• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’گورکھپور میں بی جے پی کو ’ڈبل انجن‘ نہیں ’ڈبل زیرو‘ ملے گا‘‘

Updated: November 19, 2026, 12:49 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

اکھلیش یادو نےوزیراعلیٰ کے گڑھ میں اپنی خصوصی انتخابی بس ’پی ڈی اے رتھ‘ پر سوار ہو کر تقریباً۲۰؍ کلومیٹر طویل روڈ شو کیا، بی جے پی اور یوگی پر جم کر تنقید کی۔

Akhilesh claimed that if elections were held today, the BJP would be reduced to zero in Gorakhpur. Photo: INN
اکھلیش نے دعویٰ کیا کہ اگر آج الیکشن ہوجائے تو گورکھپور میں بی جے پی صفر پر سمٹ جائے گی۔ تصویر: آئی این این

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کےگڑھ گورکھپور میں بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر آج انتخابات ہو جائیں تو بی جے پی کو یہاں ’ڈبل انجن‘ نہیں بلکہ ’ڈبل زیرو‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورکھپور کی سڑکوں پر عوام کا جوش و خروش  ۲۰۲۷ء کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے بدلتے ہوئے سیاسی ماحول کا اشارہ دے رہا ہے۔

اکھلیش یادو نے گورکھپورمیں اپنی خصوصی انتخابی بس ’پی ڈی اے رتھ‘ پر سوار ہو کر تقریباً  ۲۰؍ کلومیٹر طویل روڈ شو کیا۔ اس دوران ضلع کی تمام ۹؍اسمبلی نشستوں اور مشرقی اتر پردیش کے دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں سماجوادی پارٹی کے کارکنان اور حامی شریک ہوئے۔روڈ شو کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ گورکھپور کے لوگوں کا جوش اور توانائی قابل ذکر ہے۔ اگر آج ہی ووٹنگ ہو جائے تو بی جے پی کو یہاں ڈبل زیرو مل سکتا ہے۔

بی جے پی کے ترقیاتی دعوؤںپر طنز کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہاکہ ’’گورکھپور آنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے یورپ پہنچ گیا ہوں۔ لگتا ہے اسپین اور وینس آ گیا ہوں۔‘‘ ان کا یہ بیان بی جے پی ایم پی روی کشن کے گورکھپور کو اسپین سے تشبیہ دینے والے سابقہ بیان کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے شہر میں پانی جمع ہونے اور میٹرو چلانے کے وعدوں پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا۔ اکھلیش نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش میں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ گورکھپور میں لکھنؤ کی طرح میٹرو چلے گی، لیکن بارش کے دوران لوگ میٹرو سے نہیں بلکہ کشتیوں سے سفر کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کانپور: رشتہ داروں کو ٹرین میں بٹھانے آئے ۱۳؍ افراد کو ۳۶؍ ہزار جرمانہ ادا کرنا پڑا

اکھلیش یادو نے چوری چورا کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مجاہد آزادی بابو بندھو سنگھ اور دیگر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پچھڑے، دلت اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے شہیدوں کو بھی یاد کیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گورکھپور میں بی جے پی کی گرفت کمزور ہو رہی ہے اور ضلع کی تمام ۹؍ اسمبلی نشستوں پر سماج وادی پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔ان کے مطابق متحدہ پی ڈی اے، بالادست طبقات کو شکست دے گا اور عوام کا پیغام ہے کہ اس بار تکبر کی شکست ہوگی۔

گورکھپور ایئرپورٹ سے شروع ہونے والے روڈ شو میں سماجوادی پارٹی کے کارکنان رتھ کے ساتھ دوڑتے ہوئے نظر آئے۔ پارٹی کے جھنڈے لہراتے ہوئے کارکنان نے اکھلیش یادو کے حق میں نعرے لگائے۔ہجوم میں ’ٹیپو اِز بیک‘ اور ’جین زی فیورٹ‘ جیسے پوسٹر بھی دکھائی دیئے۔ ڈی جے پر انتخابی گانے بجائے گئے، جن میں ’یوپی کے کونے کونے میں بھیّا جی کو جتانا ہے‘ اور ’۲۰۲۷ء میں اکھلیش آ رہے ہیں‘ شامل تھے۔کورا گھاٹ چوراہے کے قریب دو کرینوں کی مدد سے اٹھائی گئی ایک بڑی مالا سےاکھلیش یادو کا استقبال کیا گیا۔ وہ بس کا دروازہ کھول کر کارکنوں سے بات چیت کرتے بھی نظر آئے۔اکھلیش یادو تقریباً دوپہر ساڑھے بارہ بجے چارٹرڈ طیارے سے گورکھپور پہنچے، جہاں ایک ہزار سے زائد کارکنوں نے ڈھول نگاڑوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ وہاں کافی بھیڑ تھی۔ اس موقع پر چھ نوجوان پجاریوں نے ویدک منتر بھی پڑھے۔

بی جے پی کی بوکھلاہٹ، موریہ کی تنقید

اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکھلیش یادو کے گورکھپور روڈ شو پر متکبرانہ انداز میں تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی گورکھپور، سیفئی یا لکھنؤ کہیں بھی ریلی نکال لے، اس کی سیاسی قسمت تبدیل نہیں ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی کا مستقبل تاریک تھا، تاریک ہے اور تاریک ہی رہے گا۔‘‘ کیشو پرساد موریہ نے مزید کہا کہ سماجوادی پارٹی  ۲۰۴۷ءتک اترپردیش میں اقتدار میں واپسی کے صرف خواب ہی دیکھ سکتی ہے، لیکن ان خوابوں کو حقیقت میں تبدیل نہیں کر سکتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK