معروف شیف وشنو منوہر نے۳۵۰۰؍ کلوگرام ’بوڑھی کا چیوڑا‘ تیار کیا جسے ’ورلڈ ریکارڈ بک آف انڈیا‘ میں جگہ ملی۔
EPAPER
Updated: October 28, 2026, 1:32 PM IST | Agency | Mumbai
معروف شیف وشنو منوہر نے۳۵۰۰؍ کلوگرام ’بوڑھی کا چیوڑا‘ تیار کیا جسے ’ورلڈ ریکارڈ بک آف انڈیا‘ میں جگہ ملی۔
ودربھ کے شہر ایوت محل کی مشہور روایتی سوغات ’بوڑھی کا چیوڑا‘ نے عالمی سطح پر شناخت حاصل کی ہے۔ ایس ایل فاؤنڈیشن کی پہل اور معروف شیف وشنو منوہر، پراجکتاپئے سمیت مختلف اداروں کے تعاون سے ۳۵۰۰؍ کلوگرام چیوڑا تیار کیا گیا، جسے ’ورلڈ ریکارڈ بک آف انڈیا‘ میں جگہ ملی۔ اس خصوصی مہم کے لیے تقریباً سو کارکنوں نے دن رات محنت کی۔ چیوڑا تیار کرنے کے لیے تقریباً ۱۵؍ ہزار لیٹر گنجائش والی دیوہیکل دیگچی استعمال کی گئی جو اس سے قبل ایودھیا میں مندر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر حلوہ تیار کرنے کے لیے استعمال ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ریاست کے ڈیڑھ کروڑ کسانوں کو فی کس ۵؍ ہزار روپےکی امداد دینےکاعمل شروع
’بوڑھی کا چیوڑا‘ کی روایت ۱۹۳۶ء میں انجانا بائی رام چندر بھوجاڑے نے شروع کی تھی۔ وقت کے ساتھ یہ چیوڑا ایوت محل کی منفرد شناخت بن گیا۔ اب ان کی چوتھی نسل کے اجئے اشوک بھوجاڑے اس کاروبار کو آگے بڑھا رہے ہیں اور آج بھی اس کے روایتی ذائقے کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ شیف وشنو منوہر نے اصل ترکیب اور تیاری کے روایتی طریقے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس چیوڑے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی پہل کی۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ ان کا ۳۵؍واں عالمی ریکارڈ ہے۔ اس موقع پر چیوڑا شہریوں، اسکولوں اور سماجی تنظیموں میں مفت تقسیم کیا گیا، تاہم شہریوں کی غیر معمولی بھیڑ کے باعث تقسیم کے انتظامات متاثر ہوئے اور کئی افراد اسے چکھنے سے محروم رہ گئے۔ یہ کامیابی ایوت محل کی تقریباً ۹۰؍سال پرانی لذت کام و دہن کی روایت کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔