• Mon, 21 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ آسمانی، سلطانی بحران کے شکارکسانوں کو امداد دی جائے اور مکمل قرض معاف کیا جائے‘‘

Updated: September 21, 2026, 1:29 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai/Buldhana:

مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کا بلڈانہ دورہ، ناکافی بارش کے سبب نقصان سے دوچار ہونیوالے کسانوں سے ملاقات کی۔

Supkal sat in a field and listened to the farmers` woes. Photo: INN
سپکال نےایک کھیت میںیوں بیٹھ کر کسانوں کی بپتا سنی۔ تصویر: آئی این این

’’ گزشتہ۴۰؍ سے ۴۵؍ دنوں سے بارش نے پوری طرح رخ موڑ لیا ہے اور فصلیں سوکھ کر برباد ہوگئی ہیں۔ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہونے کے باوجود حکومت میٹنگوں اور مباحثوں کے نام پر وقت ضائع کر رہی ہے۔ کسانوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے حکومت آخر کس ’مبارک وقت‘ کا انتظار کر رہی ہے؟‘‘ یہ سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کیا ہے۔انہوں نے اتوار کو بلڈانہ ضلع میں کسانوں کے کھیتوں کا دورہ کرکے خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ’’ آسمانی اور سلطانی بحران سے دوچار کسانوں کیلئے ریاست کے ’سلطان‘ دیویندر فرنویس فوری امداد کا اعلان کریں۔ کسانوں کے بچوں کی تعلیمی فیس معاف کی جائے، فی ہیکٹر ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے اور مکمل قرض معافی کا اعلان کیا جائے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ناگپور میں اندورا-دیگھوری فلائی اوور کا افتتاح عمل میں آیا

سپکال نے یہ بھی کہا کہ کھیتی باڑی کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے اور کسان شدید بحران میں ہیں۔ بلڈانہ ضلع کے ایک نوجوان کسان نے اپنی۲۰؍ ایکڑ سویابین کی فصل تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کسان نے وزیراعلیٰ اور وزراء سے بھی جذباتی اپیل کی تھی کہ وہ اس کے کھیت کی صورتحال دیکھنے آئیں، لیکن کوئی بھی اس کسان کے کھیت تک نہیں پہنچا۔ وزیر زراعت بلڈانہ ضلع کے دورے پر تھے، لیکن وہ بھی اس کسان سے ملاقات کرنے نہیں پہنچے۔  سپکال نے کہا کہ ’’مہایوتی حکومت اندھی، بہری اور گونگی حکومت بن گئی ہے۔ کسان حکومت کی جانب امیدکی نگاہ سے دیکھتا ہے، لیکن اس حکومت کو کسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اس کسان کو تسلی دینا میرا فرض ہے، اسی لئے میں نے اس سے ملاقات کی۔‘‘  انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسانوں کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔ خشک سالی کے مسئلے پر بلائی گئی میٹنگ میں برسراقتدار پارٹی کے نمائندے کاجو اور بادام اڑاتے نظر آتے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ حکومت میں حساسیت باقی نہیں رہی ۔ کسانوں کو فوری امداد دلانے کیلئے کانگریس پارٹی  گاؤں گاؤں احتجاج کر رہی ہے۔ اگر حکومت نے فوری امداد کا اعلان نہیں کیا تو وزراء اور برسراقتدار پارٹی کے نمائندوںکو سڑکوں پر گھومنے نہیں دیا جائے گا۔

مہایوتی حکومت کی کسان قرض معافی مکمل طور پر دھوکہ ہے۔ بلڈانہ کے گاؤں میں قرض معافی کی پہلی فہرست میں صرف ۲؍ کسان کے نام تھے، جبکہ دوسری فہرست میں صرف ایک کسان کا نام شامل ہے۔ اسے محض۴۰؍ ہزار روپے کی قرض معافی ملی ہے۔کسانوں کی حالت قابلِ رحم ہے،میری اپیل ہےکہ وہ ان مشکل حالات میں حوصلہ نہ ہاریں۔
ہرش وردھن سپکال، مہاراشٹر کانگریس صدر

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK