Inquilab Logo Happiest Places to Work

تہواروں کے سیزن میں ایف ڈی اے کی خصوصی مہم

Updated: August 30, 2025, 5:38 PM IST | Amarjeet Singh | Mumbai

۲۵؍اکتوبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران مٹھائی کی دکانوں کااچانک معائنہ کیا جائیگا۔ممبئی میں جاری گنیش اتسو اور آئندہ نوراتری، دسہرہ اور دیوالی کے تہواروں کے سیزن کے دوران کھانے میں ملاوٹ کی جانچ کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔

Sweets Shop.Photo:INN
مٹھائی کی دکان۔ تصویر:آئی این این

فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ممبئی میں جاری گنیش اتسو اور آئندہ نوراتری، دسہرہ اور دیوالی کے تہواروں کے سیزن کے دوران کھانے میں ملاوٹ کی جانچ کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔ ۱۱؍ اگست سے ۲۵؍اکتوبر تک جاری رہنے والی اس خصوصی مہم میں مٹھائی کی دکانوں، فرسان آؤٹ لیٹ، ڈیری مصنوعات بیچنے والوں اور ڈرائی فروٹ فروشوں کا اچانک معائنہ شامل ہے۔
 جوائنٹ کمشنر (فوڈ) منگیش مانے نے خبردار کیا ہے کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اب تک ایف ڈی اے کی ٹیموں نے ۴۲؍معائنے کئے ہیں اور تجزیہ کے لئے کھانے کے ۵۵؍نمونے جمع کئے ہیں۔ حالیہ چھاپوں کے دوران حکام نے انٹاپ ہل میں ۵۴؍ہزار۶۲۵؍ روپے مالیت کا ۲۱۸؍ کلوگرام غیر لیبل شدہ پنیر انلاگ (cheese analogue) تباہ کر دیا تاکہ اسے پنیر کے طور پر فروخت ہونے سے روکا جا سکے۔ 
کرائم برانچ کے ساتھ ایک دیگر مشترکہ کارروائی میں، دہیسر میں۲۹؍ہزار ۶۷۷؍روپے مالیت کا ۴۷۸؍ لیٹر ٹیمپرڈ دودھ ضبط کرکے اسے تباہ کیا گیا۔ چھاپوں کے علاوہ، ایف ڈی اے مٹھائی اور کویا( ماوا) بنانے والوں کے لئے گائیڈنس ورکشاپ بھی منعقد کر رہا ہے تاکہ صفائی، خام مال کا مناسب استعمال اور حفاظتی معیارات کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ کاروباری اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ استعمال شدہ تیل کو دوبارہ استعمال کرنے سے گریز کریں، خراب ہونے والی اشیاء کو صحیح درجہ حرارت پر ذخیرہ کریں، کارکنوں کا طبی معائنہ کروائیں اور FSSAI لائسنس نمبر کے ساتھ مناسب لیبلنگ کو یقینی بنائیں۔
ایف ڈی اے نے صارفین سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ مٹھائیاں یا ڈیری مصنوعات خریدنے سے پہلے بیچ نمبر، میعاد ختم ہونے کی تاریخ اور لائسنس کی تفصیلات کے لئے لیبل کی جانچ کریں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مٹھائیوں کو جلدی استعمال کریں اور بغیر لیبل والی یا مشکوک کھانے کی اشیاء خریدنے سے گریز کریں۔ شہری کھانے کے معیار سے متعلق شکایات ایف ڈی اے کی ٹول فری ہیلپ لائن ۱۸۰۰۲۲۲۳۶۵؍ پر درج کرا سکتے ہیں۔مانے نے مزید کہا کہ’’تہواروں کے سیزن کے دوران محفوظ کھانا یقینی بنانے کے لئے عوام کی فعال شرکت ضروری ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK