نیند کی وجہ سے کار ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا جس کی وجہ سے کار دوسری لین میں چل رہی بس سے جا ٹکرائی۔
EPAPER
Updated: August 05, 2024, 11:20 AM IST | Inquilab News Network | Attawa
نیند کی وجہ سے کار ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا جس کی وجہ سے کار دوسری لین میں چل رہی بس سے جا ٹکرائی۔
یہاں لکھنؤ آگرہ ایکسپریس وے پر پیش آئے ایک بھیانک حادثہ میں کار اور بس آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں ۶؍ افراد کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ نیند کی وجہ سے ڈرائیور نے کار پر سے کنٹرول کھو دیا۔ جس کی وجہ سے کار بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے باعث دونوں گاڑیاں ایکسپریس وے کے قریب۲۰؍ فٹ نیچے گڑھے میں جا گریں جس کے نتیجے میں ۶؍ افراد کی موت ہوگئی۔ کچھ مسافر زخمی ہوئے ہیں ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بس رائے بریلی سے دہلی جا رہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے مسافروں کو بس سے باہر نکالا۔ حادثہ اٹاوہ کے اُسراہار تھانے کے تحت آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر چینل نمبر۱۲۹؍ کے قریب سنیچر کی دیر رات پیش آیا۔
یہ بھی پڑھئے:وائناڈ سانحہ میں متوفیوں کی تعداد ۳۶۵؍ ہوگئی
پولیس نے حادثے کے بارے میں کیا کہا؟
اٹاوہ کے ایس ایس پی سنجے کمار ورما نے کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رائے بریلی سے دہلی جانے والی بس ایک کار سے ٹکرا گئی۔ بس میں ۶۰؍ افراد سوار تھے۔ حادثے میں ۶؍ لوگوں کی موت ہو گئی اور تقریباً ۲۵؍ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے متوفیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو اطلاع کر دی ہے۔ متوفیوں میں ۵؍ کی شناخت ہوئی ہے جبکہ ایک کی شناخت نہیں ہو سکی۔ متوفیوں میں کار کے تین مسافر اور بس کے تین مسافر شامل ہیں۔