ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی کابیان، کہا کہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: April 18, 2026, 10:09 AM IST | Tehran
ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی کابیان، کہا کہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ دشمن ایرانی قوم کو جھکانے کی حسرت اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے، ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے دشمن قوتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مغلوب کرنے کا امریکہ اور اسرائیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اور ایرانی قوم اپنے وقار کے تحفظ کے لئے پوری طرح متحد ہے۔
میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ سپریم لیڈر کی شہادت سے قوم کے حوصلے پست ہونے کے بجائے مزید بلند ہوئے ہیں ، دشمن نے سمجھا تھا کہ قیادت کو نشانہ بنا کر وہ ایران کو ہرا دیں گے لیکن یہ ان کی بڑی بھول ہے۔ دہائیوں سے جاری دباؤ اور حملوں کے باوجود عوام کا آہنی عزم متزلزل نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی پابندیوں کی رعایت ختم ہونے پر بھی ہندوستان روسی تیل خریدتا رہے گا: رپورٹ
ایرانی آرمی چیف نے انکشاف کیا کہ جب ایرانی سفارتی حکام مذاکرات میں مصروف تھے، تب ملک کو دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم حکام کی جرأت مندانہ کوششوں کی بدولت جنگ کے دوران ایران کے لئے کوئی بڑا مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیا گیا۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کو ’بحری قزاقی‘ کی ایک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ایسی کوششوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ دشمنوں کی یہ خواہش ہے کہ ایران ان کے سامنے ہتھیار ڈال دے مگر وہ یہ حسرت اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے۔ ایرانی فوج اپنی آزادی کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔