Inquilab Logo Happiest Places to Work

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نےاپنے قیام کے۷۰؍ سال پورے کرلئے

Updated: May 02, 2026, 11:58 AM IST | New Delhi

بھارت منڈپم میں خصوصی تقریب کا انعقاد، ڈائریکٹر نے بتایا کہ مالی سال۲۰۲۶ءمیں ۸۱؍ہزار۴۲۲؍ کروڑ روپے کی جائیداد ضبط۔

A booklet on ED was also released at the program held at Bharat Mandapam. Photo: INN
بھارت منڈپم میں  منعقدہ پروگرام میں  ای ڈی کے متعلق کتابچے کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ تصویر: آئی این این

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے یہاں واقع بھارت منڈپم میں اپنی۷۰؍ ویں سالگرہ منائی اور اس موقع پر ای ڈی کے ڈائریکٹر راہل نوین نے اقتصادی جرائم سے نمٹنے اور ملک کے معاشی نظام کے تحفظ میں ایجنسی کے بڑھتے ہوئے کردار کے بارے میں بتایا۔ راہل نوین نے افسران، معززین اور بین الاقوامی شراکت داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی نے کرپٹو کرنسی دھوکہ دہی، سائبر سے چلنے والے مالیاتی جرائم، دہشت گردی کی فنڈنگ اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے ابھرتے ہوئے خطرات کے مطابق خود کو ڈھال لیا ہے۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری، ریونیو سکریٹری اروند شریواستو، ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل ایس وی راجو اور اسپیشل ڈائریکٹر منو ٹینٹی وال اور دیگر لوگ شامل ہوئے۔ 
ای ڈی ڈائریکٹر نے کہا کہ مالی سال ۲۶۔ ۲۰۲۵ء میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت۸۱۲؍استغاثہ کی شکایتیں درج کی گئیں، جو پچھلے سال کے اعداد و شمار سے تقریباً دگنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ای ڈی کی تاریخ میں کل استغاثہ کی شکایتوں میں سے۴۱؍ فیصد سے زیادہ شکایتیں صرف گزشتہ دو سالوں میں درج کی گئی ہیں۔ ای ڈی نے اس مالی سال کے دوران۸۱؍ہزار۴۲۲؍ کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی، جو۱۷۰؍ فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کل ضبطی۲ء۳۶؍ لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسٹرانگ روم کی حفاظت کیلئے ممتا خود پہنچیں!

نوین نے کہا کہ ان ضبطیوں کے ذریعے متاثرین (جن میں بینک، سرمایہ کار اور گھر خریدنے والے شامل ہیں ) کو۶۳؍ہزار۱۴۲؍ کروڑ روپے واپس دلائے گئے ہیں۔ ای ڈی ڈائریکٹر نے۹۴؍ فیصد سزا کی شرح پر بھی زور دیا اور بھروسہ ظاہر کیا کہ عدالتوں میں ابھی زیر التواء۲۴۰۰؍ سے زیادہ معاملات میں سے زیادہ تر میں سزا ہوگی۔ مفرور مجرموں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مفروراقتصادی جرائم ایکٹ کے تحت۵۴؍ افراد کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے، جن میں سے۲۱؍ کو مفرور قرار دیا جا چکا ہے اور اب تک۲؍ہزار۱۷۸؍ کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔ 
راہل نوین نے منی لانڈرنگ کے خلاف کوششوں میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار پر بھی زور دیا، اور بین الاقوامی اثاثہ ریکوری نیٹ ورک میں ہندوستان کی قیادت کی پوزیشن اور آنے والے عالمی پروگراموں کا ذکر کیا۔ 
انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اندر انتظامی اصلاحات پر بھی زور دیا، جن میں کیو آر کوڈ پر مبنی سمن کی تصدیق جیسے بہتر شفافیت کے اقدامات اور مضبوط اندرونی نگرانی شامل ہے۔ راہل نوین نے ای ڈی کے افسران کو ان کی لگن کا کریڈٹ دیا اور پیچیدہ مالیاتی جرائم سے نمٹنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے تئیں ایجنسی کے عزم کا اعادہ کیا کہ جرم سے حاصل شدہ جائیداد معاشرے کو واپس دلائی جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK