بیشتر اگزٹ پول کانگریس کی فتح کی پیش گوئی کررہے ہیں، ایم پی میں دونوں پارٹیوں میں سخت ٹکر مگر کانگریس کو فائدہ ، راجستھان میں بی جے پی کو معمولی اکثریت، چھتیس گڑھ میں کانگریس کو یکطرفہ جیت ، تلنگانہ میں بھی کانگریس کے سب سے بڑی پارٹی بننےکی امید ، میزورم میں معلق اسمبلی کا امکان، کانگریس نے خیر مقدم کیا لیکن کہا کہ نتائج آنے دیں۔
اگزٹ پول نے کانگریس کیلئے تلنگانہ اور چھتیس گڑھ میںنئے امکانات روشن کردئیے ہیں۔ تصویر : پی ٹی آئی
تلنگانہ میں پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ۵؍ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے اگزٹ پول کے نتائج سامنے آگئےہیں۔بیشتر ایگزٹ پول میںچھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کی پیشین گوئی کی جارہی ہے وہیں راجستھان میں کانٹے کی ٹکر جبکہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج۳؍ دسمبر کو آئیں گے۔
چھتیس گڑھ میں کانگریس
اگزٹ پول میں کانگریس کی حکومت بننے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ٹی وی ۹؍بھارت ورش نے کانگریس کو۴۰؍سے ۵۰؍ سیٹیں دی ہیں جبکہ بی جے پی کو ۳۵؍سے ۴۵؍ سیٹیں دی گئی ہیں۔ ری پبلک ٹی وی نے کانگریس کو۴۴؍سے ۵۲؍ جبکہ بی جے پی کو ۳۴؍سے ۴۲؍ سیٹیں دی ہیں۔ ٹی وی ۵؍نیوز کے مطابق کانگریس کو۵۴؍سے ۶۶؍اور بی جے پی کو۲۹؍سے ۳۹؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔نیوز ۲۴؍ ٹوڈے چانکیہ نے کانگریس کو ۵۷؍سیٹیں اور بی جے پی کو ۳۳؍سیٹیں دی ہیں۔ ٹائمس ناؤ۔ای ٹی جی نے بی جے پی کے لئے ۳۲؍ سے ۴۰؍ سیٹیں اور کانگریس کیلئے ۴۸؍سے ۵۶؍سیٹوں کی پیش گوئی کی۔
راجستھان میں بی جے پی کو فائدہ
کانگریس پارٹی کے اقتدار والی اس ریاست میںاگزٹ پول میں کانگریس کیلئے مبہم اشارے ہیں۔انڈیا ٹوڈے ایکسس مائی انڈیا نے کانگریس کو۸۶؍ سے ۱۰۶؍سیٹیں،بی جے پی کو ۸۰؍سے ۱۰۰؍سیٹیں ملنے کی پیشین گوئی کی ہے۔ٹی وی ۹؍بھارت ورش نے کانگریس کو ۹۰؍سے ۱۱۰؍ سیٹیں جبکہ بی جے پی کو۱۰۰؍سے ۱۱۰؍سیٹوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔سی این این نیوز ۱۸؍ میں بی جے پی کو ۱۱۱؍ اورکانگریس کو ۷۴؍ سیٹیں ،’جن کی بات‘ میںکانگریس کو ۶۲؍سے ۸۵؍سیٹیں جبکہ بی جے پی کو۱۰۰؍سے ۱۲۲؍سیٹیں ملنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ پول اسٹراٹ نے کانگریس کو۹۰؍سے ۱۰۰؍سیٹیں جبکہ بی جے پی کو ۱۰۰؍ سے۱۱۰؍سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ایم پی میں کانٹے کی ٹکر
ملک کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں واپسی کا خواب دیکھ رہی کانگریس کے لئے یہاں کانٹے کی ٹکر بتائی جارہی ہے۔انڈیا ٹوڈے چانکیہ نے کانگریس کو۷۴؍پلس جبکہ بی جے پی کے لئے ۱۵۱؍پلس سیٹیوں کی پیش گوئی کی ہے۔سی این ایکس اگزٹ پول نے بی جے پی کو ۱۴۰؍سے ۱۵۸؍ جبکہ کانگریس کو۷۰؍سے ۷۹؍سیٹیں دی ہیں۔ ٹائمس ناؤ۔ای ٹی جی نے بی جے پی کیلئے ۱۰۵؍ سے ۱۱۷؍سیٹیں جبکہ ایکسس مائی انڈیا نے ۱۴۰؍ سے ۱۶۲؍سیٹیں جبکہ کانگریس کو۶۸؍سے ۹۰؍ سیٹیں دی ہیں۔اگزٹ پول کے نتائج کانگریس کو مایوسی ہو سکتی ہے۔
تلنگانہ میں کانگریس کو فائدہ
اس ریاست میں کروائے گئے اگزٹ پول میں سے بیشتر میں کانگریس آسانی کے ساتھ اقتدار میں آرہی ہے۔’جن کی بات‘ نے کانگریس کو ۴۸؍ سے ۶۴؍سیٹیں جبکہ بی آر ایس کو۴۰؍سے ۵۵؍سیٹیں،بی جے پی کو۷؍سے ۱۳؍سیٹیں اور مجلس کوچار سے ۷؍سیٹیں دی ہیں۔ چانکیہ نے کانگریس کو۶۷؍سے۷۸؍سیٹیں،بی آر ایس کو ۲۲؍سے ۳۱؍سیٹیں،بی جے پی کو۶؍سے ۹؍ سیٹیں اور مجلس کو ۶؍سے ۷؍ سیٹیں ملنے کی پیش گوئی ہے۔سی این این نے کانگریس کو ۵۶؍،بی آر ایس کو ۴۸؍،بی جے پی کو ۱۰؍سیٹیں اور مجلس کوپانچ سیٹیں دی ہیں ۔انڈیا ٹی وی ،سی این ایکس نے ۳۱؍سے ۴۷؍سیٹیں کانگریس کو ، بی آر ایس کو ۶۳؍سے ۷۹؍سیٹیں ،بی جے پی کو ۲؍ اور مجلس نے ۵؍سے ۷؍سیٹیں دی ہیں۔
اگزٹ پول کیسے ہوتا ہے ؟
اگزٹ پول میں ایک سروے کیا جاتا ہے، جس میں ووٹرس سے کئی طرح کے سوالات پوچھے جاتے ہیں جن میں یہ سوال بھی شامل ہوتا ہے کہ انہوں نےکسے ووٹ دیا؟ یہ سروے صرف ووٹنگ کے دن ہوتا ہے۔ سروے ایجنسیوں کی ٹیمیں پولنگ بوتھ کے باہر ووٹرس سے سوالات کرتی ہیں اور پھر ان کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر انتخابی نتائج کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔