Inquilab Logo

فلسطینیوں کو اُن کے وطن کے حق سے محروم کردیا گیا ہے: وزیر خارجہ ایس جے شنکر

Updated: March 28, 2024, 2:06 PM IST | Kuala Lumpur:

ملائیشیاء کے دورے پر ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے وطن کے حق سے محروم کردیا گیا ہے۔ بین الاقوامی حقوق انسانی کو ملحوظ رکھنا ہر ملک اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ فلسطین اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔

S. Jaishankar. Photo: PTI.
ایس جے شنکر۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جنگ کے جواب میں اس بات کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ فلسطینی عوام کو اپنے وطن کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔جے شنکر، جو ملائیشیا کے دورے پر تھے، نے کہا کہ ’’اگرچہ حماس کا ۷؍ اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ دہشت گردی تھا لیکن اس کے جواب میں انسانی قانون کو مدنظر رکھا جانا چاہئے۔‘‘ ملائیشیا میں ہندوستانی کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’ہر ملک کے پاس اپنا جواز ہے اور ہر شخص کا اپنا ردعمل ہے لیکن بین الاقوامی انسانی قانون کو مدنظر رکھنا ہر ملک اور فرد کی ذمہ داری ہے۔‘‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’’حقیقت یہ ہے کہ مسئلہ کے حقوق اور غلطیاں کچھ بھی ہوں، بنیادی مسئلہ فلسطینیوں کے حقوق کا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ انہیں ان کے وطن سے محروم کر دیا گیا ہے۔‘‘ اکتوبر سے اسرائیل، غزہ پر مسلسل فضائی اور زمینی حملے کر رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق، حملوں میں تقریباً ۳۳؍ ہزار افراد جاں بحق، جن میں ۱۳؍ ہزار سے زائد بچے ہیں ہوئے ہیں جبکہ ۷۵؍ ہزار افراد زخمی ہیں۔ 
ہندوستان کا موقف
۲۰۱۴ء سے قبل تک ہندوستان ہمیشہ ہی سے فلسطین حامی رہا ہے اور اس نے ’’دو ریاستی حل‘‘ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اب بھی ہندوستان دو ریاستی حل پر زور دے رہا ہے۔ اسرائیل حماس جنگ شروع ہونے کے بعد وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ۱۲؍ اکتوبر کو کہا تھا کہ ’’ہندوستان نے ہمیشہ فلسطین کی ایک خودمختاراور قابل عمل ریاست کے قیام کیلئے محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر رہتے ہوئے، امن کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی بحالی کی وکالت کی ہے۔ ‘‘ یاد رہے کہ نومبر میں ہندوستان نے فلسطین میں اسرائیلی بستیوں کی مذمت کرنے والی اقوام متحدہ کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK