محکمہ محصول کی ابتدائی جانچ میں تصدیق ہونے پر امبرناتھ کے تحصیلدار نے کلگاؤں- بدلاپور میونسپل کونسل کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 12:08 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Badlapur
محکمہ محصول کی ابتدائی جانچ میں تصدیق ہونے پر امبرناتھ کے تحصیلدار نے کلگاؤں- بدلاپور میونسپل کونسل کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری۔
چھٹھ پوجا کی تیاریوں کی آڑ میں الہاس ندی کے پاٹ پر سرعام غیر قانونی طور سے مٹی سے بھرائی کئے جانے کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ جس انتظامیہ کے کندھوں پر آبی آلودگی روکنے اور ماحولیات کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اسی کلگاؤں-بدلاپورمیونسپل کونسل نے مبینہ طور پر قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خود یہ بھرائی کروائی ہے۔ محکمہ محصول کی ابتدائی جانچ میں اس امر کی تصدیق ہونے کے بعد امبرناتھ کے تحصیلدار نے میونسپل کونسل کے چیف آفیسر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے ۷؍ دن کے اندر وضاحت طلب کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’کانگریس بھگوتی اسپتال کی نجکاری نہیں ہونے دے گی‘‘
ذرائع کے مطابق گزشتہ دو دنوں سے الہاس ندی کے پاٹ پر چھٹھ پوجا کے عقیدتمندوں کی سہولت کے نام پر جے سی بی اور ڈمپروں کی مدد سے بڑے پیمانے پر مٹی ڈال کر زمین ہموار کرنے کا کام جاری تھا۔ماحولیات سے محبت رکھنے والے شہریوں اور مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس) کی جانب سے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ اور احتجاج کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امبرناتھ کے تحصیلدار امیت پوری نے بدلاپور کے تلاٹھی کو جائے وقوع کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ۱۲ ؍نومبر کو موصول ہونے والی معائنہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ ندی میں تقریباً ۵۰ ؍براس مٹی ڈالی گئی ہے اور یہ کام براہِ راست کلگاؤں- بدلاپور میونسپل کونسل کی جانب سے کروایا جا رہا ہے۔حکومت نے الہاس ندی کے اس حصے کو سیلاب کنٹرول زون قرار دے رکھا ہے۔ قانوناً اس حدود میں کسی بھی قسم کی تعمیر یا مٹی سے بھرائی پر سخت پابندی ہےجس سے دریا کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ تحصیلدار امیت پوری نے۱۲ ؍نومبر کو جاری کردہ اپنے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ انتظامی کاموں کے دوران مہاراشٹر مائنر منرل ایکسٹریکشن قواعد ۲۰۱۵ءکی دفعات پر عمل کرنا لازمی ہے۔نوٹس میں میونسپل چیف آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر اس کام کیلئے دیگر سرکاری محکموں سے کوئی باضابطہ اجازت نامہ حاصل کیا گیا ہے تو اس کے دستاویزات ۷؍ دن کے اندر پیش کئے جائیں بصورت شہری انتظامیہ کے خلاف تعزیری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔