Inquilab Logo Happiest Places to Work

اخلاقِ حسنہ کو اپنانے، خرافات اور برائیوں سے دور رہنے کی تلقین

Updated: August 21, 2026, 11:11 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت اسلام جمخانہ میں اہم نشست۔ اتوار کو عیدگاہ میدان میں خواتین کیلئے ہیلتھ کیئرکیمپ۔

Participants of the meeting held at Islam Gymkhana under the `Prophet for All` campaign. Picture: INN
’پروفیٹ فار آل‘ مہم کےتحت اسلام جمخانہ میںمنعقدہ میٹنگ کے شرکاء۔ تصویر: آئی این این
اخلاقِ حسنہ کو اپنانے، خرافات اور برائیوں سے دور رہنے کا علماء اور اہم شخصیات کی جانب سے پیغام دیا گیا۔یہ پیغام ’پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت اسلام جمخانہ میں جمعرات کی دوپہر کومنعقدہ ایک اہم نشست میں دیا گیا ۔اس نشست کی صدارت کرتے ہوئے مولانا الحاج سید معین الدین اشرف عرف معین میاں (سجادہ نشین خانقاہ عالیہ کچھوچھہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء )نے کہا کہ’’ حضوراکرمؐ پوری دنیائے انسانیت کے لئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ پوری دنیا آپؐ کے فیض سے بہرہ مند ہے۔‘‘
 
 
معین میاں نے ایک اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ’’ ضرورت ہے کہ ہم آپ ؐ کے اخلاق ِحسنہ کو اپنائیں ، خرافات اور برائیوں سے دور رہیں۔ سرورکائناتؐ کی زندگی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؐ کی حیاتِ طیبہ اورآپؐ کی تعلیمات سے بلا تفریق ِمذہب اخوت و ہمدردی کا درس ملتا ہے ۔آپ ؐکی ذات گرامی پوری کائنات انسانی کے لئے سراپا رحمت تھی اورتا قیامت اس سے روشنی حاصل کی جاتی رہے گی ۔‘‘ انہوں نے ’پروفیٹ فور آل‘ مہم کا مقصد بتاتے ہوئے کہاکہ ’’انسانیت کے حوالے سے امن و آشتی کو عام اور مستحکم کرنا ہے ۔آج دنیا کو امن، محبت، انصاف اور انسانیت کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اگر ہم نبی کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ کو اپنائیں، اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں، دوسروں کے حقوق ادا کریں ، محبت اور رحم کا معاملہ کریں تو بدامنی کا شکار انسانی معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بن سکتا ہے۔’پروفیٹ فار آل‘ مہم کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ حضرت محمدؐ تمام انسانیت کے لئے رحمت، ہدایت اور بہترین نمونہ ہیں۔ آپؐ کی محبت صرف زبان سے نہیں بلکہ آپ ؐکی سنت اور مبارک تعلیمات پر عمل کے ذریعے کی جائے۔‘‘
 
 
رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ ’’حضور اکرمؐ کی تعلیمات میں رنگ و نسل، زبان و قوم کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں تھی ۔ آپؐ ؐنے مساوات اور بھائی چارے کا درس دیا۔ آپؐ نے واضح فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں، فضیلت کا اصل معیار تقویٰ ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’آپؐ کی سیرتِ مبارکہ پوری دنیا کے لئے رحمت ہے۔ آپؐ نے یتیموں سے محبت، غریبوں کی مدد، پڑوسیوں کے حقوق، والدین کی خدمت، عورتوں کے احترام، بچوں سے شفقت اور کمزوروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا درس دیا، حتیٰ کہ جانوروں کے ساتھ بھی رحم کرنے کا حکم دیا۔‘‘
رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہا کہ ’’پروفیٹ فار آل مہم کے تحت جاری خدمات کو سراہنا چاہئے کہ اس کے ذریعے برادران وطن کو بھی امن وشانتی کا پیغام دیا جاتا ہے ۔‘‘انہوں نے اس موقع پریہ اعلان کیا کہ ۲۳؍ اگست بروز اتوار صبح ۱۰؍ بجے سے دوپہر ایک بجے تک سنی مسجد بلال عید گاہ میدان (مولانا شوکت علی روڈ ) پر صرف خواتین کے لئے بلا تفریق مذہب خصوصی ہیلتھ کیئر کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس میں امراضِ نسواں کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم موجود ہوگی۔‘‘ اس موقع پرشہزاد یوسف ابراہانی، اسلم لاکھا اور ایڈوکیٹ آصف وغیرہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK