• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وانکھیڈے اسٹیڈیم میں لیونل میسی کودیکھ کر شائقین خوشی سے سرشار

Updated: December 15, 2025, 10:26 AM IST | Shahab Ansari / Ashwin Fero | Mumbai

ٹکٹ مہنگا ہونے کی وجہ سے بہت سے شیدائی اسٹیڈیم نہیں جاسکے۔ لیجنڈفٹ بالرکے ساتھ مشق کا موقع پانے والے ۶۰؍کھلاڑیوں میں ممبئی کے ایک اور ناگپور کے ۲؍ مسلم کھلاڑی بھی شامل

Selected youth players playing football with Lionel Messi at Wankhede Stadium. Fans are also seen. Picture: INN
وانکھیڈے اسٹیڈیم میں لیونل میسی کے ساتھ منتخب نوعمرکھلاڑی فٹ بال کھیلتے ہوئے۔ شائقین بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
لیجنڈ فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی کو دیکھنے کا ہزاروں شیدائیوں کا خواب اتوار کو شرمندۂ تعبیر ہوا۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں میسی کو  دیکھ کر وہ بے حد خوش نظر آئے ۔دریں اثناء پورے مہاراشٹر سے منتخب شدہ چند خوش قسمت نوعمر کھلاڑی ایسے بھی تھے جن کا میسی کے ساتھ فٹ بال کھیلنے کا خواب بھی پورا ہوا۔ ان میں پوری ریاست سے ۳؍ مسلم بچے بھی شامل تھے۔ 
سنیچر کو کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم اور پھر حیدرآباد میں میسی کے پروگرام میں بدنظمی کی وجہ سے ممبئی کے شائقین فکر مند تھے کہ کہیں ممبئی میں بھی ایسی بدنظمی نہ ہوجائے کہ ہزاروں روپے   خرچ کرنے کے باوجود میسی کو ٹھیک سے دیکھنے کا بھی موقع نہ ملے۔ تاہم کولکاتا سے سبق لیتے ہوئے ممبئی میں بہتر انتظامات کئے گئے تھے، حتیٰ کہ چرچ گیٹ اسٹیشن سے لے کر وانکھیڈے  اسٹیڈیم تک پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا تھا اور   سڑکوں پر میسی کی ٹی شرٹ کی نقل فروخت کرنے والوں کو بھی اسٹیڈیم سے دور ہی رکھا گیا تھا تاکہ بھیڑ بھاڑ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔   ٹکٹ مہنگے ہونے کے سبب بہت سے لوگ اسٹیڈیم نہ جاسکے۔
 
منتخب ہونے والے کھلاڑی حنظلہ انصاری۔ تصویر: آئی این این
اسٹیڈیم میں ۳۵؍ ہزار شائقین کے بیٹھنے کی جگہ ہے اور پورا اسٹیڈیم بھرا ہوا تھا۔ اسٹیڈیم کے اندر کولڈ ڈرنک کی بوتلیں ۱۰۰؍ روپے میں جبکہ سموسہ، پاپ کارن اور موموس ۲۰۰؍ روپے میں جبکہ پیزا ۳۰۰ ؍ روپے میں فروخت کیا جارہا تھا۔ میسی شام تقریباً پونے ۶؍ بجے لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال کے ہمراہ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں داخل ہوئے اور یہاں مکمل ایک گھنٹہ گزارا۔ اس دوران میسی، میسی کے نعرے لگتے رہے۔
واضح رہے کہ ’گریٹیسٹ آف آل ٹائم(گوٹ) انڈیا ٹور‘ کے تحت  لیونل میسی اتوار کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آئے   ۔ ان کی آمد سے چند ماہ قبل ’پروجیکٹ مہادیوا‘ کے تحت انڈر ۱۳؍ اور انڈر ۱۴؍     زمرے کے کھلاڑیوں کے انتخاب کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ مختلف مراحل میں ہزاروں کھلاڑیوں میں سے ایسے ۱۲۰؍ کھلاڑیوں کو پورے مہاراشٹر سے منتخب کیا گیا تھا جنہیں وانکھیڈے  میں میسی سے ملاقات اور مشق کا موقع دیا گیا۔ اتوار کو وانکھیڈے میں ان ۱۲۰؍ میں سے۶۰؍ (۳۰؍ لڑکوں اور ۳۰؍ لڑکیوں) کا پروجیکٹ مہادیوا کے تحت ۵؍ سالہ اسکالر شپ کیلئے انتخاب کیا گیا جن میں مدنپورہ سے متصل مومن پورہ سے تعلق رکھنے والے حنظلہ فرحان انصاری اور ناگپور سے تعلق رکھنے والے عبدالمنان اور مصعب جمال شامل ہیں۔حکومت مہاراشٹر نے نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کیلئے ’پروجیکٹ مہادیوا‘ کا اعلان کیا ہے جس میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو سرکار کی جانب سے ۵؍ سال کی اسکالر شپ دی جائے گی جس میں ان کی رہائش، تعلیم، طعام اور فٹ بال کی تربیت شامل ہوگی۔ اتوار کے پروگرام میں حنظلہ اس میں منتخب ہوگئے۔ اس تعلق سے وانکھیڈے میں موجود وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے لیونل میسی سے کہا تھا کہ وہ ان نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ دیں کیونکہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں ان میں سے کچھ کھلاڑی فیفا ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں۔
  حنظلہ مدنپورہ کے نیشنل پلیئر صابر انصاری کے نواسے اور نیشنل کھلاڑی اور کوچ ساجد اور ارشد کے بھانجے ہیں۔ اس نے فٹ بال کی بنیادی تربیت اپنے ماموں ساجد سے حاصل کرنا شروع کی تھی اور پھر وہ مدنپورہ کے محمد حسین پلے گرائونڈ (وائی ایم سی اے) میں فٹ بال کوچ سرفراز انصاری کی ٹیم ’ایلیون اسٹار‘ کیلئے کھیلنے لگا۔ یہاں سے اس کا انتخاب ممبئی میں فٹ بال کی مضبوط ترین ٹیموںمیں شمار ہونے والی ’ممبئی سٹی ایف سی‘ میں ہوگیا جہاں اس کے کھیل میں مزید نکھار آیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK