توسیع شدہ۱۵؍دسمبر کی تاریخ کو پورٹل پر نمایاں کیا گیا ، وفد نےیو سی سی کےدفتر پہنچ کرمیمورنڈم دے کرتاریخ میں ۱۰۰؍دن کی توسیع کا مطالبہ کیا۔مسلم پرسنل لاء بورڈ کے عہدیدار نے بھی توجہ دلائی۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 12:35 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
توسیع شدہ۱۵؍دسمبر کی تاریخ کو پورٹل پر نمایاں کیا گیا ، وفد نےیو سی سی کےدفتر پہنچ کرمیمورنڈم دے کرتاریخ میں ۱۰۰؍دن کی توسیع کا مطالبہ کیا۔مسلم پرسنل لاء بورڈ کے عہدیدار نے بھی توجہ دلائی۔
یوسی سی ،اعتراضات اورمشورے دینے کی تاریخ میں ۱۵؍ دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ توسیع شدہ تاریخ کو پورٹل پر نمایاں بھی کیا گیا ہے۔اس طرح اب اعتراضات اورمشورے دینے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی ہے۔اس لئے اس جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ اس دوران زیادہ سےزیادہ آراء اورتجاویز سےحکومتِ مہاراشٹر کو آگاہ کرایاجائے۔ دوسرے اولڈ کسٹم ہاؤس (فورٹ ) میں دوسری منزل پر واقع یو سی سی کے دفتر کا پتہ مل گیا۔
جی آرجاری کئے جانے کا انتظار کیاجارہا تھا
یو سی سی کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی مہم چلانےوالی تنظیموں کے ذمہ داران نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ میںتوسیع کا مطالبہ کرنے کے ساتھ اس کا انتظار کیا جارہا تھا کہ حکومت کی جانب سے اس ضمن میںجی آر کیا جائے گا۔ مگر ایسا نہیں کیا گیا اورخاموشی سے محض یو سی سی کے تعلق سے بنائے گئے حکومت کے پورٹل پر تاریخ میںتوسیع کردی گئی ۔ اسی لئے پس وپیش کی کیفیت تھی کہ واقعی تاریخ میںتوسیع کی گئی ہے یا نہیں مگر یہ بتایاگیا کہ تاریخ میںتوسیع کر دی گئی ہے اورجو پورٹل پر۱۵؍دسمبر لکھا گیا ہے وہ صحیح ہے۔
یو سی سی کمیٹی کا دفتر کہاں ہے؟
جمعرات کو یو سی سی کمیٹی کےدفتر کا پتہ کافی تلاش کرنے کے بعدبھی نہیںملا تھا مگر جمعہ کواس کا پتہ لگالیاگیا ۔یو سی سی کمیٹی کا دفتر اولڈ کسٹم ہاؤس میں دوسری منزل پر کمرہ نمبر ۲۰۲؍کے بازو میں ہے مگر اس پر نمبر نہ لکھ کر محض ’سمان ناگری سنہیتا سمیتی (یکساں سول کوڈ کمیٹی )مہاراشٹر ، دوسرا منزلہ جونے جکات ہاؤس ، شہید بھگت سنگھ روڈ ، فورٹ ، ممبئی نمبر ایک لکھ دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں اس موسمِ سرما گھروں کو گرم رکھنے کا خرچ ۷؍ فیصد سے زیادہ بڑھنے کا خدشہ
یوسی سی کمیٹی کے دفتر پہنچ کرمیمورنڈم دیا گیا
یو سی سی کمیٹی دفتر کا پتہ لگانے کے بعد رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری کے ہمراہ علماء کے ایک وفد جس میںمولانا خلیل الرحمٰن نوری اور مولانا امان اللہ رضا وغیرہ شامل تھے ،نےجمعہ کی سہ پہر کو یہاں پہنچ کر دفتر میںکام کرنے والے میور نام کے شخص کو میمورنڈم دیا۔ اس میمورنڈم کے ذریعے تاریخ میں ۱۰۰؍دن کی توسیع کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس موقع پریہ بھی بتایا گیا کہ چیئرپرسن موجود نہیں ہیں۔
اس کے ساتھ ہی میمورنڈم میںاس بات کا بھی اعادہ کیا گیا ہے کہ حکومت کا یہ قدم آئین مخالف اور آئین میں شہریوں کو دیئے گئے حقوق اور آزادی کے خلاف ہے ۔اس لئے حکومت اسے نافذ نہ کرے اورنہ ہی ایساکوئی قدم اٹھائے جس سے شریعت میں مداخلت ہو یا کسی بھی طبقے کی حق تلفی ہو۔
پرسنل لاء بورڈ کے رکن نے پہلے ہی بتایا تھا
یوسی سی کےتعلق سے آراء اور تجاویز کے تئیں تاریخ میں توسیع کے تعلق سے پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا محمود دریابادی نے بھی اسے نمایاں کیا تھا۔ مولانا نےانقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ ۲؍ دن قبل ہی تاریخ میں توسیع کا انہیںعلم ہونے اور پورٹل پر ۱۵؍ دسمبر لکھنے کے بعد انہوں نے اس تعلق سے پیغام بھیج کرذمہ داران اورلوگوں کو آگاہ کیا تھا ۔ان کایہ بھی کہنا تھاکہ ’’ اس موقع کوغنیمت سمجھتے ہوئے کیو آر کوڈ اسکین کرکے زیادہ سےزیادہ آراء اورتجاویزبھیجی جائیں۔‘‘