• Mon, 01 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیرت النبیؐ و اتحاد امت کانفرنس میں قرآن مجید کے راستے پر چلنے کی تلقین

Updated: December 01, 2025, 10:33 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai

نائب امیر جماعت اسلامی مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی ،مختلف مسالک کے علماء اور بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے

A view of the ‘Seerat-un-Nabi (PBUH) and Ittehad-ul-Ummah Conference’ at NH School Ground. Photo: Inqilabad
این ایچ اسکول گراؤنڈ پر’سیرت النبیؐ و اتحاد امت کانفرنس‘ کا منظر۔ تصویر: انقلاب
یہاں جماعت اسلامی کی جانب سے عظیم الشان ’سیرت النبیؐ و اتحاد امت کانفرنس‘ سنیچر کی شب بعد نماز مغرب تا رات ۱۰ ؍بجے  نیا نگر  میں واقع این ایچ اسکول گراؤنڈ پر منعقد ہوئی جس مسلمانوں کو متحد ہونے اور قرآن مجید کے راستے پر چلنے کی تلقین کی گئی۔
کانفرنس میں افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے جماعت اسلامی میراروڈ کے امیر مقامی ڈاکٹر طارق شاہ  نےکانفرنس کے اغراض ومقاصد بیان کئے  اور جماعت اسلامی میراروڈ کی سرگرمیاں بھی بتائیں۔ کانفرنس کے مرکزی موضوع’  وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّہَِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا‘ پر اپنی صدارتی تقریر میں سامعین سے  خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے قومی نائب امیر مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے کہاکہ’’ ہم تفرقہ میں پڑے ہوئے ہیں، سارے ائمہ نے دین کو آسان بنایا مگر ہم نے مسلک پرستی شروع کر دی، ہمیں فروعی اختلاف کو ختم کرنا چاہئے، دین  وحدت کا پیغام دیتا ہے۔ اگر ہم تفرقہ میں پڑیں گے تو اللّہ کی نصرت نہیں آئے گی۔ جب ہم نے اللّہ کی رسی کو چھوڑا اور تفرقہ میں پڑے تو اللّہ کا عذاب آیا۔ جماعت انتشار  کے خلاف ہے، ہم سارے مسالک کو جوڑنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم اتحاد کا پلیٹ فارم ہے۔‘‘ انہوںنے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے   کہاکہ ’’دین اسلام ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے برپا کیا گیا ہے۔ پیارے نبی ؐ  کا اصل کارنامہ ظلم کا خاتمہ ہے، دنیا کا کوئی ازم انصاف نہیں دے سکتا، صرف اسلام ہی انصاف دلا سکتا ہے۔‘‘ مولانا نے ملکی حالات پر کہاکہ ’’آج ہندوستان کو پیار کی ضرورت ہے ،نفرت سے ہندوستان کا تشخص ختم ہو جائے گا ۔سارے برادرانِ وطن متعصب نہیں ہوتے ،صرف چند لوگ غلط فہمیاں پھیلاتے ہیں، مسلمانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہئے، ہمیں حوصلہ رکھنا چاہئے اور برادرانِ وطن سے حسنِ سلوک کرنا چاہئے اور عمدہ اخلاق سے ہم ان کا دل جیت سکتے ہیں۔‘‘
جماعت اسلامی مہاراشٹر کے امیر مولانا الیاس خان فلاحی نے کہاکہ ’’ ہمارے نبی ؐ نے ہمیں ڈسپلن کی تعلیم دی تھی، ہمیں انسانی زندگی میں تمدن کی تعلیم دی گئی تھی، ہمیں سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔‘‘  کانگریس لیڈر اور سابق رکن اسمبلی سید مظفر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ’’  اگر ہم قرآن مجید کو سمجھ لیں تو دین پر چلنا آسان ہو جائے گا، گھروں میں سکون آئے گا ۔‘‘ انہوں نے مسلم معاشرے میں رت جگے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بزرگوں کی ذمہ داری  ہے کہ وہ بچوں کو سنبھالیں۔ ‘‘
حیدری جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا حسن نے ’’خاندانی نظام کے استحکام میں میرا کردار‘‘ عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’ ہم اپنے خاندان سے الگ تھلگ رہ کر کامیاب نہیں ہو سکتے، ہمارے بزرگ خاندان کی جڑیں ہیں، اگر جڑیں مضبوط رہیں تو درخت قائم رہ سکتا ہے اس لئے گھر کے سرپرست اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور صبر کا مظاہرہ کریں، اپنی بیویوں اور بچوں کی خطاؤں کو معاف کریں ۔‘‘
دارالعلوم عزیزیہ کے مہتمم مولانا عبداللہ قاسمی نے ’’زندگی میں سکون‘‘عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے صلح رحمی کی ترغیب دی ۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او)کے ریاستی سیکریٹری عذیر احمد نے ایس آئی او کا تعارف کراتے ہوئے نوجوانوں کو اس میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ کانفرنس میں مہمانوں کو میمینٹو اور سپاس نامہ دیا گیا۔ جماعت اسلامی میراروڈ کے رکن ڈاکٹر پرویز مانڈوی والا نے بتایا کہ کانفرنس میں ۳؍ ہزار  افرادتھے جن میں نصف تعداد میںخواتین تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK