• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہندوستانی شیئر بازار میں شاندار واپسی

Updated: November 16, 2026, 1:00 PM IST | Mumbai

دوماہ کی مسلسل فروخت کے بعد نومبر کے ابتدائی ۱۵؍ دنوں میں ۸۴؍ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی ، ’اے آئی ‘ کے بازار میں سست روی اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا اہم رول۔

Despite recent purchases, foreign investors have only been able to reinvest a small fraction of the total amount withdrawn so far this year. Image: INN
تازہ خریداری کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کار اس سال اب تک نکالی گئی مجموعی رقم کا چھوٹا حصہ ہی واپس لگا سکے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ممبئی (ایجنسی):  دو ماہ کی مسلسل فروخت کے بعد نومبر کے ابتدائی ۱۵؍ دنوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہندوستانی شیئر بازار میں شاندار واپسی کی ہے۔ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے وابستہ شیئرس کی فروخت کے رجحان، خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور بڑی کمپنیوں کے شیئرکی پرکشش قیمتوں کے پیش نظر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے۲؍مسلسل مہینوں تک رقم نکالنے کے بعد شیئر بازار میں۸۴؍ہزار ۲۹۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ نومبر کے پہلے ہفتے میں خام تیل’برینٹ‘ کی قیمت تقریباً۱۳؍ فیصد کم ہوکر۹۷؍ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی  ۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایف اے اے ہندوستان کے فضائی تحفظ کے نظام کا آڈٹ کرے گا

اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ۳۴؍ ہزار  ۸۴۳؍ کروڑ روپے اور ستمبر میں۳۵؍ہزار ۸۶۱؍کروڑ روپے کی خالص رقم شیئر  بازار سے نکالی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) نے۲؍ سے۱۳؍نومبر کے درمیان  یعنی کاروبار کے۹؍سیشنوں میں ہندوستانی شیئر بازار میں مجموعی طور پر۸۴؍ہزار ۲۹۰؍کروڑ روپے کی خالص سرمایہ کاری کی۔ اس تازہ سرمایہ کاری کے بعد۲۰۲۶ءمیں شیئر بازار  سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مجموعی خالص رقم نکالنے کا حجم کم ہوکر تقریباً۲ء۱؍لاکھ کروڑ روپے رہ گیا ہے، جو چند ہفتے قبل تقریباً۳؍ لاکھ کروڑ روپے تھا۔ سرمایہ کاری کے پلیٹ فارم ’ٹریک ‘ کے شریک بانی اور سی ای او ویدانت گپتے نے کہا کہ نومبر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خریداری ایک بڑی مگر عارضی تبدیلی ہے، اسے ابھی مستقل واپسی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ایشیائی بازاروں میں اے آئی سے متعلق شیئر بازار میں سرمایہ کاری سے رقم نکلنے کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہندوستانی بازار میں اپنی کم سرمایہ کاری کی پوزیشن کو بڑی حد تک تبدیل کیا ہے۔ تاہم، اس سرمایہ کاری کا بیشتر حصہ بڑی کمپنیوں کے اہم شیئرمیں لگایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تازہ خریداری کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کار اس سال اب تک نکالی گئی مجموعی رقم کا صرف ایک چھوٹا حصہ ہی واپس لگا سکے ہیں جبکہ ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار بازار میں تیزی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع وصول کر رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں  بازار کی سمت کا انحصار امریکی فیڈرل ریزرو کی میٹنگ کی تفصیلات، ایران اور خلیجی خطے کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں خام تیل کی قیمتوں، روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور اگلے ہفتے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات پر ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: جعلی عدالتی احکامات کے ذریعے ۱۲۹ ؍ویب سائٹس بلاک، سرکاری نظام کی بڑی کوتاہی

سرمایہ کاروں کے رجحان میں تبدیلی

میرا منی کے انویسٹمنٹ ریسرچ تجزیہ کار روہن گوئل کے مطابق، عالمی سطح پر اے آئی سے منسلک کمپنیوں کے حصص کی فروخت نے سرمایہ کاروں کے رجحان میں تبدیلی پیدا کی ہے۔ اس کے نتیجے میں سرمایہ کار ٹیکنالوجی پر زیادہ انحصار کرنے والے بازاروں کے بجائے دیگر بازاروں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے لگے ہیں۔ اس لحاظ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خریداری بڑی مگر عارضی تبدیلی ہے۔ 

 خام تیل کی قیمت ۱۳؍ فیصد کم ہوگئی

نومبر کے پہلے ہفتے میں خام تیل’برینٹ‘ کی قیمت تقریباً۱۳؍ فیصد کم ہوکر۹۷؍ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی  جس نے  ہندوستان میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھائی ۔  اس کے علاوہ  جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی کے امکانات، بڑی کمپنیوں کے منتخب شیئرز کی پرکشش قیمتوں اور ملکی کمپنیوں کی آمدنی کے بہتر امکانات نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہندوستانی شیئر بازار میں بڑھا دی ہے  جس کا برقرار رہنا زیادہ اہم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK