Updated: August 30, 2025, 5:22 PM IST
| New Delhi
وزیر صنعت گوئل نے کہا کہ اب تک کوئی بھی شعبہ نہیں رویا ہے۔ ہندوستان کی کل برآمدات گزشتہ مالی سال میں۹ء۸۲۴؍ بلین ڈالرس کی بلند ترین سطح کو چھو گئیں۔ گوئل نے کہا کہ حکومت جلد ہی برآمدات کو بڑھانے کے لیے بہت سے اقدامات کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے یورپی یونین سے ایف ٹی اے پر بات چیت جاری ہے۔
پیوش گوئل۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے وزیر تجارت پیوش گوئل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ٹیرف کے باوجود اس سال برآمدات پچھلے سال سے زیادہ ہوں گی۔ دہلی میں ایک تقریب کے دوران گوئل نے کہا کہ ہمیں اپنی برآمدی ٹوکری کو مزید بڑھانا ہوگاتاکہ کسی ایک ملک کے یکطرفہ فیصلے سے ہم پر کوئی اثر نہ پڑے۔ گوئل کو امید ہے کہ جی ایس ٹی اصلاحات سے گھریلو مانگ میں بھی اضافہ ہوگا۔ گوئل نے مزید کہا کہ آج تک کوئی بھی شعبہ نہیں رویا ہے۔ ہندوستان کی کل برآمدات گزشتہ مالی سال میں۹ء۸۲۴؍بلین ڈالرس کی بلند ترین سطح کو چھو گئیں۔ گوئل نے کہا کہ حکومت جلد ہی برآمدات کو بڑھانے کے لیے بہت سے اقدامات کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے یورپی یونین سے ایف ٹی اے پر بات چیت جاری ہے۔ قطر، نیوزی لینڈ، پیرو اور چلی کے ساتھ بھی جلد معاہدے کیے جائیں گے۔ فی الحال امریکی ٹیرف کی وجہ سے کوئی خاص تشویش نہیں ہے۔ مرکزی وزیر نے یہ باتیں راجدھانی دہلی میں بھارت بلڈکون کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
اس دوران انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ کسی بھی قسم کا امتیاز ہندوستان کے۴ء۱؍ بلین شہریوں کے اعتماد اور خود اعتمادی کو متاثر کرتا ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم نہ جھکیں گے اور نہ ہی کبھی کمزور نظر آئیں گے۔ ہم مل کر آگے بڑھتے رہیں گے اور نئی منڈیوں میں اپنی رسائی میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اس سال ہندوستان کی برآمدات گزشتہ سال سے زیادہ ہوں گی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ حکومت نے رواں مالی سال میں ایک ٹریلین ڈالرس کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اب تک کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جولائی ۲۰۲۵ء میں کل برآمدات۲۵ء۶۸؍ بلین ڈالر تھیں۔ یہ پچھلے سال کے اسی مہینے میں۳۱ء۶۵؍ بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔