الخالد ٹورس اینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار کو دئیے گئےایوارڈکو پوری ٹورازم انڈسٹری اور ہندوستان کیلئے باعث فخرقرار دیاجارہا ہے۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 12:38 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
الخالد ٹورس اینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار کو دئیے گئےایوارڈکو پوری ٹورازم انڈسٹری اور ہندوستان کیلئے باعث فخرقرار دیاجارہا ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے جدہ میں۵؍ روزہ (۷؍تا ۱۱؍ نومبر)حج کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ عالمی سطح کے نمائندوں کی موجودگی میں بہتر کوآرڈینیشن اور ترجمانی کیلئے سعودی حکومت کی جانب سے الخالد ٹورس اینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار خالدیوسف کھیراڈا کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ پوری ٹور انڈسٹری اور ہندوستان کیلئے باعث فخرقرار دیا جارہا ہے ۔ اسی موقع پر ہند اور سعودی عرب کے درمیان حج ۲۰۲۷ء کیلئے معاہدہ پر دستخط بھی کئے گئے۔ اس دوران مرکزی وزیر کرن رجیجو، قونصل جنرل اور دیگر اہلکار موجود تھے۔
اس تعلق سے الخالد ٹورس اینڈ ٹراویلس کے سربراہ ڈاکٹر یوسف کھیراڈا نےنمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالمی سطح پر سعودی حکومت کی جانب سے بہتر نمائندگی اور کوآرڈینیشن کے لئے ۳؍ ایوارڈ منتخب کئے گئے تھے اس میں سے ایک ایوارڈ خالد کھیراڈا کودیا گیا۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری جانب سے جونمائندگی کی گئی اسے عالمی سطح پر مسلم ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں نہ صرف قبول کیا گیا بلکہ سعودی حکومت نے اسے سراہتے ہوئے اعزاز بخشا۔ یہ کسی ایک فرد یا ٹورس اینڈ ٹراویلس کے ذمہ دار کی نہیںبلکہ پوری ٹور اینڈ ٹراویلس انڈسٹری کے لئے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ اس لئے بھی کہ جہاں پوری دنیا کے مسلم نمائندوں کی موجودگی ہو، وہاں یہ ایوارڈ مزیداہمیت کا حامل ہے۔اس کے علاوہ یہ کامیابی ہندوستانی حج عمرہ ٹورآپریٹرز کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور عازمینِ حج اور معتمرین کی بہترین خدمت کی غماز ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: یوسی سی: اعتراضات اورمشورے دینے کی تاریخ میں توسیع
ڈاکٹر یوسف کھیراڈا نے یہ بھی کہاکہ ’’ حکومتِ ہند کی جانب سے خالد کھیراڈا کوجب سے ہندوستانی ٹورآپریٹرز کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے تبھی سے وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلارہے ہیں، ٹور آپریٹرز اوراس انڈسٹری کے مسائل کی نشاندہی ، اس کے حل کی کوشش اور ان کے ذریعے حجاج اورمعتمرین کی بہتر خدمت پر مسلسل جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ، یہ اعزاز اس کی دلیل ہے۔ مگر ہم یہ بھی سمجھتے ہیںکہ اس طرح کے ایوارڈ اور اعزاز سے ذمہ داری میں اضافہ ہوتا ہے، جواب دہی بڑھتی ہے۔ اس لئے امید ہے کہ خالد کھیراڈا مزید بہترانداز میں اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے اس انڈسٹری کو فروغ دینے کا سبب بنیں گے اور عالمی سطح پر ملک کا نام مزیدروشن کریں گے۔‘‘