Inquilab Logo

سنیتا کیجریوال نےعام آدمی پارٹی کی کمان سنبھالی، دہلی میں روڈ شو کریں گی

Updated: April 27, 2024, 2:44 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ اگلے مرحلے میں دہلی کے علاوہ پنجاب، گجرات اور ہریانہ میں بھی ’آپ‘ اور ’انڈیا‘ اتحاد کیلئے انتخابی مہم چلائیں گی۔

Sunita Kejriwal. Photo: INN
سنیتا کیجریوال۔ تصویر: آئی این این

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی عدالتی تحویل بڑھتی جارہی ہے۔ اس دوران عام آدمی پارٹی نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت پارٹی کی باگ ڈور وزیراعلیٰ کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اپنے ہاتھ میں لینے والی ہیں۔ اس کا آغاز ایک روڈ شو سےہوگا جو سنیچر کو مشرقی دہلی سے ’آپ‘ کے امیدوار کلدیپ کمار کیلئے  ہوگا۔ایک عام تاثر یہی ہے کہ سنیتا کیجریوال کے میدان میں اُترنے سے عام آدمی پارٹی کے تئیں ہمدردی کی ایک لہر چلے گی اوراس کے امیدواروں کا فائدہ ہوگا۔ کلدیپ کمار نے روڈ شو کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ  سنیتا جی کا روڈ شو دہلی کےعوام سے حمایت اور آشیرواد لینے کیلئے  آج سے شروع ہوگا جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے ’جیل کا جواب ووٹ سے‘ کے نام سے ایک مہم بھی شروع کی ہے جس کا اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یرغمالوں کی واپسی تک لڑائی بند نہیں کریں گے: اسرائیل

دہلی لوک سبھا انتخابات میں سب سے کم عمر امیدوار کلدیپ کمار نے کہا کہ یہ انتخاب وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر جذبات اور غصے سے جڑا ہوا ہے۔ مشرقی دہلی سے پارٹی کے امیدوار اوردہلی کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کی غیرموجودگی میں دہلی کا الیکشن دہلی کے عوام لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بی جے پی کا مقابلہ عوام کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ  `دہلی کے لوگ ہمارے لئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں، وہی ریلی کررہے ہیں، وہی ووٹ مانگ رہے ہیں۔ اسلئے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ یہ الیکشن ’آپ‘ یا کلدیپ کمار نہیں بلکہ عوام لڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بنگال میں مودی کی ریلی سے’۴۰۰؍ پار‘ کا نعرہ غائب

’آپ‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کی بیوی سنیتا کیجریوال  پارٹی کی مہم کو آگے بڑھانے کیلئے آہستہ آہستہ بڑا کردار ادا کر رہی ہیں۔ دہلی کے وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کو متحد رکھنے کیلئےسنیتا کیجریوال ہی زیادہ موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی کا پارٹی کارکنوں پرمثبت اثر پڑا ہے۔ آئندہ کچھ دنوں میں  وہ دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ اور گجرات میں بھی انتخابی مہم چلائیں گی جہاں وہ اپنی پارٹی کے امیدواروں کے ساتھ ہی ’انڈیا‘ اتحاد کے امیدواروں کیلئے بھی ووٹ مانگیں گی۔
خیال رہے کہ سنیتا کیجریوال نے گزشتہ ماہ دہلی اور رانچی میں ’انڈیا‘ اتحاد کی میگا ریلیوں میں بھی شرکت کی تھی، جس میں حزب اختلاف کی حکومت والی ریاستوں کو ہراساں کرنے کیلئے مرکزی ایجنسیوں  کے غلط استعمال کیلئے اپوزیشن نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK