• Thu, 26 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بے موسم بارش سے کئی اضلاع کے کسانوں کو زبردست نقصان

Updated: February 25, 2026, 10:45 PM IST | Solapur

ٹماٹر کی تیار فصل تباہ ،گیہوں، جوار اور چنے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ بدھ کو ۲۴؍ گھنٹے کے دوران ژالہ باری اور بارش کی پیش گوئی ۔کسانوں کا حکومت سےمالی امداد کا مطالبہ

Farmers have fallen into a severe financial crisis due to continuous losses. (File photo)
لگاتارنقصانات کے سبب کسان شدید مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔ (فائل فوٹو)

 ریاست میں موسم میں زبردست تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ ریاست کے کئی حصوں میں گزشتہ ۲؍ دن سے بے موسم  بارش ہو رہی ہے۔  ملک کےمحکمہ موسمیات نے بدھ کو یہ بڑی وارننگ   دی  تھی کہ  بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ملک اور ریاست میں گزشتہ چند دنوں سے موسم مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔ کبھی بارش ہوتی ہے، کبھی گرمی ہوتی ہے۔ موسم میں مسلسل اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں اس وقت موسلادھار بارش جاری ہے۔ ریاست کے کچھ حصوں میں بارش بھی ہو رہی ہے۔ ژالہ باری سے کسانوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔ 
 گزشتہ ۲؍ دن   ریاست کے کئی حصوں میں زبردست ژالہ باری ہوئی  ۔بدھ کو بھی  محکمہ موسمیات نے ژالہ باری کی  وارننگ دی  تھی۔ فروری  میں بھی  بارش  ہورہی  ہے  چند روز قبل ریاست میں موسلادھار بارش ہوئی تھی جس میں کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔   بے موسم بارش ایسے وقت ہوئی ہے جب ربیع کی فصل کسانوں کے ہاتھ میں  تھی۔وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ حصوں میں بدھ کوبے موسم بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا تھا ۔
  محکمہ موسمیات نے بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ژالہ باری کے ساتھ کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ جنوبی کرناٹک سے مراٹھواڑہ تک کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے۔ کیرالا کے ساحل پر سمندری طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ٹی وی نائن مراٹھی کی خبر کے مطابق چندر پور اور ایوت محل میں بجلی گرنے کے ساتھ بارش ہوگی۔پربھنی ضلع کے کچھ تعلقوں میں ہلکی ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی  جس کے بعد گیہوں، جوار اور چنے کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ پربھنی کے دیتھنا علاقے کے ایک چھوٹے کسان ہنومان کچچھاوے کو زبردست نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ اس علاقے میں ان کا تین ایکڑ جوار پلاٹ تباہ ہو گیا تھا۔ بیڑ ضلع میں بھی بارش سے کسانوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔
 بدھ کوریاست کے کئی حصوں میںمطلع ابر آلود رہا۔ اس کے ساتھ ہی ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیاتھا ۔ ضلع واشم کے رسود تعلقہ کے آسیگاؤں پین میںبے موسم بارش سے گجانن مہاراج یاترا میں افراتفری مچ گئی ہے۔ اچانک بارش کی وجہ سے یاترا میں خریداروں اور دکانداروں کی بہت زیادہ بھیڑہوگئی اور کئی دکانوں اور سامان کو نقصان پہنچا ہے۔
  ضلع شولاپور کے جنوبی تعلقہ میں بے موسم بارش اور تیز آندھی نے کھڑی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ مندرُوپ علاقے میں کٹائی کیلئے تیار ٹماٹر کی فصل مکمل طور پرتباہ ہو گئی جبکہ گیہوں، جوار اور چنے کی کھڑی فصلیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ کسانوں کے مطابق انہوں نے ٹماٹر کی کاشت پر تقریباً ۳۰؍ ہزار سے ۴۰؍ ہزار روپے تک خرچ کئے تھے اور انہیں ڈیڑھ لاکھ سے دو لاکھ روپے تک کی آمدنی کی امید تھی لیکن اچانک ہونے والی بارش نے پوری فصل تباہ کر دی جس سے منافع تو دور اصل سرمایہ بھی واپس ملنا مشکل ہو گیا ہے۔ 
 مقامی کسانوں نے بتایا کہ خریف سیزن میں پہلے ہی نقصان اٹھانا پڑا تھا اور اب ربیع کی فصل بھی بے وقت بارش کی نذر ہو گئی ہے۔ مسلسل نقصانات کے باعث کسان شدید مالی بحران کا  شکارہیں۔ 
 کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نقصانات کا پنچنامہ کیا جائے اور خاطر خواہ مالی امداد دی جائے تاکہ وہ دوبارہ  اپنے پیروں پرکھڑے ہو سکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK