• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنشن لینے والوں کیلئے آن لائن سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی سہولت

Updated: November 05, 2025, 10:25 AM IST | Saeed Ahmed Khan/Iqbal Ansari | Mumbai

اس تعلق سے ریلوے کی جانب سے۳۰؍نومبر تک خصوصی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سبکدوش ملازمین استفادہ کرسکیں.

Retired employees are required to submit life certificates in November every year. Photo: INN
سبکدوش ملازمین کو ہر سال نومبر میں لائف سرٹیفکیٹ جمع کرنا لازمی ہوتا ہے۔ تصویر: آئی این این
مختلف شعبوں میں پنشن حاصل کرنے والوں کے لئے آن لائن سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی سہولت فراہم کرائی جارہی ہے۔ اس تعلق سے ریلوے کی جانب سے۳۰؍نومبر تک خصوصی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ سبکدوش ملازمین استفادہ کرسکیں اور وہ گھر بیٹھے پنشن کے تعلق سے اپنا سرٹیفکیٹ وغیرہ جمع کرانے کےساتھ ضابطوں کی خانہ پُری کرسکیں۔ 
ریلوے میں۳۰؍نومبر تک مہم 
ریلوے کی جانب سے اس تعلق سے مہم شروع کی گئی ہے تاکہ سبکدوش ریلوے ملازمین کو آسانی ہو اور ان کی تربیت کی جاسکے۔ اس تعلق سے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’اینڈرائیڈ اور’ آئی او ایس‘ دونوں آلات پر دستیاب’لائف سرٹیفکیٹ‘ موبائل ایپ کا استعمال کرکے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ آسانی کے ساتھ فراہم کرانا ہے۔ اس کے لئےملازمین کو بیدار کرنے اور ان کو معلومات فراہم کرانے کی غرض سے نومبر کے اخیر تک ریلوے آفس، بینکوںاور اسپتالوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینار اور خصوصی نشستیں بھی کی جائیں گی۔‘‘انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’سبکدوش ملازمین کو ہر سال نومبر میں اپنا لائف سرٹیفکیٹ جمع کرنا لازمی ہوتا ہے۔ اسی لئے ملازمین کو بھاگ دوڑ سے بچانے کے لئے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے آن لائن جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ گزشتہ ۳؍ برس میں ریاست اور مرکزی حکومت کے شعبوں میں بڑی تعداد میں ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں۔ چونکہ ریلوے، سرکاری اداروں میں سب سے زیادہ ملازمین والا ادارہ ہے، اسی لئے اس جانب خاص توجہ دی جارہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کے تعلق سےکسی بھی مدد یا رہنمائی کے لئے قریبی ریلوے دفتر سے بھی رابطہ قائم کیا جاسکتاہے۔‘‘
پنشن حاصل کرنے والوں  نے کیاکہا؟
اس سلسلے میں بی ایم سی کے ایک سبکدوش ٹیچر نعیم عتیقی نے بتایاکہ ’’ لائف سرٹیفکیٹ نومبر سے ۵؍ مارچ سے قبل تک جمع کرنا ہوتا ہے۔ لائف سرٹیفکیٹ اسی بینک سے ملتا ہے جس میں پنشن اکاؤنٹ ہوتا ہے۔ گزشتہ ۲؍ برسوں سے ہمیں یہ سرٹیفکیٹ آف لائن: پنشن کے متعلقہ محکمہ میں ہارڈ کاپی جمع کرنے کے ساتھ ساتھ آن لائن یعنی ’جیون پرمان ‘ ویب پورٹل :
jeevanpramaan.gov.in
پر اپ لوڈ کرنے کو بھی کہاجارہا ہے ۔ آن لائن والا طریقہ دفتر میں جاکر دینے سے زیادہ آسان بھی ہے۔ایک اور سبکدوش معلم نسیم سرنے کہاکہ ’’ آن لائن کے علاوہ بی ایم سی کی جانب سے آف لائن تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت دی جاتی ہے ۔‘‘
آن لائن لائف سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے کا طریقہ 
(۱)اپنے اینڈرائڈ موبائل فون پر پلے اسٹور سے ’آدھار فیس آر ڈی‘ انسٹال کریں۔ 
(۲) پلے اسٹور سے ’جیون پرمان ایپ‘ انسٹال کریں۔
(۳) ’جیون پرمان ایپ‘ پر کلک کرنے پر  یہ کھل جائے گا۔
(۴) اس میں پوچھی گئی تمام معلومات کو پُر کریں۔ مثال کے طور پر: آدھار کارڈ نمبر،موبائل نمبر، ای میل آئی ڈی، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات وغیرہ۔
(۵)آدھار کارڈ کے مطابق پورا نام لکھنا ہے۔
 (۶) میونسپل کارپوریشن سے سبکدوش ملازمین میونسپل کارپوریشن کو پنشن تقسیم کرنے والی ایجنسی کے طور پر منتخب کریں۔
 (۷)پھر بڑی ’برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن‘ کو دوبارہ منتخب کریں۔
 (۸) اس دوران ایک مرتبہ او ٹی پی آپ کے موبائل فون پر آئے گا۔ اسے ایپ میں ڈالیں۔
 (۹)ایک سے دو مرتبہ آپ راضی ہے والا آپشن دو آئے گا... اس میں اتفاق کرتا ہوں پر نشان لگائیں اور رضامندی ظاہر کریں۔
(۱۰) پھر تمام معلومات ایک فارمیٹ میں ظاہر ہوں گی۔ اسے اچھی طرح چیک کر کے تصدیق کریں۔
(۱۱) تصویر/چہرے کو اسکین کرنے کیلئے ایک ونڈو نظر آئے گی۔ وہاں تصویر/چہرہ اسکین کریں... آنکھیں جھپکائیں۔ وہاں کچھ وقت لگ سکتا ہے... لیکن یہ ممکن ہے۔
 (۱۲)مذکورہ اسکین مکمل ہونے کے بعد ایک پیغام نمودار ہوگا جس میں لکھا ہوگا کہ ’کامیابی سے اسکین ہو گیا‘۔اس طرح سے لائف سرٹیفکیٹ بن جائے گا... پھر ایک لنک نظر آئے گا..اس میں’ جیون پرمان‘ آئی ڈی کے ساتھ آپ کی تصویر اور دیگر معلومات لائف سرٹیفکیٹ میں ظاہر ہوں گی۔ اسے ڈاؤن لوڈ کریں۔
(۱۳) پھر اسی دن یا۲،  ۳؍ دن کے بعد بی ایم سی کی طرف سے ایک میل جس میں کہا جائے گا کہ لائف سرٹیفکیٹ قبول کر لیا گیا ہے ،آپ کے فراہم کردہ میل پر آئے گااور یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK