• Thu, 11 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیشگی ضمانت کی درخواستوں پرہائی کورٹ کے طرز عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار

Updated: September 11, 2025, 1:10 PM IST | Agency | New Delhi

سپریم کورٹ نے سیشن کورٹ کو نظرانداز کرنے پر متنبہ کیا.

The Supreme Court has issued a notice to the Kerala High Court on the anticipatory bail issue. Photo: INN
سپریم کورٹ نے پیشگی ضمانت معاملے پر کیرالا ہائیکورٹ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ نے سیشن کورٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے پیشگی ضمانت کی درخواستوں پر براہ راست غور کرنے کے ہائی کورٹس کے طرز عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے اس  مسئلہ پر غور کرنے سے اتفاق کرتے ہوئے کیرالہ ہائی کورٹ کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے  کہ انڈین سول ڈیفنس کوڈ نے سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ دونوں کو پیشگی ضمانت کی درخواستوں پر غور کرنے کا یکساں اختیار دیا ہے، یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ صرف غیر معمولی صورتحال میں اور خاص وجوہات کی بناء پر ہی ایسے معاملات پر براہ راست غور کر سکتی ہے۔ عدالت نے ایک ایسے معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے جس میں درخواست گزاروں نے سیشن کورٹ سے رجوع کیے بغیر براہ راست کیرالہ ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا،کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر غور کرنے کے لیے براہ راست ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی حوصلہ افزائی یا اجازرت نہیں دی جانی چاہئے۔ 
 سپریم کورٹ  نے مزید کہا کہ اگر ہائی کورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر براہ راست غور کرنے کے عمل کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور متعلقہ فریقین کو پہلے متعلقہ سیشن کورٹ سے رجوع کرنے پر مجبور نہیں کیا جاتا ہے، تو ہائی کورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں کا سیلاب آجائے گا، جس سے افراتفری پھیل جائے گی۔
 عدالت نے مزید کہا کہ سیشن جج کسی مقدمہ کے حقائق کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں کیونکہ انہیں سرکاری وکیلوں کی براہ راست مدد اور کیس ڈائری تک فوری رسائی حاصل ہوتی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ کاموں کی تقسیم مزید سہولت فراہم کرے گی اور جلد نپٹانے کا باعث بنے گی۔ عدالت نے مزید کہاکہ صرف سیشن کورٹ کی طرف سے انکار کرنے کی صورت میں مدعی کو اس طرح کی ریلیف کے حصول کے لیے ہائی کورٹ جانے کی اجازت ہوگی اور ہائی کورٹ غیر معمولی حالات میں ہی براہ راست پیشگی ضمانت کی درخواست پر غور کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK