Inquilab Logo

ممبئی اور تھانے میں شدید گرمی،گرم لہروں سے عوام بےحال،زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں غیر معمول اضافہ

Updated: April 17, 2024, 9:14 AM IST | Agency | Mumbai

صبح۱۱؍ بجے سے شام۴؍ بجے تک گھر سے باہر نہ نکلنے کامشورہ، زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی اپیل، شدید ضرورت ہو تو احتیاط کے ساتھ باہر نکلنے کی ہدایت۔ آج کیلئے بھی ممبئی اورتھانے میں’ گرم لہروں‘ کا الرٹ۔

Youngsters and children are swimming at Jo Ho Beach to escape the heat.Photo: Inquilab, Syed Sameer Abdi
جو ہو بیچ پر نوجوان اور بچے گرمی سے بچنے کیلئے نہارہے ہیں۔ تصویر: انقلاب: سید سمیرعابدی

دو روز سےشدید گرمی محسوس کی جارہی ہے۔ ممبئی اور تھانے میں منگل کو بھی گرمی کی لہر جاری رہی۔ قبل ازیں محکمۂ موسمیات نے ممبئی، تھانے  اور دیگر ساحلی علاقوں میں درجۂ حرارت میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔  پیر سے ممبئی شہر اور مضافاتی علاقوں میں درجۂ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔  بدھ کیلئے بھی ممبئی اورتھانے میں’ گرم لہروں‘ کا الرٹ جاری کیا گیا۔ گزشتہ دنوں محکمہ موسمیات نےپیر سے  اوسط درجۂ حرارت میں۴ء۵؍ڈگری سیلسیس سے زائد اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔اس کے مطابق  زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۳۹-۳۷؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان رہتا لیکن منگل کو تھانے کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۳؍ ڈگری جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت ۲۸؍ ڈگری ریکار ڈ کیا گیا ہے جبکہ تھانے کے دیہی علاقوں میں باقاعدہ لو چلتی رہی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’کوئی اس بھروسے پر نہ رہے کہ ملک میں مودی کی لہر چل رہی ہے‘‘

اس کے مقابلے میں ممبئی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۰؍ ڈگری جبکہ کم ازکم درجۂ حرارت ۲۶؍ ڈگری ریکا رڈ کیاگیا۔ شہر میں شام تک گرم لہریں چلتی رہیں جس کے پیش نظر ایک بڑی تعداد چہرے پر رومال باندھے  ہوئےنظر آئی جبکہ خواتین اور لڑکیوں نے خود کو گرمی سے بچانے کیلئے دوپٹے اور اسکارف کا استعمال کیا۔ ایک بڑی تعداد کے ہاتھ میں چھتریاں بھی نظر آئیں۔ اسی طرح مشروبات کی دکانوں پر بھی بھیڑ رہی۔ عام دنوں کے مقابلے منگل کو ممبئی کے ساحلوں  پر نہا نے والے زیادہ  دکھائی دیئے۔  جو ہو، دادر ، بینڈ اسٹینڈ، اورحاجی علی  میں نوجوانوں اور بچوں نے سمندر میں نہا نے کا لطف لیا۔ 
شہریوں سے پانی پینے کی اپیل
بڑھتی ہوئی گرمی کے سبب محکمہ موسمیات نے  عوام سے  زیادہ سے زیادہ  پانی پینے کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ صبح۱۱؍ بجے سے شام۴؍ بجے تک گھر سے باہر نہ نکلنے کامشورہ دیاگیا ہے۔ اس کے مطابق اگر آپ کو شدید ضرورت ہو تواحتیاط کےساتھ ہی گھر سے نکلئے۔ ماہرین صحت  کے مطابق اس گرمی میں سر ڈھانپیں اور آنکھوں کی حفاظت کیلئے چشمے کا استعمال کریں۔
جون تک گرم لہروں کی پیش گوئی 
محکمۂ موسمیات نے اپریل کے دوسرے ہفتے سے  زیادہ زیادہ درجۂ حرارت میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔ بدھ کو محکمہ موسمیات نے اپریل سے جون  تک وقفے وقفے سےگرمی کی لہر چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK