Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر کوئی لو ٹرائنگل کرنا چاہتا تھا، ’’دل چاہتا ہے‘‘ کی کاسٹنگ پر فرحان اختر کا انکشاف

Updated: August 09, 2026, 7:02 PM IST | Mumbai

فلم ساز اور اداکار فرحان اختر نے اپنی معروف فلم ’’دل چاہتا ہے‘‘کی کاسٹنگ سے جڑی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت فنکاروں کو تین دوستوں کی کہانی پر یقین دلانا آسان نہیں تھا۔

Farhan Akhtar.Photo:INN
فرحان اختر۔ تصویر:آئی این این

فلم ساز اور اداکار فرحان اختر نے اپنی معروف فلم ’’دل چاہتا ہے‘‘کی کاسٹنگ سے جڑی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت فنکاروں کو تین دوستوں کی کہانی پر یقین دلانا آسان نہیں تھا۔ فلم کی ۲۵؍ویں سالگرہ کے موقع پر فرحان نے بتایا کہ اس دور میں ہندی سنیما میں لو ٹرائنگل والی فلموں کا رجحان تھا جبکہ وہ دوستی پر مبنی کہانی بنانا چاہتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:راکنگ اسٹار یش کی فلم’’ٹاکسک‘‘ کا ٹریلر جاری

فرحان نے کہا کہ وہ شروع ہی سے فلم میں دو دوستوں کے درمیان ایک لڑکی کو لے کر ہونے والے ٹکراؤ کے روایتی فارمولے کو نہیں اپنانا چاہتے تھے۔ ان کے لیے کہانی کا مرکز دوستی تھی۔ انہوں نے کہا’’میرے لیے فلم کی بنیاد دوستی تھی اور میں دو لڑکوں کو ایک لڑکی کے لیے لڑتے ہوئے نہیں دکھانا چاہتا تھا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ عامر کو فلم کے لیے راضی کرنے میں تقریباً ۸؍ ماہ لگے۔ فرحان کے والد جاوید اختر نے عامر خان کے ساتھ فلم ’’لگان‘‘ میں کام کیا تھا، لیکن فرحان نے اپنے والد کے تعلقات کے ذریعے کسی خصوصی تعارف یا سفارش کا سہارا لینے کے بجائے خود مسلسل کوشش کی۔ انہوں نے کہا’’میں نے کسی خاص تعارف کے لیے نہیں کہا۔ میں مسلسل کوشش کرتا رہا اور آٹھ ماہ تک انتظار کیا، تب جا کر عامر پوری اسکرپٹ سننے کے لیے تیار ہوئے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:مانچسٹر سپر جائنٹس نےشکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کی امیدیں برقرار رکھیں

فرحان کے مطابق اسکرپٹ سننے کے بعد عامر نے ان سے کہا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ فرحان نے انہیں فلم میں شامل کرنے کے لیے اتنی کوشش کی، کیونکہ اس سے انہیں احساس ہوا کہ فرحان اس کردار کے لیے انہیں کس قدر چاہتے تھے۔۲۰۰۱ء میں ریلیز ہونے والی’’دل چاہتا ہے‘‘ نے ہندی سنیما میں دوستی کو پردے پر پیش کرنے کے انداز کو نئی سمت دی۔ عامر خان، اکشے کھنہ اور سیف علی خان کی اداکاری سے سجی اس فلم نے ایک پوری نسل کو ایسی کہانی دی، جس میں دوستی، رشتوں اور زندگی کے بدلتے مراحل کی جھلک دکھائی گئی۔فلم کی ۲۵؍ویں سالگرہ کے موقع پر فرحان کی بیان کردہ یہ کہانی بتاتی ہے کہ دوستی پر مبنی اس فلم کو بنانے سے پہلے انہیں اس دور کی مقبول فلمی سوچ کو چیلنج کرنا پڑا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK