Inquilab Logo

کبھی فرنویس نے کہا تھا کہ اشوک چوان لیڈر نہیں’ ڈیلر‘ ہیں، پھر اب انہیں پارٹی میں کیسے لے لیا

Updated: February 14, 2024, 9:40 AM IST | Agency | Shirdi

شیوسینا (ادھو) سربراہ ادھو ٹھاکرے ان دنوں مسلسل مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں وہ رائے گڑھ کے دورے پر تھے اب وہ شیرڈی پہنچے ہیں جہاں وہ ۲؍ دن تک مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کریں گے۔

Uddhav Thackeray was visiting different parts of that estate. Photo: INN
ادھو ٹھاکرے ریاست کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

شیوسینا (ادھو) سربراہ ادھو ٹھاکرے ان دنوں مسلسل مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں وہ رائے گڑھ کے دورے پر تھے اب وہ شیرڈی پہنچے ہیں جہاں وہ ۲؍ دن تک مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کریں گے۔  منگل کو سونائی علاقے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیوسینا سربراہ نے اپنی اس بات کو دہرایا جو وہ گزشتہ کئی ریلیوں میں کہہ چکے ہیں کہ ’’ آپ بدعنوانی کیجئے اور بی جے پی میں شامل ہو جائیے۔ مودی کی یہی گارنٹی ہے۔ ‘‘انہوں نے عوام کو جذباتی انداز میں مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ انہوں نے میری پارٹی چوری کر لی۔ میرا( انتخابی) نشان باقی نہیں رہنے دیا۔ اب میر ے پاس کچھ نہیں ہے۔ میں آپ کو کچھ نہیں دے سکتا ۔ اس کے باوجود آپ مجھے چاہتے ہیں۔  میںآپ کو اپنے اعتماد کے علاوہ کچھ نہیں دے سکتا۔‘‘ انہوں نے اسٹیج پر موجود مقامی رکن اسمبلی شنکر رائو گڈاخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ ’’گڈاخ سے ہماری اتنی قربت نہیں تھی۔ انہوں نے  ۲۰۱۹ء   میں آزاد امیدوار کے طور پرالیکشن لڑا تھا۔  پھر ہمارے ساتھ آ گئے۔ ہم نے انہیں وزیر بنایا۔ وہ بھی اگر غداروں ( شندے گروپ )کے ساتھ  چلے گئے ہوتے تو آج تک وزیر ہوتے لیکن وہ نہیں گئے۔‘‘ 
اشوک چوان کا تذکرہ کرتے ہوئے ادھو نے کہا’’ اب اشوک رائو گئے ہیں۔ کل تک ہمارے ساتھ تھے۔ ہمارے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ سیٹوں کی تقسیم پر تبادلۂ خیال کر رہے تھے اور آج اچانک ادھر  چلے گئے۔ ‘‘انہوں نے کہا ’’ مودی اور فرنویس نے اشوک چوان پر کیسے کیسے الزام لگائے تھے اس کی کلپ آپ کو سنجے رائوت نے دکھائی نہیں ہے شاید۔  مرکزی حکومت نے جو قرطاس ابیض جاری کیا ہے اس میں آدرش گھوٹالے کا بھی تذکرہ ہے۔ ‘‘ ادھو ٹھاکرے نے یاد دلایا کہ ’’ فرنویس نے کہا تھا کہ اشوک چوان لیڈر نہیں ڈیلر ہیں۔ پھر انہیں پارٹی میں کیسے لے لیا۔ جب عزت ہی نہیں ہے تو گھبرائیں گے کیوں؟‘‘
سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ’’ غالباً میں ملک کا پہلا وزیر اعلیٰ ہوں جس نے کسانوں کی قرض معافی کا حکم جاری کیا تھا۔ (موجودہ) وزیر اعلیٰ نے اب تک پنچنامہ کرنے کا حکم نہیں دیا ہے۔ اب تو خود تمہارا( حکومت کا) پنچ نامہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ہمارا ہندوتوا گھروں کے چولہے جلانے والا ہے۔ جبکہ نریندر مودی کا ہندوتوا گھر جلانے والا ہے۔  بدعنوانی کیجئے اور بی جے پی میں آجائیے۔ مودی کی یہی گارنٹی ہے۔ ‘‘انہوں نے فرنویس پر طنز کیا کہ ’’ فرنویس کا کہنا ہے کہ ہم نے فلٹر لگایا ہے۔ کیسا فلٹر لگایا ہے؟ ۷۰؍ ہزار رکروڑ روپے کا گھوٹالا کرنے والے کو نائب وزیر اعلیٰ بنا دیا ہے۔ اس سے بڑا کوئی گھوٹالا کرے گا تو اسے وزیر اعلیٰ بنا دیا جائے گا۔ کیا یہی بی جے پی کا ہندوتوا ہے ؟ ‘‘
  یاد رہے کہ اس سے قبل ادھو ٹھاکرے رائے گڑھ کے ۲؍ روزہ دورے پر تھے۔ شیرڈی کے بعد وہ اورنگ آباد جائیں گے۔ ان کی کوشش ہے کہ شیوسینا کی تقسیم کے بعد ووٹروں  میں پارٹی کے تعلق سے اعتماد  بحال کیا جائے۔ فی الحا ل یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ وہ اس میں کس حد تک کامیاب رہیں گے لیکن ان کے جلسوں  میں بڑے پیمانے پر بھیڑ اکٹھا ہو رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK