نئی اسکیم میں صارفین کیلئے ۲۴ ؍گھنٹے کسٹمر کیئر سروس فراہم کرنا لازمی، شکایات کے ازالے اور گاڑیوں کی حفاظت کے سخت ضابطے تجویز کئے گئے ، نئے ضوابط کیلئے عوام سے تجاویز اور اعتراضات طلب،۵؍ دسمبر تک کا وقت۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 12:57 PM IST | New Delhi
نئی اسکیم میں صارفین کیلئے ۲۴ ؍گھنٹے کسٹمر کیئر سروس فراہم کرنا لازمی، شکایات کے ازالے اور گاڑیوں کی حفاظت کے سخت ضابطے تجویز کئے گئے ، نئے ضوابط کیلئے عوام سے تجاویز اور اعتراضات طلب،۵؍ دسمبر تک کا وقت۔
کرائے پر گاڑی لینے والوں کو جلد ہی کچھ واضح سہولتیں مل سکتی ہیں۔ مثلاً کسی بھی وقت فون پر مدد فراہم کرنے والا عملہ، سفر کے دوران گاڑی خراب ہونے کی صورت میں امداد اور آن لائن شکایات کے ازالے کے لیے مقررہ مدت۔ دوسری جانب، کرایے پر گاڑیاں فراہم کرنے کا کاروبار شروع کرنے والوں کیلئے بھی شرائط آسان ہوسکتی ہیں۔ اس کاروبار کیلئے کم از کم ۵۰؍ کے بجائے صرف ۵؍ گاڑیوں کی ضرورت ہوگی۔
یہ تبدیلیاں سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) کی جانب سے تیار کردہ رینٹ اے کیب اسکیم ۲۰۲۶ء کے مسودہ میں شامل ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ۱۹۸۹ء کے موجودہ ضابطوں کی جگہ نیا نظام نافذ کرنے کی تجویز ہے۔ اس کا اطلاق ڈرائیور کے ساتھ اور ڈرائیور کے بغیر، دونوں طرح کی کرایے پر فراہم کی جانے والی گاڑیوں پر ہوگا۔وزارت نے ۶ نومبر کو جاری کردہ میمورنڈم کے ذریعے عوام سے نئی اسکیم پر ۵؍ دسمبر ۲۰۲۶ء تک تجاویز اور اعتراضات طلب کیے ہیں۔ مسودہ میں یکم جنوری ۲۰۲۷ء سے اسکیم نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: ایف اے اے ہندوستان کے فضائی تحفظ کے نظام کا آڈٹ کرے گا
مجوزہ ضابطوں کے تحت کرایے پر گاڑیاں فراہم کرنے والی کمپنیوں کیلئے ایسا کسٹمر کیئر سینٹر قائم کرنا لازمی ہوگا جہاں دن رات کسی بھی وقت فون کے ذریعے رابطہ کیا جاسکے۔ کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹ پر اس مرکز کی تفصیلات اور شکایات کیلئےرابطہ نمبر بھی فراہم کرنا ہوگا۔
آن لائن شکایات کے ازالے کیلئےبھی وقت مقرر کیا گیا ہے۔ آپریٹروں کو اپنی ویب سائٹ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر حل کرنی ہوں گی۔ مجوزہ اسکیم میں سفر کے دوران گاڑی خراب ہونے کی صورت میں بھی انتظامات کی بات کی گئی ہے۔ آپریٹروں کو مرمت اور گاڑی کو کھینچ کر لے جانے (ٹوئنگ) کی سہولت کا انتظام کرنا ہوگا۔وزارت کے مسودہ کے مطابق کرایے پر فراہم کی جانے والی گاڑیوں کی عمر ۹؍ سال سے کم ہونی چاہیے جس کا تعین گاڑی پہلی رجسٹریشن کی تاریخ سے ہوگا ۔
یہ بھی پڑھئے: فضائی حدود پر پابندیوں میں نرمی کے بعد ایئر انڈیا نے نیویارک کیلئےپروازیں بحال کردیں
نئی مجوزہ اسکیم کی چند اہم باتیں
*گاڑیوں میں لوکیشن ٹریکنگ ڈیوائس اور فرسٹ ایڈ کٹ رکھنا بھی لازمی ہوگا۔
*گاڑی کرایے پر گاڑی لینے والوں کو ٹریکنگ ڈیوائس کو فعال رکھنا ہوگا۔
*گاڑی کے ساتھ فراہم کئے گئےڈرائیور کے ذمے کوئی غیر ادا شدہ ٹریفک چالان نہیں ہونا چاہیے۔
*ڈرائیور کی پولیس تصدیق لازمی ہوگی۔
*آپریٹروں کو ڈرائیورس کی پولیس تصدیق کا ریکارڈ محفوظ رکھنا ہوگا۔
* کوڈ آن سوشل سیکوریٹی ۲۰۲۰ء کے تحت آپریٹر کو ڈرائیوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہوگا۔