Inquilab Logo

علی باغ میں سلیم علی برڈ ریسرچ سینٹر کا قیام جلد 

Updated: November 01, 2023, 1:35 PM IST | Siraj Shaikh | Mumbai

پرندوں کی حیات سے متعلق  مطالعہ کی بنا پر بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے مرحوم ڈاکٹر سلیم علی کوہندوستان کا’برڈ مین‘ کہا جاتا ہے۔

Dr. Salim Ali. Photo: INN
ڈاکٹر سلیم علی۔ تصویر:آئی این این

پرندوں کی حیات سے متعلق  مطالعہ کی بنا پر بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے مرحوم ڈاکٹر سلیم علی کوہندوستان کا’برڈ مین‘ کہا جاتا ہے۔ ان کی خدمات کے اعتراف اور پرندوں سے متعلق علوم کو فروغ دینے کی غرض سے ضلع رائے گڑے کے علی باغ تعلقے میں واقع  کہیم علاقے میں ان کے نام سے ریسرچ سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ یا د رہے کہ ریسرچ سینٹر کیلئے کہیم کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کہ کسی وقت انہوں نے اس علاقے میں  قیام کرکے پرندوں کی روز مرہ کی زندگی  پر ریسرچ کیا تھا۔ اس ریسرچ سینٹر کا تعمیراتی کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔ یہ سینٹر رائے گڑھ ضلع پریشد اور محکمہ جنگلات کی جانب سے قائم کیا جا رہا ہے۔اس کی تعمیر کے لئے ریاستی حکومت نے ایک کروڑ ۷۵ لاکھ روپے کا خصوصی فنڈ منظور کیا ہے۔ اس اسٹڈی سینٹر میں مختلف نسل کے پرندوں کی معلومات مختلف زبانوں میں دستیاب ہوں گی۔ اس کیلئے ٹیکنالوجی کا سہارا بھی لیا جائے گا۔
اس اسٹڈی سینٹر کی خاص بات یہ ہوگی کہ یہاں کسی مخصوص پرندے کے مجسمے کو چھونے سے اس پرندے کی آواز آئے گی، پھر آپ اس پرندے کے بارے میں اپنی منتخب کردہ زبان میں معلومات سن سکیں گے۔ اس کا سائنسی نام، مقامی نام، ان کا مسکن، یہ کیسے اور کس وقت ہجرت کرتے ہیںاس کی مکمل معلومات مل جائے گی۔ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اور مختلف زبان بولنے ولے طلبہ اور ریسرچ اسکالر اس سے استفادہ کر سکیں گے۔ اطلاع کے مطابق اس سینٹر کے پہلے فیز کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ تاہم، پچھلے سال اقتدار میں آنے والی شندے فرنویس حکومت نے مہا وکاس آگھاڑی حکومت کے مختلف پروجیکٹوں کو روک دیا تھا۔ نتیجے میں ڈاکٹرسلیم علی اسٹڈی اینڈ ریسرچ سینٹر کا کام بھی روک دیا گیا۔ چند ماہ قبل جب این سی پی( اجیت گروپ ) بھی اقتدار میں شامل ہوئی تو اس سینٹر کا کام پھر سے شروع کردیا گیا۔ اطلاع کے مطابق اس اسٹڈی سینٹر کا ۸۰؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی بقیہ کام بھی مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد اسے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK