کا تعلق دہلی اور پھر ممبئی سے رہا۔ ابتدا ہی سے انہیں کھیل کود اور جسمانی سرگرمیوں میں دلچسپی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:اکشے کمار کا ’’حیوان‘‘ اوتار: ’’میرے کردار میں کوئی گرے شیڈ نہیں، وہ مکمل طور پر برا ہے‘‘

اکشے کمار نے ۱۹۹۱ءمیںفلم ’سوگندھ‘ کے ذریعےبطور مرکزی اداکار اپنےفلمی سفر کا آغاز کیا۔ اگرچہ یہ فلم انہیں فوری طور پر سپر اسٹار نہیں بنا سکی، لیکن انہوں نے جلد ہی اپنی صلاحیتوں کا احساس دلانا شروع کر دیا۔ان کی زندگی میں اصل تبدیلی ۱۹۹۲ءمیںریلیز ہونے والی فلم ’کھلاڑی‘سے آئی۔ یہ فلم ایک کامیاب تھرلر ثابت ہوئی اور اکشے کمار کے لیے شہرت کے نئے دروازے کھول دیے۔ فلم کی کامیابی کے بعد ان کی شناخت ایک ایسے نوجوان اداکار کے طور پر ہونے لگی جو خطرناک ایکشن سین کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

’کھلاڑی‘کی کامیابی اتنی بڑی تھی کہ اس نے اکشے کمار کے نام کےساتھ ہمیشہ کے لیے ایک نئی شناخت جوڑ دی۔ بعد میں کئی فلموں کے عنوان میں ’کھلاڑی‘ کا لفظ استعمال ہوا اور اکشے کمار ’کھلاڑی کمار‘ کے نام سے مشہور ہو گئے۔۹۰ءکی دہائی اکشے کمار کے ایکشن ہیرو کےطورپر ابھرنے کا زمانہ تھا۔ ’مہرا‘، ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘، ’سب سے بڑا کھلاڑی‘، ’کھلاڑیوں کا کھلاڑی‘ اور دیگر فلموں نے انہیں بالی ووڈ کے صف اول کے ایکشن ستاروں میں شامل کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان نے انڈرورلڈ کی دھمکیوں کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا

۲۰۰۰ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’ہیرا پھیری‘ اکشے کمار کے کریئر کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ پریش راول اور سنیل شیٹی کےساتھ ان کی جوڑی نے ناظرین کو بے حد محظوظ کیا۔اس کے بعد کامیڈی ان کے کیریئر کا ایک اہم حصہ بن گئی۔ ’مجھ سے شادی کروگی‘، ’گرم مصالحہ‘، ’پھر ہیرا پھیری‘، ’بھول بھلیاں‘، ’ویلکم‘، ’ہے بے بی‘  اور ’سنگھ از کنگ‘ جیسی فلموں نے انہیں کامیڈی کے میدان میں بھی مضبوط مقام دلا دیا۔اکشے کمار کے بارے میں اکثر یہ تصور رہا کہ وہ بنیادی طور پر ایکشن اور کامیڈی کے اداکار ہیں، لیکن ان کے فلمی سفر میں کئی ایسی فلمیں بھی شامل ہیں جن میں انہوں نے رومانوی اور جذباتی کردار کامیابی سے ادا کیے۔’دھڑکن‘ میں ان کا کردار ناظرین کے دلوں میں اتر گیا۔ اسی طرح ’انداز‘ اور ’نمستے لندن‘ میں انہوں نے رومانس کے مختلف رنگ پیش کیے۔’اعتراض‘میں انہوں نے ایک سنجیدہ اور پختہ کردار ادا کیا، جبکہ ’اجنبی‘ میں منفی کردار نبھا کر اپنی اداکاری کا ایک بالکل مختلف پہلو دکھایا۔ اکشے کمار کو اپنے طویل فلمی سفر میں متعدد ایوارڈز اور اعزازات ملے ہیں۔فلم ’اجنبی‘ میں منفی کردار کے لیے انہیںفلم فیئر ایوارڈ ملا، جبکہ ’گرم مصالحہ‘ میں ان کی کامیڈی کو بھی اعزاز سےنوازا گیا۔ فلم ’رستم‘ کے لیے انہیں بہترین اداکار کے قومی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔۲۰۰۹ءمیںانہیں ’پدم شری‘ سے بھی نوازا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK