• Mon, 21 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور میں اندورا-دیگھوری فلائی اوور کا افتتاح عمل میں آیا

Updated: September 21, 2026, 1:25 PM IST | Ali Imran | Nagpur

مخالفت کے باوجود اسے ہیڈگیوار کا نام دیا گیا،وزیراعلیٰ فرنویس، مرکزی وزیر گڈکری تقریب میں شریک ہوئے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

یہاں اندورا اور دیگھوری کے درمیان تعمیر فلائی اوور کا اتوار کوافتتاح کر دیا گیا ہے۔اس تقریب میں وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس ، مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، ریاستی وزیر چندر شیکھر باونکولے  و دیگر لیڈران و عوامی نمائندوں نے شرکت کی ۔ یہ شہر کا سب سے طویل فلائی اوور ہے اور اس کا نام راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پہلے سرسنگھ چالک ڈاکٹر کیشو بلی رام ہیڈگیوار کے نام پر رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایس ٹی کے بیڑے میں ۲۰۰؍ والوو بسوں کی شمولیت

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے دعویٰ کیا کہ اس فلائی اوور سے ناگپور کے باشندوں کا۴۰؍ سے۴۵؍ منٹ کا وقت بچ جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے ایندھن کی بچت اور آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ معلوم ہوکہ اندورا-دیگھوری ناگپور کا سب سے طویل فلائی اوور ہے، جس کی لمبائی تقریباً۸ء۹؍کلومیٹر ہے۔ اس منصوبے پر خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔ یہ فلائی اوور کمال چوک، ریشم باغ، شکردرہ، بھاندے پلاٹ اور دیگھوری ناکہ جیسے بڑے علاقوں کو جوڑتا ہے۔ اس سے اس راستے پر ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اندور اور دیگھوری کے درمیان سفر میں ٹریفک کی وجہ سے فی الحال تقریباً۳۰؍ منٹ لگتے ہیں۔ فلائی اوور کی تعمیر کے بعد یہ سفر۸؍ سے۹؍منٹ میں مکمل ہوگا۔ اس سے ڈرائیوروں کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی اور اس روٹ پر ٹریفک کو ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ فلائی اوور کا نام آر ایس ایس کے پہلے سرسنگھ چالک ڈاکٹر کیشو بالی رام پنت ہیڈگیوار کے نام پر رکھا گیا ہے اور کہا کہ یہ نام رکھنا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناگپور کی شناخت دِکشا بھومی، ریشم باغ، بھوسلے خاندان، گونڈ بادشاہوں اور شہر کے مختلف تاریخی ورثے سے جڑی ہوئی ہے۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی تاسیس کے صد سالہ جشن کی مناسبت سےاسے ڈاکٹر ہیڈگیوار سے موسوم کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:رائے گڑھ ضلع میں ڈینگو کا زور،ساڑھے ۸؍ ماہ میں ۴۰۰؍ مریض پائے گئے

فلائی اوور کو ڈاکٹر ہیڈگیوار سے موسوم کرنے کی مخالفت

یاد رہے اس فلائی اوور کا نام آر ایس ایس کے بانی ہیڈگیوار کے نام پر رکھنے کی مخالفت کانگریس کے علاوہ بہوجن سماج پارٹی نے کی تھی۔ ایک روز قبل بی ایس پی نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج درج کرایا تھا۔ بی ایس پی کا مطالبہ تھا کہ اس فلائی اوور کا نام بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یا سمراٹ اشوک کے نام پر رکھا جائے۔نام کا فیصلہ سماجی اور تاریخی ورثے کو دیکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔ جبکہ اس فیصلے کی مخالفت کی پاداش میں بی ایس ایس پی عہدیداران و کارکنان کے خلاف پولیس نے کارروائی اور کچھ دیر حراست میں رکھ کر انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK