Inquilab Logo Happiest Places to Work

بے موسم بارش سے وائرل فیور میں اضافہ کا اندیشہ

Updated: May 19, 2025, 9:57 AM IST | Shahab Ansari | Mumabi

ڈاکٹروں کے مطابق ایسے موسم میں باہر کا کھانا کھانے سے اسہال اور دیگر بیماریاں ہوسکتی ہیں۔ شدید بارش کی وارننگ دوبارہ جاری۔

There is a fear that people will fall ill due to unseasonal rain. Photo: Setij Shinde
بے موسم بارش کے سبب لوگوں کے بیماریوں میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے۔ تصویر:ستیج شندے

 محکمہ موسمیات نے اتوار کو ایک بار پھر وارننگ جاری کرکے ممبئی، تھانے اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کا انتباہ دیا ہے۔شہر ومضافات میں بے موسم بارش کے پیش نظر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس   سے لوگوں میں وائرل انفیکشن بڑھ جاسکتا ہے ۔ اس دوران اسٹریٹ فوڈ اور باہر کا کھانا کھانے سے اسہال اوردیگر بیماریوں کا اندیشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔  ڈونگری میں   واقع کلینک میں ڈاکٹر عرفان مومن نے انقلاب کو بتایا کہ اس بے موسم برسات کی وجہ سے ملیریا اور وائرل انفیکشن کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق موسم میں اس اچانک تبدیلی سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے جس کی وجہ سے جلد سے متعلق اور گرمیوں سے ہونے والی دیگر بیماریوں سے لوگوں کو کافی حد تک نجات ملی ہے لیکن بے موسم برسات کی وجہ سے لوگ دیگر بیماریوں سے متاثر ہورہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بارش سے ہونے والی بیماریوں سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ پودوں کے گملوں میں اور گھر کے برتنوں میں جہاں تک ممکن ہو، روزانہ پانی تبدیل کریں اور ڈرم اور گھر یا سوسائٹی میں پانی کی بڑی ٹانکیاں جنہیں روزانہ خالی نہیں کیا جاسکتا ،انہیں ڈھانک کر رکھا جائے تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو اور ملیریا وغیرہ سے حفاظت ہوسکے۔
 بائیکلہ میں برسوں سے کلینک چلانے والے ڈاکٹر شاہد شیخ نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’بے موسم برسات ہونے سے لوگ اس سے حفاظت کی تیاریاں نہیں کرپاتے۔ عام طور پر لوگ موسم باراں سے قبل اپنی چھت وغیرہ کی مرمت کرواتے ہیں لیکن بے موسم بارش ہونے پر اس بات کا خدشہ ہوتا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے اسٹالوں یا دکان کی   چھت اگررستی ہے یا تیز ہوائوں یا کسی بھی دیگر وجہ سے گندہ پانی کھانے پینے کی اشیاء میں شامل ہوجاتا ہے تو اسے کھانے والے غذائی سمیت یا اسہال جیسی پیٹ کی   بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایسے وقت میں باہر کا کھانا کھانے سے خاص طورپر پرہیز کرنا چاہئے۔ مزید یہ کہ اگر زیادہ بارش ہو اور راستوں پر پانی بھر جائے تو اس میں چلنے سے لیپٹو اسپائروسس اور بارش سے ہونے والی دیگر بیماریاں ہونے کا ڈر رہتا ہے۔‘‘
دریں اثناء محکمہ موسمیات نے اتوار کو ایک بار پھر شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے ۔تاہم یہ سنیچر کو جاری کی گئی وارننگ سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔ اس میں بھی پیر کا دن چھوڑ کر جمعرات تک کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور ۱۹؍ مئی سے ۲۵؍ مئی کے درمیان ممبئی اور تھانے سمیت مہاراشٹر کے اکثر و بیشتر علاقوں میں گھن گرج اور تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سنیچر کو بھی وارننگ دی گئی تھی کہ متذکرہ وقفہ کے دوران ممبئی، تھانے اور دیگر مقامات پر گھن گرج کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔ البتہ اتوار کو بتایا گیا ہے کہ ہوائوں کی رفتار مزید بڑھ کر ۵۰؍ سے ۶۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ 
اگرچہ محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانے کیلئے اتوار کو بھی بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اس دن مطلع ابر آلود تھا لیکن بارش نہیں ہوئی البتہ اتوار کو سانتا کروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۴ء۲؍ ڈگری سیلسیئس اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۶ء۶؍ ڈگری سیلسیئس تھا۔ قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۳ء۵؍ ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۶ء۸؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ بارش کے سبب ممبئی کے کئی علاقوں میں فضائی آلودگی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اتوار کو اکثر و بیشتر علاقوں میں ’ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی)‘ ۱۰۰؍ کے نیچے چلا گیا تھا لیکن چند علاقوں میں اے کیو آئی انتہائی خراب زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔ 
اتوار کے روز سائن کا اے کیو آئی ۴۲۹؍ کے ساتھ انتہائی خراب زمرے میں تھا۔ اس کے بعد پوائی میں ۲۳۰؍ اور ورلی میں ۱۱۵؍ ریکارڈ کیا گیا۔ البتہ مضافات کے کرلا میں سب سے بہتر اے کیو آئی ۱۵؍ اور قلابہ میں ۱۷؍ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK