کریٹ سومیا کاپیدائش و اموات محکمہ پر بے ضابطگیوں کا الزام ،۴۰۰؍فرضی ڈیتھ سرٹیفکیٹ منسوخ ہوں گے۔
کریٹ سومیا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے-تصویر:آئی این این
بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ کریٹ سومیا نے بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے پیدائش و اموات رجسٹر یشن محکمہ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور مبینہ فرضی سرٹیفکیٹ گھوٹالے کا الزام عائد کرتے ہوئے محکمہ کے کام کاج پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ۱۰؍ ماہ کے دوران’ اصلاحات ‘کے نام پر تقریباً ۱۵۰۰؍ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے، جن میں سے ۴۰۰؍ ڈیتھ سرٹیفکیٹ فرضی پائے گئے ہیںجنہیں جلد منسوخ کیا جائے گا۔
کریٹ سومیا نے گزشتہ روز میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر پہنچ کر پیدائش و اموات رجسٹریشن محکمہ کے ریکارڈ اور نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی مہیش چوگھلے ، کارپوریشن میں بی جے پی گروپ لیڈر سنتوش شیٹی، سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ سومیا نے الزام لگایا کہ میونسپل حدود میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن کیلئے ایک ساتھ ۲؍ الگ الگ سسٹم چلائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پرانا سسٹم بند کئے جانے کے باوجود اس کا استعمال جاری رکھا گیا، جس سے ریکارڈ میں مبینہ ہیرا پھیری اور فرضی سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے امکانات پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی ہدایات کے باوجود اس معاملے میں شفافیت اختیار نہیں کی گئی جو سنگین بدعنوانی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر میں گزشتہ ۱۰؍ ماہ کے دوران تقریباً ۳؍لاکھ فرضی برتھ سرٹیفکیٹ منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ اس معاملے میں ۵۵؍ سے زائد مقامات پر مقدمات درج ہوئے جبکہ ۴۲؍شہروں میں تقریباً ۱۰؍ ہزار افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ سومیا کے مطابق اب ریاست بھر میں جعلی دستاویزات کے خلاف سخت مہم چلائی جا رہی ہے۔
سابق رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر انمول ساگر سے شکایت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق کمشنر نے ابتدائی سطح پر بے ضابطگیوں کو تسلیم کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر مکمل جانچ کرکے حقیقت سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دریں اثنا میونسپل کارپوریشن کی پیلی اسکول عمارت میں لگی آگ کے دوران اہم ریکارڈ جلنے کے معاملے پر بھی سومیا نے سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کی جانب سے اس واقعہ کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور جانچ مکمل ہونے کے بعد یہ واضح ہوگا کہ ریکارڈحادثاتی طور پر تباہ ہوئے یا اس کے پیچھے کوئی منظم سازش تھی۔